ذرا تصور کیجیے کہ آپ اپنی زندگی بھر کی کمائی میں سے کچھ رقم مستقبل کے لیے بچاتے ہیں، آپ چاہتے ہیں کہ یہ رقم حلال طریقے سے سرمایہ کاری میں لگے، سود اور غیر شرعی کاروبار سے محفوظ رہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد آپ کے کام آئے، تو لازمی بات ہے آپ ایک ایسے فنڈ کا انتخاب کریں گے جس کے نام کے ساتھ اسلامک اور شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کے الفاظ درج ہیں، پھر آپ مطمئن ہو جاتے ہیں کہ آپ کی رقم اسلامی اصولوں کے مطابق استعمال ہو رہی ہے لیکن کچھ عرصے بعد آپ کو یہ بات معلوم ہوتی ہے، کہ اسی فنڈ نے ایسی کمپنیوں میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جن کی بنائی ہوئی چیزیں، ٹیکنالوجی یا پارٹس اسرائیلی فوجی سسٹم سے جڑے ہوئے ہیں، جنہیں اسرائیلی فوج غزہ میں استعمال کر رہی تھی تو ایسی صورت میں آپ کا ردعمل کیا ہوگا؟
کیا صرف فنڈ کے نام کے ساتھ ’’اسلامک‘‘ لکھا ہونا کافی ہے؟ کیا یہ اس بات کی ضمانت ہے کہ آپ کی رقم شرعی اور اخلاقی اعتبار سے بھی درست جگہ لگائی جا رہی ہے؟ اور اگر سرمایہ کاری کی نگرانی کے لیے شریعہ کمیٹی موجود تھی تو پھر یہ سب کیسے ہوا؟
برطانیہ میں سامنے آنے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ نے اسلامی مالیات کی دنیا میں یہی سوالات اٹھائے ہیں۔ اس رپورٹ کے مرکز میں یورپ کے بڑے بینکوں میں شمار ہونے والا ایچ ایس بی سی اور اس کا اسلامک گلوبل ایکویٹی انڈیکس فنڈ ہے۔ آئیے، اس معاملے کی تہ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
الجزیرہ کی 19 اکتوبر 2026 کو شائع ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایچ ایس بی سی کے اس فنڈ نے 2026 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران پانچ ایسی کمپنیوں میں تقریباً 130.8 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جن کے اسرائیلی فوج کے ساتھ تجارتی یا تکنیکی روابط تھے۔ یہ رقم معمولی نہیں ہے، ہندوستانی روپے میں اس کی مالیت ہزاروں کروڑ روپے ہوتی ہے۔ اس فنڈ کے زیرِ انتظام اثاثوں کی مالیت آٹھ ارب ڈالر سے زیادہ بتائی گئی ہے، برطانیہ میں متعدد مسلمان اپنی پنشن اور ریٹائرمنٹ سیونگس کی انویسٹمنٹ کے لیے اس طرح کے شرعی فنڈز کا استعمال کرتے ہیں۔
یہاں ایک بات سمجھنا ضروری ہے کہ معاملہ محض کسی عام انویسٹمنٹ فنڈ کا نہیں بلکہ ایسے فنڈ کا ہے جو خود کو اسلامی مالیاتی اصولوں کے مطابق انویسٹمنٹ کرنے والا ادارہ کہتا ہے، اس لیے اس کے سرمایہ کاری کے فیصلوں سے متعلق سوالات کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق، فنڈ نے درج ذیل پانچ کمپنیوں میں انویسٹمنٹ کیا:
· پلینٹیر ٹیکنالوجیز: تقریباً 38.3 ملین ڈالر۔
· آر ٹی ایکس کارپوریشن: تقریباً 35.7 ملین ڈالر۔
· اینالاگ ڈیوائسز: تقریباً 20.3 ملین ڈالر۔
· ہنی ویل انٹرنیشنل: تقریباً 18.9 ملین ڈالر۔
· رولز رائس ہولڈنگز: تقریباً 17.6 ملین ڈالر۔
لیکن ان کمپنیوں کے ناموں اور اعداد و شمار سے زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ ان کے کاروبار اور اسرائیلی فوجی سسٹم کے درمیان کیا تعلق ہے اور اس تعلق کو انویسٹمنٹ کے شرعی جائزے میں کس حد تک ملحوظ رکھا گیا؟
