’مسلمانوں کو مایوسی اور خوف کے احساس سے باہر نکلنا ہوگا۔ ‘
مساجد کا انہدام، دراصل مسلمانوں کی شناخت متاثر کرنے کی کوشش ہے: سید فرمان احمد نقوی
مشہور قانون داں اور الٰہ آباد ہائی کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ سید فرمان احمد نقوی شہری اور بنیادی حقوق کے لیے گزشتہ تیس برسوں سے جدو جہد کر رہے ہیں۔ سید فرمان احمد نقوی ہائی کورٹ میں گیان واپی مسجد، سنبھل کی شاہی جامع مسجد اور متھرا کی عیدگاہ مسجد کے مقدمات کی پیروی کر رہے ہیں۔ وہ انسانی حقوق کی تنظیم پی یو سی ایل کے قومی مجلس عاملہ کے رکن ہیں اور انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں سے بھی وابستہ ہیں۔ سینئر صحافی مشتاق عامر نے ان سے الٰہ آباد میں خصوصی گفتگو کی جس کا خلاصہ قارئین ہفت روزہ دعوت کی خدمت میں پیش ہے۔
سوال: مسلمانوں کو آئینی تحفظ حاصل ہونے کے باوجود ان کو اپنے بنیادی اور شہری حقوق کے لیے بار بار عدالتوں کا دروازہ کیوں کھٹکھٹانا پڑتا ہے جہاں سے اکثر انہیں مایوسی ہی ہاتھ آتی ہے؟
جواب: جی ہاں، یہ سوال اب شدت سے اٹھایا جانے لگا ہے۔ اس مسئلے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ شہریوں کے آئینی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری پولیس، انتظامیہ، ریاستی اور مرکزی حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا بھی انہی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو ان کے جائز حقوق فراہم کرے۔ لیکن ایسا نہیں ہو رہا ہے۔ چنانچہ اب صرف مسلمانوں میں ہی نہیں بلکہ مختلف طبقوں میں بھی اس صورت حال کی وجہ سے بے چینی بڑھتی جا رہی ہے اور اس بے چینی کا اظہار عوامی احتجاج کی شکل میں ظاہر ہونے لگا ہے۔ خاص طور پر عام لوگوں کے ساتھ پولیس کا جو استبدادی رویہ ہوتا ہے اس وجہ سے شہریوں اور نوجوان نسل میں غصہ بڑھ رہا ہے۔
سوال: آخر حکومت ایسے حالات کیوں پیدا کر رہی ہے؟
جواب: ان تمام کارروائیوں کو حکومت براہِ راست انجام نہیں دیتی بلکہ اس کے لیے مختلف ادارے اور ایجنسیاں ہوتی ہیں جن کے ذریعے حکومت کا ایجنڈا نافذ کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے یا کسی شخص کی ماب لنچنگ ہوتی ہے تو سب سے پہلے پولیس کا کردار سامنے آتا ہے۔ ایسے معاملات میں اگر با اثر افراد ملوث ہوں تو وہ اپنے اثر و رسوخ کا غلط استعمال کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں یا تفتیش کرنے والے افسران کو اپنے حق میں کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے، بے بنیاد مقدمہ تیار کیا جاتا ہے یا ایسی رپورٹ مرتب کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں اصل معاملہ ہی دب کر رہ جائے ۔
سوال: آیا ایسے حالات پہلے بھی تھے یا اس میں مزید خرابی پیدا ہوئی ہے؟
جواب: میرے خیال میں حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کے معاملے میں حکومت کا رویہ انتہائی فرسودہ ہے۔ اسے یوں کہا جا سکتا ہے کہ حکومت انسانی حقوق کی اہمیت کو تسلیم نہیں کر رہی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انسانی ہمدردی اور آئینی حقوق کو بھی سیاسی فائدے اور نقصان کے پیمانے سے دیکھا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں پولیس کا کردار انتہائی جانب دارانہ بلکہ مجرمانہ دکھائی دیتا ہے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کا 1996ء کا فیصلہ قابل غور ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں پولیس کے لیے ایک اہم اصطلاح استعمال کی تھی: "خاکی برادرہُڈ" (Khaki Brotherhood) اس سے مراد پولیس اہلکاروں کے درمیان ایسا باہمی گٹھ جوڑ ہے جس کے تحت وہ ایک دوسرے کے جرائم پر پردہ ڈالتے اور ایک دوسرے کو بچاتے ہیں۔
سوال: کیا صرف پولیس کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے واقعات رونما ہوتے ہیں یا اس میں حکومتوں کا بھی کوئی کردار ہوتا ہے؟
