اسلام کی حقیقی تصویر، اعتراضات اور پروپیگنڈے کا جواب، تاریخ کے روشن نقوش اور مکالمے و ہم آہنگی کا پیغام
مشترکہ تاریخ اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کرتا ہوا منفرد ایکسپو۔تاریخی دستاویزات، انٹرایکٹیو ماڈلز اور تھری ڈی ہولوگرام کا دلچسپ اور مؤثر استعمال
معاشرے نفرت سے نہیں بنتے بلکہ اعتماد سے بنتے ہیں، فاصلے تعصب سے بڑھتے ہیں جبکہ قربت مکالمے سے جنم لیتی ہے۔ مگر جب مذہبی و سماجی اختلافات کو باہمی کشیدگی کا ذریعہ بنادیا جائے اور غلط فہمیوں کو نفرت کے بیانیے میں ڈھال دیا جائے تو ہم آہنگی کی راہیں مسدود ہونے لگتی ہیں۔ ایسے ماحول میں جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد کے زیر اہتمام 30 اکتوبر تا یکم نومبر 2026 نمائش میدان، نامپلی میں منعقدہ تین روزہ ایکسپو ’بیونڈ دی ڈیوائیڈ: کاؤنٹرنگ ہیٹ، بلڈنگ ہارمنی‘ ایک منفرد و قابلِ توجہ کوشش بن کر سامنے آئی۔اس ایکسپو کا مقصد نفرت، تعصب اور اسلاموفوبیا پر مبنی پروپیگنڈے کا جواب دینا، اسلام کی حقیقی اور مستند تصویر پیش کرنا اور اسلام و مسلمانوں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو حقائق اور مکالمے کے ذریعے دور کرنا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ ہندوستان کی مشترکہ تاریخ اور تہذیبی ورثے کی خصوصیات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
ایکسپو کی نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ اسے محض روایتی نمائش کے انداز میں پیش کرنے کے بجائے معلوماتی مواد، تصویری پیش کش، جدید ٹیکنالوجی اور براہِ راست مکالمے کا ایک بامعنی امتزاج بنایا گیا تھا۔ استقبالیہ کے بعد پہلی گیلری ’خوف سے فہم تک‘ کے عنوان سے قائم کی گئی تھی جہاں اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں، خدشات اور پروپیگنڈے کو حقائق کی روشنی میں سمجھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس کے بعد مختلف موضوعات پر مشتمل گیلریاں تھیں جن میں ہر ایک اپنے مخصوص موضوع اور زاویہ نظر سے زائرین کی معلومات میں اضافہ کرتی تھی۔ ہر گیلری میں تقریباً پچاس معلوماتی پینلوں کے ذریعے تصاویر، حقائق اور مختصر توضیحات کی مدد سے موضوعات کو دلچسپ اور عام فہم انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ کہیں اسلام کی بنیادی تعلیمات، پیغامِ رسالت، خواتین کے حقوق، مذہبی رواداری اور خاندانی نظام کو موضوع بنایا گیا تھا تو کہیں ہندوستان کی مشترکہ تاریخ اور مسلمانوں کی علمی و تہذیبی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ آخری گیلری ’خدمت میں ساتھ ساتھ‘ میں جماعت اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد کی سماجی، تعلیمی، طبی اور دیگر میدانوں میں انجام دی جانے والی وسیع خدمات و سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا گیا تھا۔ اس کی خاص بات یہ تھی کہ ان خدمات کا دائرہ مذہب و ملت کی تفریق سے بالاتر تھا۔
نمائش میں اسلام، جہاد، دہشت گردی، خواتین کے حقوق اور مذہبی رواداری جیسے موضوعات پر معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور منفی تصورات کو بھی مدلل انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ ’لو جہاد‘ اور ’پاپولیشن جہاد‘ جیسی گڑھی ہوئی اصطلاحات کے حوالے سے پھیلائے جانے والے جھوٹے دعوؤں کو معلوماتی مواد اور انٹرایکٹو انداز میں عوام کے سامنے رکھا گیا تاکہ زائرین خود ان کا جائزہ لیں، سوالات کریں اور حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرسکیں۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں رحمت، عدل، مساوات، خدمتِ خلق اور انسانی وقار کو حاصل اہمیت بھی مختلف پریزنٹیشنز کے ذریعے واضح کی گئی۔
