یونیورسٹی انتظامیہ طلبا کے چہرے اور وابستگیاں دیکھ کر بھید بھاؤ والا برتاؤ کرتی ہے!
شرارتی و نفرتی گروہوں کے اندازوں کو نظر انداز نہ کیا جائے!
جامعہ ٹیچروں نے نفرتی ٹولے کے فتنہ پرور پروپیگنڈے کے سامنے طلبا کو تنہا چھوڑ دیا؟
جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) میں طلبا یونین کی بحالی اور جامعہ انتظامیہ کی طرف سے انتخابات کی تاریخ اور ڈیڈ لائن جاری کرنے کی خبر سے پورے ملک، خصوصا مسلم کمیونٹی نے خوشی و اطمینان محسوس کیا۔ اس طرح انتخابات کے لیے جاری 18 روزہ احتجاج اور بھوک ہڑتال اکتوبر 2026 کے آخر میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبا کے مطالبات منظور کرنے کے بعد ختم کر دی گئی ہے۔ یونیورسٹی رجسٹرار کے ایک حکم نامے کے مطابق، جامعہ ملیہ اسلامیہ اسٹوڈنٹس یونین کے آئین کو منظوری دینے اور نافذ کرنے کا عمل 15 مئی 2027 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ آئین کی منظوری کے بعد انتخابات کے لیے حتمی نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ اس کے مطابق پورا انتخابی عمل لنگدوہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق تعلیمی سیشن شروع ہونے کے چھ ہفتوں کے اندر مکمل کیا جائے گا، جس کے لیے 16 جولائی 2027 کی تاریخ طے کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے احتجاج میں شامل طلبہ کے خلاف جاری کردہ تمام شوکاز نوٹس واپس لینے اور ان کے خلاف کی گئی تادیبی کارروائیوں جیسے معطلی، اخراج یا کیمپس میں داخلے کی پابندی کے احکامات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی مظاہرے کو ناکام بنانے کے لیے یونیورسٹی نے تمام کلاسوں کو آن لائن کرنے کا جو علان کیا تھا اسے بھی واپس لے لیا ہے۔ اب تدریس کا سارا کام پہلے کی طرح بالمشافہ (آف لائن) ہی یوگا۔
یونین کی بحالی، ایک بڑی کامیابی جس طرح ہندوستان نے رات کے بارہ بجے اپنی آزادی کا تاریخی اعلان کیا تھا، ٹھیک اسی پہر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے حوصلہ مند طلبا نے بھی اپنی انتھک جدوجہد سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ گزشتہ شب جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا نے بھی اپنی جرات مندانہ جدوجہد کے آگے جھکتے ہوئےانتظامیہ کو طلبا کے مطالبات تسلیم کرنے پڑے اور اسے بیس سال بعد یہاں طلبا یونین بحال کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ ساتھ ہی کلاسز کو آن لائن کرنے کا غیر دانش مندانہ فیصلہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس کامیابی پر تمام اہل جامعہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔! جامعہ کی تاریخ اس لحاظ سے بڑی شاندار ہے کہ اس نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف تاریخی کامیابیاں درج کی ہیں۔ موجودہ ملکی حالات میں، جہاں حکومت طاقت کے بل پر طلبا اور نوجوانوں کی آواز دبا رہی ہے، یہ فتح انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ کامیابی اس خوف کو توڑتی ہے جو حکومت جامعہ اور علی گڑھ جیسے تعلیمی اداروں اور دوسرے ملی اداروں میں مداخلت کی شکل میں قائم رکھنا چاہتی ہے۔