جواب: میں نے اپنی قانونی جدوجہد کے دوران متعدد مقدمات لڑے ہیں۔ ان میں شہریت ترمیمی قانون (CAA) اور قومی شہریت رجسٹر (NRC) سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں۔ میرٹھ، الٰہ آباد اور کانپور میں پیش آنے والے واقعات کے سلسلے میں بھی مقدمات لڑے گئے۔ ان معاملات میں پولیس کی بربریت کی نہایت سنگین مثالیں سامنے آئیں۔ ان تمام معاملوں میں حکومت پولیس کے جرائم کی پشت پناہی کر رہی تھی اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے ۔
سوال: کیا حکومت خود عدالت کا کردار ادا کرنے لگی ہے؟
جواب: حکومت کا ایک مخصوص ایجنڈا ہے اور وہ اسی کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔ لیکن جب اقتدار خود ہی عدالت بن جائے اور قانون کے مطابق سزا دینے کے بجائے خود فیصلہ کرنے لگے تو یہ جمہوریت کے لیے ایک المیہ بن جاتا ہے۔ ہماری جمہوریت پہلے ہی کئی سوالات کی زد میں ہے۔ اور جس طرح کے حکم راں ہمارے سامنے ہیں ان کے پاس شاید اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں رہ گیا ہے۔حکومت چلانے کا مطلب یہ تو نہیں ہے کہ عوام پر ظلم کیا جائے اور کسی بھی طرح اقتدار پر اپنی گرفت برقرار رکھی جائے! حکومت کا اصل مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔ روزگار کی فراہمی، تعلیم کا فروغ اور شہریوں کو پر امن ماحول فراہم کرنا شامل ہے۔ لیکن حکم رانوں کی ترجیحات کچھ اور ہی دکھائی دیتی ہیں۔
سوال: لیکن اس طرح تو مسائل حل ہونے کے بجائے اور الجھتے چلے جائیں گے؟
جواب: دنیا کی تاریخ بتاتی ہے کہ کسی بھی ملک میں اس طرح کی طرزِ حکم رانی طویل عرصے تک پائیدار ثابت نہیں ہوتی۔ ہمارے یہاں بھی مذہبی نعروں اور اس نوعیت کے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے مسلمانوں کو ایک آسان ہدف بنا لیا جاتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ سماج میں ذات پات کا مسئلہ بہت گہرا ہے۔ اگر حکومت ترقیاتی کام کر بھی دے، لوگوں کو ملازمتیں مل بھی جائیں اور دوسری سہولتیں بھی فراہم ہو جائیں تب بھی ذات پات کی تقسیم کو ختم کرنا آسان نہیں ہوگا۔ میرے نزدیک مسلمانوں کو دبانے یا ان کے خلاف کارروائیوں کے ذریعے دراصل اکثریتی سماج کے اندر موجود ذات پات کے تضادات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ گویا مسلمانوں کے خلاف نفرت اور ان پر دباؤ کو ایک ایسے ذریعے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جس سے ذات پات کی تقسیم کے اصل مسئلے پر پردہ پڑا رہے۔
سوال: ملک میں مساجد کو منہدم کرنے کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ایسے معاملات میں عدالتوں کو واضح اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے تھا لیکن دیکھنے میں آتا ہے کہ عدالت کی طرف سے بھی فوری راحت نہیں ملتی؟
جواب: جس صورتِ حال کا آپ ذکر کر رہے ہیں اسے روکنے کی کوشش سپریم کورٹ نے بھی کی ہے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے بلڈوزر کارروائیوں کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ سنایا تھا۔ اس وقت کے چیف جسٹس بی آر گوائی کی سربراہی میں سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ دیا تھا اور اس میں مختلف رہنما اصول طے کیے گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا تھا کہ اگر کسی عمارت کو منہدم کرنا ہو تو اس کے لیے مقررہ قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔ متعلقہ شخص کو نوٹس دی جائے گی اسے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا اور دیگر ضروری قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ لیکن حالت یہ ہے کہ حکومت یا مقامی انتظامیہ سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کو بھی خاطر میں نہیں لا رہی ہے۔