اس ایکسپو کا ایک نمایاں پہلو اس کا مکالماتی انداز تھا۔ منتظمین نے محض معلومات فراہم کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ زائرین کو سوالات کرنے، اپنے شکوک و شبہات بیان کرنے اور براہِ راست گفتگو کے ذریعے غلط فہمیوں کو دور کرنے کا موقع بھی دیا۔ اس مقصد کے لیے دعوتی میدان میں سرگرم عمل جماعت کے کارکنوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ مختلف زبانوں اور سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے زائرین کے ساتھ ان کی گفتگو نے نمائش کو محض دیکھنے کی سرگرمی کے بجائے ایک بامعنی تعاملی تجربہ بنادیا۔
جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے بھی زائرین کی توجہ حاصل کی۔ تاریخی دستاویزات، انٹرایکٹیو ماڈلز اور تھری ڈی ہولوگرام کے ذریعے مختلف موضوعات کو دلچسپ اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔تین روزہ ایکسپو میں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا، نوجوانوں، خواتین، مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خاص طور پر نئی نسل کی دلچسپی نمایاں رہی۔ زائرین نے مختلف گیلریوں کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ سوالات کیے اور موضوعات کو سمجھنے کی کوشش کی۔
وسیع و عریض نمائش گاہ میں آٹھ موضوعاتی گیلریاں نہایت سلیقے سے آراستہ کی گئی تھیں۔ ہر گیلری اپنے الگ موضوع اور پیشکش کے انداز کے ساتھ زائرین کو ایک نئے فکری و معلوماتی سفر پر لے جاتی تھی۔ نمائش گاہ کے آخری حصے میں مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ نماز گاہوں کا انتظام تھا، جب کہ اس سے متصل ایک جداگانہ گوشے میں فوڈ کورٹ قائم کیا گیا تھا، جہاں کھانے پینے کی مختلف اشیا کے اسٹالز زائرین کی توجہ حاصل کررہے تھے۔ اسی حصے میں ملبوسات، زیورات، آرائش و زیبائش اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔ یوں یہ اہتمام محض ایک معلوماتی نمائش تک محدود نہیں تھا، بلکہ زائرین کی سہولت اور دلچسپی کے مختلف پہلوؤں کو بھی اپنے اندر سموئے ہوئے تھا۔ منتظمین کے مطابق نمائش کو عوام کی جانب سے غیر معمولی ردعمل حاصل ہوا اور ہزاروں افراد نے اس سے استفادہ کیا۔ اس ایکسپو کے پیچھے کئی ماہ کی تیاری، منصوبہ بندی اور محنت کارفرما تھی۔
ایکسپو کے چار اہم سیشن
 ہم آہنگی کی روح، تاریخ کے اسباق، مکالمے کی روایت اور پیام انسانیت
ایکسپو کی آٹھ گیلریوں میں جہاں معلومات، تاریخی حقائق اور بصری مواد کے ذریعے نفرت اور غلط فہمیوں کا جواب دینے کی کوشش کی گئی، وہیں اس کے چار اہم سیشنوں نے ان موضوعات کو فکری اور عملی بنیاد فراہم کی۔ افتتاحی تقریب، بین المذاہب کانفرنس، تاریخ پر نشست اور اختتامی اجلاس—ہر موقع پر اس بات کو واضح کیا گیا کہ سماجی ہم آہنگی محض ایک خوش نما تصور نہیں، بلکہ باہمی احترام، مکالمے، تاریخی شعور اور مشترکہ ذمہ داری سے جڑی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔
ایکسپو کا افتتاح 30 اکتوبر کی شام نمائش میدان، نامپلی میں منعقدہ تقریب کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے امیر جناب محمد اظہرالدین کے علاوہ تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، ایم ایل سی پروفیسر کودنڈارام، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ڈاکٹر پریانکا ورگھیز، امومت سوسائٹی کی جنرل سکریٹری خالدہ پروین، بھارتیہ سرو دھرم سنسد کے قومی کنوینر گوسوامی سشیل جی مہاراج سمیت مختلف مذاہب کے رہنما، سیاسی و سماجی شخصیات، دانش ور، کارکنان، خواتین اور نوجوان موجود تھے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی اور سماجی تنوع کو اختلاف اور تقسیم کا سبب بنانے کے بجائے اسے معاشرے کی قوت میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ نفرت، تعصب اور غلط فہمیوں کا مقابلہ باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ ایکسپو کے کنوینر طارق منیر نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نمائش کا مشاہدہ کریں اور اس کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