اندازوں اور پروپگنڈے کی دنیا شاید دور سے اندازہ لگا کر من چاہے نتیجے نکالنے والے یہ نتیجہ نکالیں کہ جامعہ کے طلبا نے محض شور و غل اور ہنگامہ خیز مظاہروں کے بل پر جامعہ انتظامیہ کو اپنے سامنے جھکنے پر مجبور کیا ہے اور اس میں ان کے مطالبے کی معقولیت یا ان کی تحریک کی مقصدیت کا کوئی دخل نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے صرف کچھ لوگوں کی اشتعال انگیز سیاست تھی جس نے جامعہ کے طلبا کو اس حد تک بھڑ کا دیا تھا۔اندازے تو اندازے ہوتے ہیں ان سے کسی واقعے کے گرد جھوٹ کی باڑ تو تراشی جا سکتی پر سچ کی بنیادیں کبھی تعمیر نہیں ہوتیں۔ ان اندازوں سے نہ تو کسی کی جدوجہد کا تجزیہ ممکن ہے اور نہ ہی ان سے کسی تحریک کے اثرات ٹالے جا سکتے ہیں۔ طلبا کے جائز مطالبات کے خلاف اس طرح کی منفی اور من گھڑت بات کے محرکات شاید انہیں سمجھ میں نہ آئیں جو فسطائی پروپیگنڈا نظام کے فتنوں سے اچھی طرح واقف نہیں ہیں،لیکن جامعہ انتظامیہ اور اسی طرح اے ایم ہو اور جے این یو جیسی جامعات میں موجودہ حکومت کی تعینات کردہ ان کی من پسند انتظامیہ نے حکومت کی خوشنودی میں ادھر چند سالوں سے طلبا کی بے چینی کو سمجھنے کے بجائے ان پر جو زیادتیاں کی ہیں اور ان یونیورسٹیوں کی روایات اور ان کی اعلی اقدار کو جس طرح کچلا ہے اس کو جائز ٹھیرانے کے لیے یہی حالیہ دنوں میں یہی سوچا سمجھا منفی پروپیگنڈا استعمال ہورہا ہے۔
ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ فی الحال ان بڑی یونیورسٹیوں میں حکومت وہی کر رہی جو وہ تعلیمی نظام اور الیکشن کمیشن میں کرپشن کے خلاف مظاہرہ کرنے والے ملک کے عام طلبا اور نوجوانوں کے خلاف دلی کے جنتر منتر یا ملک کے دوسرے حصوں میں اس وقت سے برابر کرتی آرہی ہے۔ جب سے اس کے خلاف جولائی 2026 سے طلبائی احتجاج کی لہر اٹھی ہے، وہ چاہتی ہے ان یونیورسٹیوں میں حکومت مخالف مظاہروں کو دبانے کے لیے وہی غیر جمہوری طریقے اختیار کیے جائیں جنہیں وہ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مدد سے مخالف سیاست دانوں اور عام طلبہ مظاہرین کے خلاف آزماتی آ رہی ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں ان بڑی یونیورسٹیوں میں جو پے در پے واقعات ظاہر ہوئے ہیں وہ اس بات کے گواہ ہیں کہ وائس چانسلر سمیت ان اداروں کی انتظامیہ سے جڑے بیشتر ذمہ داران تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبا کے حقوق پر توجہ دینے کی بجائے حکومت میں بیٹھے اپنے آقاؤں کے سیاسی اور فرقہ وارانہ مفادات کے حصول کے لیے زیادہ سرگرم رہے ہیں۔ میرے نزدیک ان اداروں میں طلبا کی موجودہ بے چینی ان کے اسی رویے کا نتیجہ ہے۔ چنانچہ وہ اس کرپٹ اور داغ دار حکومتی نظم کی رعایت میں اور ان کے اشاروں پر طلبہ کے ساتھ بڑی سے بڑی زیادتیاں بھی کر گزرنے سے باز نہیں آتے۔ ان کے اس طرز عمل سے اعلی روایات کے حامل یہ باوقار ادارے بھلے پیچھے چلے جائیں لیکن ان کی اپنی ترقی و کامیابی یقینی بن جاتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کے اس رویے میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آ جاتی اور یونیورسٹیوں میں نا اہل اور پٹھو وائس چانسلروں کی تعیناتی کا سلسلہ بند نہیں ہوتا۔ ایسے نظام میں جب طلبا خود کو پوری طرح بے بس اور ٹھگا ہوا محسوس کرتے ہیں تو ان کے پاس ان یونیورسٹیوں کی بے ضمیر انتظامیہ اور بکے ہوئے وائس چانسلروں کے فیصلوں اور ان کے بے رحم رویے کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہ جاتا۔ جب تک ہم ایک مخصوص ٹولے کے منفی پروپیگنڈوں اور یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کی ملمع کاریوں سے متاثر ہوئے بغیر وہاں رونما ہونے والے واقعات اور موجودہ حالات کو اس خاص پس منظر میں نہیں دیکھیں گے ہم صحیح نتیجے تک کبھی نہیں پہنچ سکتے۔ افسوس کہ آج کل جامعہ و علی گڑھ کا بھی یہی حال ہے اور ہمیں وہاں طلبا کے حالیہ مظاہروں کو ہر طرح کے تحفظات کی عینک اتار کر اس ننگی حقیقت کی روشنی میں دیکھنا چاہیے۔ چونکہ میں بھی اسی نظام میں ایک استاذ کے طور سے اپنا فریضہ برسوں سے ادا کر رہا ہوں اس لیے میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ پانی کہاں مر رہا ہے اور ارباب اقتدار کی اپنی سیاسی ترجیحات اور معاشی مفادات نے ان یونیورسٹیوں کے تعلیمی و ثقافتی نظام کو کتنا کھوکھلا کردیا ہے۔ آج کل دلی سے اتر پردیش تک ان یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کس قدر مفلوج اور حکومتی چشم و ابرو پر رقص کناں ہے اسے آپ اس ایک مثال سے بھی سمجھ سکتے ہیں: مثلا ہم آئے دن اس چیز کا مشاہدہ کھلی آنکھوں سے کرتے ہیں کہ ان بڑی جامعات کی انتظامیہ طلبا کے چہرے اور ان کی فکری وابستگیاں دیکھ کر ان کے ساتھ بالعموم ٹھیک ویسا ہی امتیازی اور بھید بھاؤ والا برتاؤ کرتی ہے جس طرح ہم جنتر منتر پر دلی پولس کو حالیہ مظاہرین کے ساتھ کرتے دیکھ رہے ہیں۔ ہوتا یہ ہے کہ اگر مظاہرین کی وابستگیاں مسلمان، لیفٹ (کمیونسٹ) یا سیکولر اور اپوزیشن گروہ سے ہوتی ہیں تو پولیس والے انہیں کچلنے میں تمام حدیں پار کر جاتے ہے، یہاں تک کہ وہ ان پر پیلٹ گن چلانے سے بھی نہیں چوکتے، لیکن اگر یہی گروہ بی جے پی آر ایس ایس کے سنگھی ٹولے سے تعلق رکھتا ہے یا ان سے قریب یا ان کا ہم نوا ہے تو اسے ہر قسم کی غنڈہ گردی اور غیر قانونی سرگرمیاں انجام دینے کی پوری چھوٹ ہوتی ہے۔ کیا جنتر منتر اور کیا یونیورسٹیاں ہر جگہ حکومت اور اس کے بھیجے ہوئے منتظمین کی ایک ہی داستان ہے جس کا سر عنوان ہے ڈکٹیٹر نما حکم رانوں کی غیر مشروط غلامی، چاہے اس کے لیے ساری انسانی و اخلاقی قدریں داؤ پر ہی کیوں نہ لگ جائیں۔ جو لوگ دور کے تماشائی ہیں ان کے لیے ان تلخ حقائق کو سمجھنا اس وقت تک بہت مشکل ہوگا جب تک ان کے اندر ساری کڑیوں کو جوڑ کر نتیجہ نکالنے کا شعور نہیں ہوگا، اس لیے کہ جھوٹ اور پروپیگنڈا ہی موجودہ حکومت و انتظامیہ کا سب سے بڑا ہتھیار ہے جس کی وجہ سے ہم ننگی حقیقتوں کو بھی نہیں دیکھ پاتے۔ جو لوگ اپنے سیاسی مخالفین اور ملک کے مسلمانوں کو مقتل تک پہنچانے کی خواہش رکھتے ہیں ان کے لیے یہ منفی اندازے اور جھوٹے تخمینے اس لحاظ سے سب سے زیادہ کام کی چیز ہوتے ہیں کہ وہ اپنے اگلے منصوبوں اور جھوٹے دعوؤں پر عمل کرنے کے لیے اکثر انھیں اندازوں اور مصنوعی تخمینوں پر انحصار کرتے ہیں۔