سب سے پہلے بات کرتے ہیں پلینٹیر ٹیکنالوجیز کی: یہ امریکی کمپنی اے آئی، ڈیٹا اینالیسیس اور معلومات کو یکجا کرکے اس کی بنیاد پر فیصلے کرنے کے لیے سافٹ ویئر تیار کرتی ہے، بظاہر یہ ٹیکنالوجی کا کاروبار ہے، لیکن جدید جنگوں میں ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کس نوعیت کا ہوگیا ہے، یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ پلینٹیر نے جنوری 2024 میں اسرائیلی وزارتِ دفاع کے ساتھ ایک اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد جنگی کارروائیوں میں مدد دینے والی ٹیکنالوجی فراہم کرنا تھا، اقوام متحدہ کی جون 2025 کی رپورٹ میں بھی پلینٹیر کی ٹیکنالوجی اور اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے درمیان روابط پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
ایچ ایس بی سی کے فنڈ نے اس کمپنی میں تقریباً 38.3 ملین ڈالر لگائے، اب سوال یہ ہے کہ اگر کسی کمپنی کی ٹیکنالوجی فوجی اہداف کی شناخت اور جنگی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں استعمال ہوتی ہو، تو کیا اس کمپنی کو صرف ایک ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے ادارے کے طور پر دیکھنا کافی ہے؟
دوسری کمپنی آر ٹی ایکس کارپوریشن ہے، جسے پہلے ریتھیون کے نام سے جانا جاتا تھا۔ یہ دفاعی صنعت کی ایک بڑی امریکی کمپنی ہے جو میزائلوں اور فضائی دفاعی سسٹم سمیت متعدد فوجی مصنوعات تیار کرتی ہے، اس کے اسرائیلی دفاعی کمپنی رافائل کے ساتھ آئرن ڈوم کے تمیر انٹرسیپٹر میزائل اور ڈیوڈز سلنگ ڈفینس سسٹم میں پارٹنر شپس ہیں۔ اس کمپنی میں فنڈ کی سرمایہ کاری تقریباً 35.7 ملین ڈالر تھی۔
تیسری کمپنی اینالاگ ڈیوائسز ہے جو الیکٹرانک پارٹس تیار کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس کے تیار کردہ بعض پرزوں کا تعلق اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی ایلبٹ سسٹمز کے نگرانی کے آلات اور درست نشانہ لگانے والے سسٹمز سے جوڑا گیا ہے۔ اس کمپنی میں تقریباً 20.3 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔
چوتھی کمپنی ہنی ویل انٹرنیشنل ہے جو مختلف انڈسٹریل آلات اور ٹیکنالوجیز تیار کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ہنی ویل سے منسلک ایک گائیڈنس اور پیمائش کرنے والا یونٹ جون 2024 میں وسطی غزہ کے النصیرات کیمپ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام السردی اسکول پر حملے میں استعمال ہونے والے میزائل کے حوالے سے ہونے والی فرانزک تحقیقات میں سامنے آیا تھا۔ اس کمپنی میں فنڈ کی سرمایہ کاری تقریباً 18.9 ملین ڈالر تھی۔
پانچویں کمپنی رولز رائس ہولڈنگز ہے، اس سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کی ایک ذیلی کمپنی کے تیار کردہ انجن اور پروپلشن سسٹمز اسرائیلی فوج کے بعض ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں میں استعمال ہوتے ہیں اور اس کمپنی میں تقریباً 17.6 ملین ڈالر لگائے گئے۔
عام طور پر شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کرنے والے فنڈز کمپنیوں کی جانچ کے لیے مختلف معیار استعمال کرتے ہیں، جیسے کمپنی کے کاروبار کی نوعیت، سود سے حاصل ہونے والی آمدنی، قرض کی مقدار اور دیگر مالیاتی تناسب شامل ہوتے ہیں۔ مثلاً اگر کوئی کمپنی شراب، جوئے یا دوسرے ممنوع کاروبار سے وابستہ ہو تو اسے سرمایہ کاری کے لیے نا اہل قرار دیا جاتا ہے، اسی طرح کمپنی کے مالیاتی معاملات کو بھی مقررہ شرعی معیار پر پرکھا جاتا ہے، یہ عمومی طریقہ کار ہے۔ لیکن یہاں ایک بنیادی مسئلہ سامنے آتا ہے، وہ یہ کہ فرض کیجیے کہ ایک کمپنی کا بنیادی کاروبار الیکٹرانکس، مصنوعی ذہانت یا صنعتی آلات تیار کرنا ہے، اس کی آمدنی اور قرض کے تناسب بھی متعلقہ شرعی معیار پر پورے اترتے ہیں، لیکن اس کے تیار کردہ پرزے ایسے ہتھیاروں میں استعمال ہوتے ہیں جو جنگی کارروائیوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کا سبب بنتے ہیں تو کیا صرف کمپنی کے بنیادی کاروبار اور مالیاتی تناسب جو کہ عمومی طریقہ کار ہے اس کو دیکھنا کافی ہوگا یا اس بات کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے کہ کمپنی کی مصنوعات کس کو فروخت کی جاتی ہیں، ان کا استعمال کہاں ہوتا ہے اور ان کے انسانی نتائج کیا ہیں؟
الجزیرہ کی رپورٹ میں اسلامی مالیات کے ماہرین نے اسی فرق کی نشان دہی کی ہے۔ اسلامی مالیات کا مقصد صرف یہ نہیں ہے کہ سرمایہ کاری میں سود سے بچا جائے یا کمپنی کے قرض کی مقدار ایک مقررہ حد سے کم ہو بلکہ یہ بھی دیکھا جائے کہ اس سے انسانوں پر کیا نتائج برآمد ہوتے ہیں؟ کیوں کہ اسلامی تعلیمات میں عدل، امانت، انسانی جان کا تحفظ اور دوسروں کو نقصان پہنچانے سے اجتناب بھی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
قرآن مجید میں ارشاد ہوا ہے: ’’نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرو، اور گناہ اور زیادتی کے کاموں میں تعاون نہ کرو۔‘‘ (سورۃ المائدہ:۲)
اس آیت کی روشنی میں سرمایہ کاری کے اخلاقی پہلو پر غور کرنا ضروری ہے۔ اصل سوال یہی ہے کہ کیا شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کے موجودہ طریقوں میں ان تمام پہلوؤں کو مناسب اہمیت دی جا رہی ہے؟
اگر ایک کمپنی بنیادی طور پر ٹیکنالوجی تیار کرتی ہے لیکن اس کی ٹیکنالوجی کسی فوج کو جنگی کارروائیوں میں مدد دیتی ہے تو اس کے کاروبار کا شرعی جائزہ محض اس کے شعبے کے نام تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ اسی طرح اگر کسی صنعتی کمپنی کے پرزے ہتھیاروں میں استعمال ہوتے ہیں تو یہ جانچنا بھی ضروری ہے، کہ اس کا فوجی شعبے سے تعلق کس نوعیت کا ہے، اس میں کمپنی کی ذمہ داری کیا ہے اور اس کے علم میں مصنوعات کے استعمال کی کتنی تفصیلات ہیں۔
یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے: مالیاتی معیار پر پورا اترنا اور سرمایہ کاری کے تمام اخلاقی تقاضے پورے کرنا دو الگ باتیں ہیں۔ اسلامی مالیات کے ماہرین کے درمیان بھی اس موضوع پر مختلف آرا پائی جاتی ہیں، اس لیے کسی فنڈ یا کمپنی کے بارے میں حتمی شرعی فیصلہ کرنے سے پہلے مستند علما اور ماہرین کو تمام متعلقہ حقائق کا جائزہ لینا چاہیے۔
اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ایچ ایس بی سی پر بھی دباؤ بڑھا ہے، بینک کے ترجمان نے کہا کہ وہ سرمایہ کاروں کے خدشات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور آزاد ماہرین کے ساتھ مل کر فنڈ کے طریقہ کار اور سرمایہ کاری کے متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ برطانیہ کے پنشن اداروں نیسٹ اور پیپلز پنشن کی جانب سے بھی پلینٹیر کی فنڈ میں موجودگی پر سوالات اٹھائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ صرف چند کمپنیوں کے شیئرز خریدنے تک محدود نہیں رہا، بلکہ انویسٹرز کے اعتماد اور شرعی نگرانی کے نظام کی ساکھ بھی اس بحث کا حصہ بن گئی ہے۔
اب اس معاملے میں چند سوالات کے جواب ضروری ہیں۔