31 اکتوبر کی شام منعقدہ بین المذاہب کانفرنس میں مختلف مذاہب کے رہنما ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہوئے۔ اس نشست میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر، شری سی ایس رنگاراجن، ریورنڈ فادر سمالا ماریانا مائیکل، ڈاکٹر سردار سجن سنگھ، بھکشو بدھاسپالا، گوسوامی سشیل جی مہاراج، ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر شری رویداس واگھمارے اور مہاسوامی کورنیشور نے اپنے خیالات پیش کیے۔ مقررین نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ ہندوستان کی تاریخ اور تہذیب مختلف مذاہب، زبانوں اور روایات کے باہمی اشتراک سے تشکیل پائی ہے۔ مذاہب کی بنیادی تعلیمات میں امن، محبت، خدمت، عدل، سچائی اور ہمدردی جیسی مشترکہ انسانی اقدار موجود ہیں؛ معاشرے میں بدگمانی اور تصادم کی بڑی وجہ ایک دوسرے کے بارے میں لاعلمی اور مذہب کا غلط استعمال ہے۔
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے اپنی تقریر میں کہا کہ مکالمے اور ایک دوسرے سے واقفیت کا فقدان معاشرے میں دوریاں اور بدگمانیاں پیدا کرتا ہے۔ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا، ایک دوسرے کو سننا اور سمجھنا سماجی اتحاد کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔ امیر حلقہ تلنگانہ محمد اظہرالدین نے کہا کہ ایکسپو کا مقصد غلط فہمیوں کو دور کرکے ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ ڈاکٹر محمد مبشر احمد، ناظم شہر حیدرآباد نے بھی اس بات پر زور دیا کہ مذہبی اختلافات کے باوجود احترام اور انسانیت کی بنیاد پر ایک پُرامن اور متحد معاشرہ تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ تلگو مترجمِ قرآن جناب محمد عزیز الرحمن نے محبت، ہمدردی، خدمت، عدل اور باہمی احترام کو مذاہب کا مشترکہ پیغام قرار دیا۔
یکم نومبر کو تاریخ کے موضوع پر منعقدہ نشست میں ماضی کے واقعات کو ان کے اصل تاریخی پس منظر میں سمجھنے کی ضرورت اجاگر کی گئی۔ ڈاکٹر فہیم الدین احمد رکن مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند اور پروفیسر بھانگیا بھوکیا سمیت مقررین نے ہندوستان کی تاریخ میں مسلم حکم رانوں، علما، دانش وروں اور فن کاروں کے علمی، تعلیمی، تہذیبی اور معاشی کردار پر گفتگو کی۔ اس ضمن میں مغل دور کے ہندوستان کی معاشی و تجارتی حیثیت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس زمانے میں ہندوستان دنیا کے بڑے پیداواری مراکز میں شمار ہوتا تھا اور اس کی خوش حالی نے یورپی تاجروں کو یہاں آنے کی طرف راغب کیا، جن میں سے بعض بعد میں حکم راں بن بیٹھے۔
نشست میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تاریخ کو چند منفی واقعات تک محدود کر دینا اور اس کے مثبت پہلوؤں کو نظرانداز کرنا تاریخی حقائق کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انتظامی نظام، فن تعمیر، تعلیم، ادب، فنونِ لطیفہ اور سائنسی علوم کے فروغ میں مسلمانوں کی خدمات کو بھی ان کے تاریخی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ پروفیسر بھانگیا بھوکیا نے اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی کہ ’’تاریخ لکھنا دراصل سیاست ہے۔‘‘ ان کے اس نکتے سے یہ بحث مزید واضح ہوئی کہ تاریخ کے انتخاب، تعبیر اور پیش کش میں بھی ایک زاویۂ نظر کارفرما ہوتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ماضی کے واقعات کو ان کے اپنے عہد کے سماجی، سیاسی اور تہذیبی حالات میں سمجھنا چاہیے؛ انہیں آج کے پیمانوں سے پرکھنے سے تاریخ کا درست مفہوم مسخ ہوسکتا ہے۔