آپ سوچیں گے بھلا کسی واقعے سے متعلق ایک بیانیہ اتنا غیر حقیقی کیسے ہو سکتا ہے کہ معصوم طلبا کی طرف سے اپنے جائز مطالبات کے لیے کیے جانے والے مظاہروں میں باہری ہاتھ ہونے کا شوشہ چھوڑ کے یونیورسٹی انتظامیہ کو طلبا کے ساتھ تمام قسم کی زیادتیاں کرنے کی چھوٹ دے دی جائے۔ لیکن یہ ایک کڑوا سچ ہے جس کا عملی مشاہدہ آج کل اس ملک میں ہم برابر کر رہے ہیں۔ سے ٹی ایس اور ایس ٹی ایف جیسے تفتیشی ادارے اپنا سیاسی ہدف پورا کرنے کے لیے ان جھوٹے تخمینوں کو ہی بنیاد بنا کر اور ان پر مبنی اپنے بیانات میڈیا میں وائرل کرتے ہیں۔ چند دنوں قبل مسلم طلبا اور ڈاکٹروں کو نشانہ بنانے کے لیے "غیر قانونی کنورژن" کی ایک نئی کہانی کے جی اہم ہو، لکھنؤ کے حوالے سے عام کی جارہی ہے۔ اس لیے شرارتی و نفرتی گروہوں کے اندازوں کو نظر انداز کرنا یا ان سے غافل رہنا اور ان کے شب خوں کو بروقت ناکام بنانے کی کوئی سنجیدہ تدبیر نہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ کیونکہ یہ لاپرواہی کبھی کبھی ملک کے عام ووٹروں کو ووٹر لسٹ سے غائب کیے جانے کے بارے میں الیکشن کمیشن کے نئے کلمہ توجیہ "منطقی جھول" کی طرح اپنے حقوق سے غافل شہریوں کے لیے جان لیوا بھی بن سکتی ہے۔ مثلا ہم یہ جانتے ہیں کہ جامعہ کے طلبا نے طلبہ یونین کی بحالی اور دوسرے مسائل سے متعلق اپنے جائز مطالبات کے لیے پر امن مظاہرے کا سہارا لیا، نیز انہوں نے علی گڑھ کی پیروی کرتے ہوئے کس طرح انتہائی صبر، تحمل اور سمجھداری کے ساتھ اپنی پر امن تحریک جاری رکھی، اسے نہ تو مقصد سے بھٹکنے دیا اور نہ ہی ہمارے ملی اداروں کے ساتھ کھیل کھیلنے والے عناصر کو کوئی موقع دیا جو جامعہ و علی گڑھ کے وجود پر کرگسوں کی طرح نظریں گاڑے رہتے ہیں۔ ان کی اس بیدار نگاہی اور ثابت قدمی کا ہی پھل ہے جو انہیں طلبہ یونین کی بحالی کے فیصلے کی شکل میں ملا ہے۔ لیکن افسوس کہ چند روزہ ملازمت کے خیال میں ان جامعات کے بیشتر یا سبھی اساتذہ، جیسا کہ اطلاع ہے، طلبا اور ان کے مسائل سے مکمل طور سے کنارہ کش رہے۔ یہ روش تعلیمی، اخلاقی یا سماجی کسی پیمانے سے بھی اچھی علامت نہیں ہے۔ سب کچھ جانتے ہوئے بھی نفرتی ٹولے کے فتنہ پرور پروپیگنڈے کے سامنے طلبا کو تنہا چھوڑ دینا اور عام لوگوں خصوصا اساتذہ کا خاموش بیٹھنا ہرگز دانش مندی نہیں ہے، اور اس وقت جب چڑیوں کا جھنڈ تیزی سے کھیت چگ رہا ہے ایسا کرنا اور زیادہ قابل تشویش ہے۔ اس لیے ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے بلکہ آگے بڑھ کر اپنی بزدلانہ خاموشی توڑیں اور حالات بدلنے میں اپنا اپنا رول ادا کریں، کچھ نہ کر سکیں تو کم سے کم انتظامیہ کے ان اقدامات کا ہرگز ساتھ نہ دیں جو غلط ہیں اور جن سے ان یونیورسٹیوں کا وقار ہی نہیں ان کا مستقبل بھی داؤ پر لگتا ہے۔ اس کے علاوہ اصل حقیقت کو اعلان عام کی طرح ملک کے ہر کونے میں پہنچانا چاہیے تاکہ ملت کے بد خواہوں، سنگھی فتنہ پردازوں اور ان کے ایجنٹوں کی سب کے سامنے قلعی کھلے اور آئندہ ہمارے طالب علم رہنماؤں یا کسی بھی طالب علم پر فرضی الزامات کے زور پر عمر خالد و شرجیل امام کی طرح ہاتھ ڈالنا ان کے لیے آسان نہ ہو۔
زمانے کو بتائیے کہ ان مظاہروں کے درمیان اپنے گھروں سے بہت دور جامعہ کے نوجوان طلبا اور طالبات اپنا حق پانے کے لیے کس طرح بھوک ہڑتال کی کٹھن منزل سے گزرے، کس طرح اپنے والدین کے یہ لاڈلے رات میں ویران سڑکوں اور سونی گلیوں میں بھوکے پیاسے بھٹکتے رہے۔ کس طرح انہوں نے ایک بڑے مقصد کے لیے اپنا کریئر ہی نہیں اپنی جانوں کو بھی داؤ پر لگایا۔ کوئی ان کی قربانیوں کو یاد رکھے نہ رکھے لیکن جامعہ کی تاریخ اسے ہمیشہ یاد رکھے گی، وہ یہ بھی یاد رکھے گی کہ کس طرح اپنی ماؤں کا آنچل چھوڑ کر اس مادر علمی کو اپنی ماں بنانے والی بچیاں پر امن مظاہرے میں شامل ہونے کی پاداش میں ہاسٹل سے بے دخل ہوکر در بدر پھرنے پر مجبور ہوئیں، کتنے ہی طلبا بھوک ہڑتال سے بیمار و لاغر ہوئے، کتنے ہیں جنہوں نے با ٹھکانہ ہوکر بھی مستقبل میں جامعہ کا رخ کرنے والے اپنے بھائی بہنوں کی خاطر اور مستقبل کے ستاروں کی راہ ہموار کرنے کی خاطر بے ٹھکانہ ہونا پسند کیا۔ ان کے اپنے وائس چانسلر اور ان کی اپنی جامعہ کے منتظمین ان کے ساتھ دشمنوں کی طرح پیش آئے مگر وہ تب بھی اپنی منزل سے سر مو منحرف نہیں ہوئے۔
اہل ملک کو یہ بھی بتائیے کہ ہمارے پر امن طلبا نے ان اٹھارہ دنوں میں بہت کچھ سہا ہے، اتنا سہا اور اتنا سنا ہے جتنا اس عمر کے لوگ کم ہی سہ پاتے ہیں۔ کمال ہے مخالف ہواؤں کے متواتر تھپیڑوں کے باوجود نہ تو انہوں نے کبھی صبر کا دامن چھوڑا اور نہ ہی اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتا کیا۔ یہی ہے ان طلبا کی کامیابی کا اصل راز۔ قربانی کا یہ جذبہ شاید انھیں جامعہ کی اس زریں روایت سے ملا ہے جس کے سوتے مولانا محمود الحسن، مولانا محمد علی جوہر، حکیم اجمل خاں اور ڈاکٹر انصاری جیسے بانیان جامعہ کی تحریک آزادی کے لیے دی گئی قربانیوں کی تاریخ اور خلافت مومنٹ کے تاریخی سلسلوں سے ملتے ہیں۔ مولانا جوہر نے ماں کی پکار سنی، جان بیٹا خلافت پہ دینا۔ اور اپنی پوری زندگی کو قربانی کا پرتو اور دین و ملت کے ساتھ وفاداری کا دوسرا نام بنا دیا۔ یہی مولانا محمد علی جوہر ہیں جن کی تعمیر کی ہوئی اسی جامعہ کے یہ طلبا ہیں جو ملت اور مادر علمی کی شان بچانے کے لیے اٹھے، اور جنہوں نے اپنے اس محسن کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ اپنی اس آزادی کو ہر قیمت پر حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے جس کے لیے اس معمار جامعہ نے پردیس میں جاکر اپنی جان قربان کی تھی۔ امید یہ بھی ہے کہ وہ جس طرح یونین کی بحالی سے پہلے پر امن اور ثابت قدم رہے وہ بعد کے دنوں میں بھی اسی سج دھج کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھیں گے۔
ہمیں یقین ہے ان طلبا نے اپنی اٹھارہ روزہ جدوجہد کے مختلف مرحلوں میں یہ ثابت کیا ہے کہ وہ بھی اسی راہ کے مسافر ہیں جس پر چلنے والوں نے جامعہ کو ایک نئی شناخت عطا کی ہے۔ ہمیں یہ بھی یقین ہے کہ ان طلبا کو اس کا بھر پور شعور ہے کہ یہ اسی منزل کا سفر ہے جو رہروان شوق کو صرف تاج خلافت کی واپسی ہی نہیں کعبہ و القدس کے مقدس وجود کا بھی محافظ بناتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ اس بات سے بھی بے خبر نہیں ہیں کہ علم و ثقافت کے اس سفر میں جامعہ کے پیش رو مسافروں کے چھوڑے ہوئے کچھ انمٹ نقوش بھی ہیں جو حق پرستی، رفعت فکر، بلندی کردار ، قربانی، تحمل، حسن بیان، حسن استدلال اور صدق و صفا کے موتیوں کی شکل میں آج بھی روشن ہیں ۔
طلبا کا متوازن اور مضبوط رویہ احتجاج پر بیٹھے ان طلبا نے اپنے رویے سے یہ ثابت کردیا کہ وہ جامعہ کی اس تعلیمی و ثقافتی تحریک کے حقیقی نمائندہ ہیں جس نے کچھ ایسی ہی کسمپرسی کی حالت میں آنکھیں کھولی تھیں، ایسے ہی مشکل مرحلوں اس کے بانیوں نے اس کی بنیادیں رکھی تھیں، اور اس کے فرزندوں کو یہ تربیت ملی تھی کہ مشکلات میں کیسے زندہ رہا جاتا ہے اور کس طرح سخت حالات میں بھی خود کو منوایا جاتا ہے۔ اپنی اسی داخلی طاقت کے زور پر وہی جامعہ کہ ابتدئی دنوں میں جس کے وجود کے بھی لالے پڑے تھے، بہت جلد ایک عظیم تعلیمی تحریک بن کر سامنے آئی۔ اپنے احتجاج کے دوران ان طلبا نے اپنے استقلال اور اپنے پر امن رویے سے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ وہ جامعہ کی اس تعلیمی و ثقافتی تحریک کے سچے نمائندے ہیں جسےاس وقت کے امیر جامعہ حکیم اجمل خان نے 1927ء میں لکھی گئی اپنی آخری تحریر میں ایک"عالمی تحریک" کی صورت میں دنیا کے سامنے پیش کیا تھا۔
