دی انڈین ایکسپریس میں ستمبر 2026 میں شائع ہونے والی ان خبروں نے گہری تشویش پیدا کی ہے جن میں کرپا ہیلتھ کیئر (Krupa Health Care) کے ذریعے جعلی کینسر کی دوائیں تیار کرنے اور انہیں 50 فیصد رعایت پر 90 سے زائد ہسپتالوں کو فراہم کرنے کا ذکر ہے۔ اسی اخبار کی اپریل 2026 کی ایک دوسری رپورٹ میں کینسر کی قیمتی دوا کیٹروڈا (Keytruda) جس کی ایک شیشی کی قیمت تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے ہوتی ہے، کی چوری اور اس کی خالی شیشیوں میں جعلی دوا بھر کر مریضوں کو فروخت کرنے کا انکشاف کیا گیا، حتیٰ کہ بعض معروف ہسپتالوں میں بھی ایسا کیے جانے کی خبریں سامنے آئیں۔ افسوس کہ اس نوعیت کے واقعات ہمارے لیے اب نئے نہیں رہے۔
ہمارے ملک نے بددیانتی، لالچ، بدعنوانی اور غفلت کے نتیجے میں جنم لینے والے بے شمار گھوٹالوں اور الم ناک واقعات کا سامنا کیا ہے۔ جعلی کینسر اور زندگی بچانے والی دواؤں کے سبب مریضوں کی اذیت اور اموات؛ ملاوٹی غذائی اشیا، دودھ میں یوریا، ہلدی پاؤڈر میں سیسہ اور پھلوں و سبزیوں میں زہریلے کیمیکلز اور کیڑے مار ادویات، جن سے کینسر اور گردوں کو نقصان پہنچنے جیسے سنگین مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
ویاپم (Vyapam) جیسے بھرتی گھوٹالے، جن کا تعلق بیس سے زائد مشتبہ اموات سے جوڑا گیا؛ مظفرپور کے شیلٹر ہوم میں سیکڑوں بے سہارا لڑکیوں کے طویل عرصے تک جنسی استحصال کے واقعات، جن میں ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق دولت مند اور بااثر افراد کے ملوث ہونے کی خبر سامنے آئی؛ بیلاری میں غیر قانونی کان کنی، جس نے ماحولیات کو تباہ کیا اور لاکھوں افراد کے لیے بیماریوں اور مصائب کا سبب بنی؛ جھیلوں پر ناجائز قبضے، جنگلات اور مینگرووز کی تباہی، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خطرات بڑھے اور ترقی کے نام پر پہاڑی علاقوں کی بے دریغ تباہی جس میں کارپوریٹ اداروں اور سیاست دانوں کی مبینہ ملی بھگت بھی سامنے آتی رہی ہے۔ ان سرگرمیوں کے نتیجے میں اتر اکھنڈ، ہماچل پردیش اور کیرالا میں تباہ کن اچانک سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے جن سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
اس کے علاوہ گجرات میں موربی پل کا منہدم ہونا، عمارتوں کے بار بار گرنے کے واقعات اور نئی تعمیر شدہ سڑکوں و شاہراہوں کا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا بھی ہمارے سامنے ہے جن کے نتیجے میں بے شمار حادثات پیش آتے ہیں۔ ان واقعات کی وجوہات میں اکثر ناقص تعمیرات اور ٹھیکوں کی تقسیم میں بدعنوانی کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔
اتنے ہی تشویش ناک سڑکوں پر غصے اور جارحانہ رویے کے واقعات اور لاپروائی سے گاڑیاں چلانے کے حادثات ہیں جن میں دولت مند اور بااثر افراد کی انتہائی مہنگی گاڑیوں کے پہیے فٹ پاتھوں پر سوئے ہوئے غریب بچوں کو بے رحمی سے کچل کر ان کی جان لے لیتے ہیں۔ ایسے الم ناک واقعات انسانی جان کی قدر، مراعات کے غلط استعمال اور جواب دہی کو یقینی بنانے میں ہماری ناکامی کے بارے میں سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔
افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ مذکورہ واقعات اس قدر عام ہوچکے ہیں کہ اب وہ ہماری اجتماعی ضمیر کو اس طرح جھنجھوڑتے بھی نہیں جس طرح جھنجھوڑنا چاہیے۔
اس کی سب سے بھاری قیمت بے گناہ انسانوں کو ادا کرنی پڑتی ہے: وہ بچے جو اپنی جانیں گنوا دیتے ہیں، وہ خاندان جو حادثات سے بکھر جاتے ہیں، وہ مریض جنہیں جعلی دواؤں کے ذریعے دھوکا دیا جاتا ہے، وہ آبادیاں جن سے روزگار کے ذرائع چھین لیے جاتے ہیں اور وہ عام شہری جو بدعنوانی اور غفلت کے نتائج بھگتنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
جواب دہی قانونِ فطرت ہے۔ اس کے بغیر کوئی نظام کامیابی کے ساتھ نہیں چل سکتا۔ CRISIL کے چیف اکنامسٹ ڈی کے جوشی کے الفاظ میں: ’’کاغذوں پر ہمارے منصوبے بہترین ہوتے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد اور عوام تک ان کے فوائد پہنچانے میں ہم بری طرح ناکام رہتے ہیں۔ شفافیت، دیانت داری اور جواب دہی — یہی وہ چیزیں ہیں جن کی ہماری عوامی پالیسی میں کمی ہے۔‘‘