پہلا سوال: کیا فنڈ کی شریعہ کمیٹی کو ان کمپنیوں کے فوجی روابط اور مصنوعات کے استعمال کی مکمل معلومات فراہم کی گئی تھیں؟
دوسرا سوال: فنڈ کی سرمایہ کاری کے لیے کون سا شرعی معیار اختیار کیا گیا، اور کیا اس معیار میں دفاعی صنعت سے متعلق کمپنیوں کو خارج کرنے کی شرط موجود تھی؟
تیسرا سوال: اگر فنڈ کے قواعد میں ہتھیاروں اور دفاعی صنعت سے متعلق سرمایہ کاری پر پابندی یا مخصوص شرائط موجود تھیں تو پھر ان کمپنیوں میں سرمایہ کاری کس بنیاد پر کی گئی؟
چوتھا سوال: کیا فنڈ کے سرمایہ کاروں کو ان کمپنیوں کے متعلقہ روابط سے آگاہ کیا گیا تھا؟
اور پانچواں سوال: اگر جانچ کے موجودہ طریقۂ کار میں کوئی خامی سامنے آتی ہے، تو اس کی اصلاح کون کرے گا اور اس کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے؟
یہ محض نظریاتی سوالات نہیں ہیں، ان کے جوابات سے یہ طے کرنے میں مدد ملے گی کہ مسئلہ کسی مخصوص فنڈ کے طریقۂ کار میں ہے، کسی سرمایہ کاری کے معیار میں، یا اسلامی مالیات کے وسیع تر نظام میں اصلاح کی ضرورت ہے۔
اس پورے معاملے سے ایک اہم سبق یہ ملتا ہے کہ کسی مالیاتی ادارے کے نام کے ساتھ ’’اسلامک‘‘ یا ’’شریعت کے مطابق‘‘ لکھا ہونا سرمایہ کار کے اعتماد کی بنیاد ضرور بن سکتا ہے لیکن یہ اعتماد شفافیت، مؤثر نگرانی اور جواب دہی سے ہی برقرار رہتا ہے۔ اسلامی مالیاتی اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے سرمایہ کاری کے معیار واضح کریں، ان کی شرعی بنیادوں کی وضاحت کریں اور جہاں ممکن ہو وہاں کمپنیوں کے کاروباری روابط، مصنوعات کے استعمال اور انسانی اثرات کی جانچ بھی شامل کریں۔
شریعہ کمیٹیوں کی ذمہ داری بھی اہم ہے، ان کے فیصلوں کی بنیاد، اختیار کردہ معیار اور متعلقہ سرمایہ کاری کے جائزے کے طریقہ کار کو اس حد تک شفاف ہونا چاہیے کہ سرمایہ کار سمجھ سکیں کہ ان کی رقم کن اصولوں کے تحت لگائی جا رہی ہے، اسی طرح سرمایہ کاروں کو بھی محض کسی فنڈ کے نام یا تشہیری دعوے پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس کے شرعی معیار، سرمایہ کاری کی تفصیلات اور نگرانی کے پورے نظام کے بارے میں معلومات ہونی چاہئیں اور یہ بحث صرف ایچ ایس بی سی تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اسلامی مالیات سے وابستہ تمام اداروں کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سرمایہ کاری کے معیارات اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لینا چاہیے۔
"حلال سرمایہ کاری کا تصور صرف اس بات کا نام نہیں کہ ہمارا پیسہ کہاں لگایا گیا ہے بلکہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ وہ کن اصولوں کے تحت لگایا گیا ہے، اس سرمایہ کاری کے نتائج کیا ہو سکتے ہیں، اور اس کے بارے میں فیصلہ کرنے والے ادارے کس حد تک جواب دہ ہیں۔"
مسلمان اپنی محنت کی کمائی کو سود سے بچانے اور شرعی اصولوں کے مطابق استعمال کرنے کے لیے اسلامی مالیاتی اداروں پر اعتماد کرتے ہیں، اس اعتماد کو برقرار رکھنا ان اداروں کی عین ذمہ داری ہے، اگر سرمایہ کاروں کو یہ جاننے کے لیے تحقیقاتی رپورٹوں کا انتظار کرنا پڑے کہ ان کی بچت کن کمپنیوں میں لگائی گئی ہے تو شفافیت اور نگرانی کے موجودہ نظام کا ازسرنو جائزہ لینا ضروری ہو جاتا ہے کیونکہ اسلامی مالیات کی ساکھ صرف شرعی سرٹیفکیٹ سے قائم نہیں ہوتی؛ اس کے لیے دیانت دارانہ عمل، واضح اصول اور مؤثر جواب دہی بھی ضروری ہیں۔