اس وسیع تعلیمی نظریہ کے فروغ میں جو بعد میں ایک عالمی تعلیمی تحریک بن کر ابھرا جامعہ کے اصل بانیوں اور معماروں کے وسیع علم و دانش اور ان کے عالمی روابط کا بڑا اہم رول ہے۔ یہ ان کے کردار اور ان کی ایک ایسی عالمانہ شان اور انسانی رویے کی کہانی بیان کرتا ہے جہاں تنگ خیالی کی جگہ وسیع النظری، فرقہ بندی کی جگہ آفاقیت، انتشار کی جگہ ملی و انسانی وحدت، خود غرضی کی جگہ ایثار و قربانی، وقتی جذباتی اشتعال کی جگہ پر سکون منصوبہ بندی، جہل کی جگہ علمی و تہذیبی ثقافت اور غفلت کی جگہ ہوش مندی کا رنگ صاف نظر آتا ہے، اور یہی اس کی تاریخ کا سب سے سنہرا باب ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ جامعہ کے طلبا اپنے مظاہرے کی ہیجان انگیز ساعتوں میں بھی جامعہ کی اس خصوصیت کے علم بردار بنے رہے اور اس کے سچے نمائندے کی طرح بغیر جھکے اور ڈرے اپنی تحریک جاری رکھی، یہی ان کی اصل شناخت اور ان کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ زمانہ بھلے بھول جائے لیکن ان کی جامعہ یہ سب ہمیشہ یاد رکھے گی۔
جامعہ یہ بھی یاد رکھے گی کہ کس طرح اپنی اس تحریک کے دوران انہوں نے دوستوں اور دشمنوں میں تمیز کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی، اس دوران انہوں نے اپنے اساتذہ کے ساتھ بھی محبت و احترام کا تعلق برابر قائم رکھا، اور اخلاقی ظور سے مدد کرنے والوں کو کہیں بھی مایوس نہیں ہونے دیا، اور گمراہ کن پروپیگنڈوں کے شور میں بھی اپنی منزل پر نگاہیں جمائے رکھی۔۔۔۔ جامعہ یہ بھی یاد رکھے گی کہ ان بے غرض طلبا نے اس تحریک کے دوران دوسروں پر غصہ اتارنے کی بجائے پوری خندہ پیشانی سے حالات کا سامنا کیا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ حکومت نواز میڈیا بھی ان کے خلاف منفی ماحول پیدا کرنے میں بڑی حد تک ناکام رہا۔یہ اس بات کی دلیل ہے ان کی تحریک میں کچھ اسی قسم کی سنجیدگی ٹھیراو اور منصوبہ بندی کا عنصر تھا جو جس کا ایک خوبصورت نمونہ ہمیں جامعہ کے اقلیتی کردار کی بحالی کے لیے ہونے والے طویل مظاہروں کے دوران دیکھنے کو ملا تھا۔واضح رہے کہ اس ادارے کے اقلیتی حیثیت اور اسکی بحالی کا مسئلہ بنیادی طور پر 1988ء میں پارلیمنٹ میں مرکزی یونیورسٹی کا ایکٹ بننے کے بعد اٹھا تھا اور بالخصوص 2011-2010 میں اقلیتی درجہ ملنے اور بعد ازاں حکومتی رد و بدل اور عدالتی تنازعات کے دوران وہ شدت سے زیر بحث آیا۔ میں خود اس تحریک کا ایک حصہ تھا اور معروف طلبا تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن نے بھی اپنی تین روزہ ملک گیر مہم کے ساتھ اس جامعہ اقلیتی کردار بحالی تحریک میں اپنی سرگرم شرکت درج کروائی تھی،(جس کے صدر پی سی حمزہ صاحب مرحوم و مغفور اور جس کی جامعہ یونٹ کا اس وقت میں خود ذمہ دار تھا) اس لیے مجھے بخوبی علم ہے کہ اس تحریک میں طلبا و اساتذہ نے متحد ہوکر جامعہ کے حق میں آواز بلند کی تھی اور اسے پوری دنیا میں سنا گیا تھا۔