ایکسپو کے اختتامی اجلاس میں ان مباحث کو عملی زندگی اور مستقبل کی ذمہ داریوں سے جوڑا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر، امیر حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین، معاون امیر حلقہ صادق احمد، ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر اکنوری مرلی، ناظم شہر حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد اور ایکسپو کے کنوینر طارق منیر نے اظہار خیال کیا۔ سابق امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان، سٹی سکریٹریز مرزا اعظم علی بیگ، سلطان محی الدین، سید محمد عبدالقادر ناصر اور عبدالماجد ذاکر، ارکانِ شوریٰ، امرائے مقامی اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین موجود تھے۔
پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے موجودہ سماجی تقسیم اور بداعتمادی کے ماحول میں پُرامن بقائے باہمی، باہمی احترام اور اتحاد کی اہمیت واضح کی۔ محمد اظہرالدین نے کہا کہ ذات پات، مذہب اور ثقافت کا تنوع رکاوٹ نہیں بلکہ ایک دوسرے کو سمجھنے اور معاشرے کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہونا چاہیے۔ صادق احمد نے کہا کہ اسلام انسانوں کو جوڑنے کی تعلیم دیتا ہے جبکہ تنازعات کی اصل وجہ مذہب کو نہ سمجھنا یا اس کا غلط استعمال ہے۔ انہوں نے نفرت پھیلانے والوں کو معاشرے کا دشمن قرار دیتے ہوئے باہمی احترام اور ہم آہنگی پر زور دیا۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر اکنوری مرلی نے مذہبی ہم آہنگی، باہمی افہام و تفہیم اور آئینی اقدار کے فروغ میں اس نوعیت کے پروگرام کی ستائش کی۔
ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے اپنے خطاب میں نفرت کے موجودہ ماحول میں مسلمانوں کے لائحہ عمل کے لیے چار اصول پیش کیے: مایوسی کے بجائے امید، اشتعال کے بجائے حکمت، خاموش تماشائی بننے کے بجائے ذمہ دار شہری بننے اور ردعمل کی سیاست کے بجائے تعمیری جدوجہد۔ انہوں نے کہا کہ نفرت یا ناانصافی کا جواب جذباتی ردعمل، غیر مصدقہ اطلاعات اور اشتعال انگیز بیانات سے نہیں بلکہ تحقیق، قانونی راستوں اور پُرامن اجتماعی کوششوں سے دیا جانا چاہیے۔ مسلمانوں کو ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ دیگر طبقات سے روابط بڑھانے، اسلام کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے، نوجوانوں کو اس مشن سے جوڑنے اور نفرت کے مقابلے میں مثبت بیانیہ تشکیل دینے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہماری جنم بھومی اور کرم بھومی ہے؛ اس لیے ملک میں نفرت کے خاتمے، امن و اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے دیگر طبقات کے تعاون سے مسلسل کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
ایکسپو کے کنوینر طارق منیر نے کہا کہ تین روزہ نمائش اختتام پذیر ضرور ہوگئی ہے، لیکن اس کے ذریعے پیش کیا گیا پیغام موجودہ سماجی حالات میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ہندوستان کی کثیر مذہبی اور تہذیبی شناخت مختلف طبقات کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس مشترکہ تاریخ کو سمجھنا ماضی کی غلط فہمیوں کے ازالے کے ساتھ ایک مساوات پر مبنی، پُرامن اور ہم آہنگ مستقبل کی تعمیر کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
یوں یہ تین روزہ ایکسپو مذہبی و سماجی تقسیم سے بالاتر ہوکر خوش گوار تعلقات، باہمی افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے سماج میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک بامعنی کوشش بن کر سامنے آئی۔ اس کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ نفرت کا مقابلہ محض نعروں اور دعوؤں سے نہیں بلکہ مستند معلومات، تاریخی شعور، کھلے مکالمے اور عملی تعاون سے کیا جاسکتا ہے۔ آٹھ گیلریوں اور چار اہم نشستوں کا حاصل بھی یہی تھا کہ کسی مذہب یا طبقے کے بارے میں قائم شدہ تصورات کو بلا تحقیق قبول کرنے کے بجائے حقائق کو جانا جائے، سوالات اٹھائے جائیں اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ اختلافات اور مذہبی تنوع کے باوجود انسان باہم مل جل کر رہ سکتے ہیں اور ایک بہتر، منصفانہ اور پُرامن معاشرے کی تعمیر میں اپنا مشترکہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