اس دنیا میں بااثر اور طاقتور لوگ اکثر دولت، بدعنوانی، سیاسی رسوخ یا نظام میں جوڑ توڑ کے ذریعے انصاف کی گرفت سے بچ نکلتے ہیں۔ شواہد چھپائے جاسکتے ہیں، تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالی جاسکتی ہیں اور مجرموں کو تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔
یہ صورتِ حال ایک بنیادی سوال اٹھاتی ہے کہ لوگوں کے دل و دماغ میں جواب دہی کا احساس کیسے پیدا کیا جائے؟ اس احساس کے بغیر کوئی قوم حقیقی ترقی کیسے کرسکتی ہے؟ زندگی کے ہر شعبے میں اعتماد اور اختیار کے ناجائز استعمال کو کیسے روکا جاسکتا ہے؟
اس چیلنج سے نمٹنے میں مذہب ایک مثبت اور نہایت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ممکن ہے کہ ہم اس دنیا میں جواب دہی سے بچ نکلیں لیکن اپنے خالق و مالک، کائنات کے رب و فرمانروا کے سامنے جواب دہی سے ہرگز نہیں بچ سکتے۔ آخری محاسبے کی اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
قرآنِ مجید ہمیں یاد دلاتا ہے:
’’اور اس دن سے ڈرو جب تم اللہ کی طرف لوٹائے جاؤ گے، پھر ہر شخص کو اس کی کمائی کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا اور ان پر کوئی ظلم نہیں ہوگا۔‘‘ (سورۃ البقرہ:۲۸۱)
’’اس دن لوگ مختلف گروہوں میں نکلیں گے تاکہ انہیں ان کے اعمال دکھائے جائیں۔ پھر جس نے ذرّہ برابر نیکی کی ہوگی، وہ اسے دیکھ لے گا، اور جس نے ذرّہ برابر برائی کی ہوگی، وہ بھی اسے دیکھ لے گا۔‘‘ (سورۃ الزلزال:۷-۸)
قرآنِ مجید ایک نہایت فکر انگیز سوال اٹھاتا ہے:
’’کیا انسان یہ سمجھتا ہے کہ اسے یوں ہی چھوڑ دیا جائے گا یا اس سے کوئی باز پرس نہیں ہوگی؟‘‘( سورۃ القیامۃ:۳۶)
قرآن مزید اعلان کرتا ہے:
’’بڑی برکت والا ہے وہ جس کے ہاتھ میں بادشاہی ہے اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔ جس نے موت اور زندگی کو پیدا کیا تاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے کون عمل کے اعتبار سے بہتر ہے۔‘‘ سورۃ الملک:۱-۲)
انصاف انسانی روح کی ایک بنیادی آرزو ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے انصاف کی فراہمی کے لیے ایک وسیع عدالتی نظام قائم کیا ہے، جس میں ماتحت عدالتوں سے لے کر ضلعی عدالتیں، ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ تک شامل ہیں۔ لیکن انسانی انصاف اکثر اپنی منزل تک پہنچنے میں ناکام رہتا ہے۔ بدعنوانی مجرموں کو بچا سکتی ہے، اثر و رسوخ سچائی کی آواز دبا سکتا ہے اور طاقت انصاف کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے لیکن کوئی بھی خالقِ کائنات کو دھوکا نہیں دے سکتا، نہ اس کے علم سے بچ سکتا ہے اور نہ ہی اس کے آخری فیصلے سے فرار اختیار کرسکتا ہے۔
انسانی اختیار و اقتدار سے بالاتر ایک مقتدر ہستی کے وجود کا پختہ یقین — ایک ایسی ہستی جو لوک آیوکت اور اپ لوک آیوکت، ایف بی آئی اور سی بی آئی اور ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ سے بھی بالاتر ہے؛ جس سے کوئی بات پوشیدہ نہیں ہے، جسے نہ کسی کے اثر و رسوخ میں لایا جاسکتا ہے اور نہ بدعنوانی کے ذریعے خریدا جاسکتا ہے — یہی یقین انسانوں کے اندر دیانت داری، سچائی اور جواب دہی کا گہرا اور پائیدار احساس بیدار کرسکتا ہے۔ کیونکہ جب انسانی نگاہیں کسی جرم کو دیکھ نہ سکیں، جب قانون کی رسائی وہاں تک نہ ہو اور جب مجرم دنیاوی انصاف سے بچ نکلیں، تب بھی اللہ کے حضور آخری محاسبہ یقینی ہے۔ اس سے کوئی نہیں بچ سکتا۔
اور جو لوگ ایمان، دیانت داری اور نیک عملی کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں ان کے لیے وہ دن محض جواب دہی کا دن نہیں ہوگا بلکہ ابدی کامیابی اور ان کی گہری ترین روحانی آرزوؤں کی تکمیل کی بشارت بھی ہوگا۔
بشکریہ ریڈینس
+91 9845719927
shahidmemon7891@gmail.com
جب مجرم قانون کی گرفت سے بچ نکلتے ہیں۔جواب دہی قانونِ فطرت ہے

بدعنوانی، انسانی مصائب اور جواب دہی۔جس سے کوئی بچ نہیں سکتا۔بدعنوانی کی مار جھیلتے عوام