بدقسمتی سے بڑے اجتماعی مقاصد کے لیے ان اداروں کے طلبا و اساتذہ میں اب اس طرح کا تال میل بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ جب بات ان اداروں کی ہو تو اس پہلو پر بھی ہمیں ضرور غور کرنا چاہیے۔ زمانے نے دیکھا اور رب نے سنی زمانے نے دیکھا کہ اس درمیان اپنے گھروں سے بہت دور جامعہ کے نوجوان طلبا و طالبات نے اکیلے ہی کتنے ہی تلخ اور صبر آزما لمحات کا پوری مستقل مزاجی سے سامنا کیا ہے، وہ اکیلے دم پر بنا تھکے لڑتے رہے اور اپنی آواز بلند کرتے رہے، یہاں تک کہ خدا کا فیصلہ آ گیا جو مؤذن کی بلند آواز بھی سنتا ہے اور اپنے مخلص بندوں کی خاموش سسکیاں بھی، جو اس وقت بھی ان کے ساتھ ہوتا ہے جب حالات سازگار رہتے ہیں اور اس وقت بھی جب ساری دنیا ساتھ چھوڑ دیتی ہے۔ جامعہ (اور اسی طرح علی گڑھ) کے ان مظاہروں میں ہم نے ایک خاص بات یہ بھی نوٹ کی کہ یہ طلبا اپنے مظاہروں میں صرف نعرے ہی نہیں لگاتے رہے بلکہ ان نعروں میں اپنے سچے جذبات کی آمیزش سے عوام کے دلوں میں بھی اترنے میں کامیاب ہوئے اور ان کے اندر اپنے محبوب اداروں کے تئیں محبت و تعلق کے نئے دیپ بھی جلاتے رہے۔ وہ اس آس میں تقریبا تین ہفتے بنا آب و دانہ رہے کہ شاید منتظمین جامعہ کے دل پگھل جائیں اور شاید حکومت کی مرضی اور مصلحتوں پر فرزندان جامعہ کی فکر غالب آ جائے۔ انکے اپنے ادارے کا گیٹ ان کے لیے بند کردیا گیا، لیکن وہ اس امید پر اپنی آواز تپتی دھوپ میں بھی بلند کیے رہے کہ شاید حق و انصاف کے نام پر کانوں میں جوں رینگ جائے۔ میر و غالب کی دلی نے انہیں رات دن بھٹکتے بھی دیکھا، انتظامیہ سے ڈائیلاگ کرتے بھی دیکھا اور بدخواہوں سے تکرار کرتے بھی دیکھا، اس سب کے بیچ حکومت اور جامعہ انتظامیہ کا ہتک آمیز سلوک ان کے لیے بڑا مایوس کن رہا، تاہم وہ نہ تو اپنی جامعہ سے ترک تعلق پر آمادہ ہوئے اور نہ ہی کبھی ترک تحریک کے لیے کوئی دباؤ قبول کیا۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ ان آزمائشوں کے باوجود ان کی شائستگی و سلیقہ مندی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ کسی کو انکی تہذیب و شائستگی پر شک ہو تو ہو لیکن جامعہ ان کے اس ایثار پیشہ کردار کو کبھی فراموش نہیں کرے گی بلکہ اس تحریک کا پل پل یاد رکھے گی۔
جامعہ یاد رکھے گی کہ مادر علمی کو اپنے ان سپوتوں پر جتنا بھی ناز ہو کم ہے۔ قابل ستائش ہیں ان طلبا کے وہ بیدار و باہمت نوجوان رہنما جنہوں نے جامعہ طلبا یونین کی بحالی اور بعض دوسرے مطالبات کو لے کر اپنے پر امن مظاہرے کو مسلسل اٹھارہ دنوں تک جاری رکھا اور اس بیچ انھوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر کوئی انگلی اٹھا سکے یا کوئی شخص ان پر قانون شکنی یا تشدد پسندی کا الزام رکھ سکے۔ ہمیں یقین ہے جامعہ کی نسبت انہیں ہمیشہ ایک غیور و جری مسلمان کا کردار ادا کرنے کے لیے مہمیز کرے گی اور ان کی ہر ادا میں اسی پختہ اور "خوددار مسلمان" کی تصویر ابھرے گی اور اسی "نفس ملیہ" کا تواتر قائم ہوگا جسے حکیم اجمل خاں نے 1921 میں جامعہ کی "جدید ملی تعلیم" کا مقصد قرار دیا تھا اور محمد علی جوہر نے اسے " از کلید دیں در دنیا کشاد" کی تعبیر دی تھی ۔
آخری بات موجودہ دور میں، جب ہر طرف آمریت کا راج ہے، ان طلبا کی یہ کامیابی کوئی معمولی بات نہیں بلکہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ یہ ایک بہت دور رس اور بروقت ملنے والی کامیابی ہے جو آئندہ بعض بڑی کامیابیوں کا دروازہ بھی کھول سکتی ہے۔ لیکن اس مرحلے میں ہوشیار و چوکنا رہنا پہلے سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ یعنی اس کامیابی کو ان بدخواہوں اور ملت کے دشمنوں کی نظرِ بد سے بچانا بے حد اہم ہے جنکی فطرت ہی یہ ہے کہ اگر وہ ایک مرحلے پر خاموشی اختیار کرتے ہیں تو اگلے مرحلے پر چپکے سے ڈسنے کی تیاری کرتے ہیں؛ اس طرح ان حالات میں ہماری ایک چھوٹی سی غفلت اور معمولی سی چوک ساری محنت پر پانی پھیر سکتی ہے۔ موجودہ حکومت اپنے آمرانہ طرز حکومت اور فسطائی انداز کا مظاہرہ تقریبا ہر سطح پر کر رہی ہے۔ وہ اپنی اس غیر جمہوری و غیر دستوری انداز حکم رانی کی راہ میں ملک کے ان طلبا اور نوجوانوں کو سب سے بڑا خطرہ سمجھتی ہے جن پر آر ایس ایس کے نسل پرست ہندوتو اور بی جے پی کی فرقہ پرستانہ نفرتی سیاست کا اثر نہیں ہے۔ اس خطرے سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے اور اپنے غیر قانونی و غیر دستوری وجود کو بچانے کے لیے ملک کے طلبا اور نوجوانوں کی آواز کو مودی حکومت بطور خاص نشانہ بنا رہی ہے۔ وہ ریاستی وسائل اور پولیس و نیم فوجی دستوں کی طاقت کے بل بوتے پر نوجوانوں کے قومی احتجاج کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، تاکہ وہ اپنے فسطائیت اور اسلام فوبیائی عزائم پر آسانی سے عمل کر سکیں۔ ایسے سنگین حالات میں، حکومت ہرگز نہیں چاہے گی کہ جامعہ اور علی گڑھ جیسے بڑے اقلیتی اداروں میں طلبا یونینز دوبارہ فعال اور متحرک ہوں اور وہ ملی مسائل میں پہلے کی طرح ہی اپنی آواز بلند کریں۔ اسے یہ خوف بھی لاحق ہے کہ اگر مسلمانوں کے یہ ممتاز ادارے بیدار ہو گئے، تو یہاں کے طلبا اس حکومت مخالف ملک گیر تحریک میں کوئی مؤثر اور تاریخی کردار بھی ادا کر سکتے ہیں جس نے ان کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ یہاں یہ بات یاد رکھنا ضروری ہے کہ اس وقت بھی جب میں بیسویں صدی کی نویں دہائی میں جامعہ کا طالب علم تھا—اور مجھ سے پہلے اور بعد کے ادوار میں بھی—جامعہ نے ناانصافی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔ اپنی اس طرح کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ہی جامعہ نے حکومت اور انتظامیہ کے مد مقابل کھڑے ہوکر تاریخی کامیابیوں کے کئی سنگ میل طے کیے ہیں۔ اگرچہ ان کامیابیوں میں تمام اہل جامعہ برابر کے شریک تھے، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ ان خوش کن مواقع کو جنم دینے میں یہاں کے بیدار مغز طلبا نے ہمیشہ بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی موجودہ کامیابی بھی اسی درخشاں تاریخ کا ایک تسلسل ہے۔ آخر میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اجتماعی کامیابیاں ہمیشہ بے لوث جدوجہد اور مضبوط داخلی اتحاد کی محتاج ہوتی ہیں۔ کامیابیوں کا یہ تسلسل تبھی برقرار رہ سکتا ہے جب ہماری جدوجہد کا تسلسل قائم رہے، اور اس کی ضمانت جامعہ کے لائق اساتذہ اور ہونہار طلبا کے علاوہ کوئی اور نہیں دے سکتا۔
جامعہ طلبا تحریک۔ جدوجہد اور کامیابی کے درمیان

عمر گزری ہے اسی دشت کی سیاحی میں