سوال: ایک وقت تھا جب شہری حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی تنظیمیں انسانی حقوق کی آواز کو زور و شور سے اٹھاتی تھیں۔ ان کی جانب سے حکومت پر دباؤ ڈالا جاتا تھا جس کا اثر بھی ہوتا تھا اور عدالتوں کو بھی اس بات کا خیال رکھنا پڑتا تھا کہ وہ مقدمات کا فیصلہ حقائق اور قانونی میرٹ کی بنیاد پر کریں۔ لیکن آج یہ سماجی تنظیمیں بھی کمزور دکھائی دے رہی ہیں۔ اس کمزوری کی وجوہات کیا ہیں؟ اور اس کا عام لوگوں کے حقوق پر کیا اثر پڑ رہا ہے؟
جواب: سول سوسائٹی کے کمزور پڑ جانے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں سے ایک اہم وجہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں ان تنظیموں کی تشکیل اور انتظام کا جو طریقہ کار رائج ہے اس میں بعض بنیادی خامیاں ہیں۔اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی شخص کسی تنظیم کا سربراہ بن جاتا ہے تو وہ چاہتا ہے کہ اس کے اردگرد صرف وہی لوگ رہیں جو اس سے اتفاق کرتے ہوں۔ وہ ایسے افراد کو اپنے قریب رکھتا ہے جو اس کی رائے کی تائید کرتے ہوں جس کی وجہ سے جو لوگ اس سے اختلاف رکھتے ہیں وہ تنظیم سے دور ہو جاتے ہیں۔ میں بھی اس کا مشاہدہ کرتا رہا ہوں۔ بعض اوقات لوگوں کے لیے اصل مقصد سے زیادہ اپنی ذات کو نمایاں کرنا اہم ہو جاتا ہے۔ وہ یہ سوچتے ہیں کہ کسی طرح ان کی اپنی حیثیت اور اہمیت سب سے آگے رہے۔
سوال: کیا سول سوسائٹی حکومت کے دباؤ کا شکار ہے؟
جواب: جی ہاں، اب حکومت کا خوف بھی ایک اہم وجہ بن گیا ہے۔ پہلے ایسی صورتِ حال نہیں تھی لیکن اب بہت سے لوگوں اور تنظیموں کو حکومتی کارروائیوں کا خوف رہتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بعض تنظیمیں بیرونی مالی امداد حاصل کرتی رہی ہیں۔ اگر کسی تنظیم نے بیرونِ ملک سے رقم حاصل کی ہو اور اس کے لیے ضروری قانونی اجازت یا سرٹیفکیٹ موجود نہ ہو تو اس کے خلاف کارروائی کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں تنظیم کو بیرونِ ملک سے ملنے والی مالی امداد بند ہو سکتی ہے۔ مقامی ذرائع سے اتنا فنڈ جمع نہیں ہوتا کہ وہ اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ اس کی آڑ میں حکومت کی جانب سے بعض تنظیموں کو مالی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاہم اس کے ساتھ تنظیموں کے اندرونی مسائل، قیادت کے اختلافات اور انتظامی خامیوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
سوال: مسلمان اپنے آئینی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کیا کریں؟
جواب: مسلمانوں کی ذمہ داری بہت بڑی ہے۔ لیکن معاف کیجیے گا، میری بات بعض لوگوں کو ناگوار بھی گزر سکتی ہے۔ میرے خیال میں ہماری برادری اپنے حقوق کے تحفظ کے معاملے میں ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتی۔ بعض اوقات ہم غیر ذمہ دارانہ انداز میں ردِعمل ظاہر کرتے ہیں۔ کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو فوراً نعرے لگانے شروع کر دیتے ہیں۔ حالانکہ ایسے موقعوں پر صبر، تحمل اور حکمتِ عملی کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ صبر و تحمل کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنے حقوق سے دست بردار ہو جائے یا نا انصافی کے خلاف آواز اٹھانا چھوڑ دے! بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جذبات میں بہہ کر ایسا قدم نہ اٹھایا جائے جس سے حالات مزید خراب ہو جائیں اور خود اپنے ہی لوگوں کو نقصان پہنچے۔
سوال: مسلمانوں کے مستقبل کو آپ کس نظر سے دیکھتے ہیں؟ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے انہیں کیا حکمتِ عملی اختیار کرنی چاہیے؟
جواب: مسلمان ایک ایسی شناخت ہے جس کے بارے میں آج یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ وہ خطرے میں ہے۔ لیکن اگر مسلمان خطرے میں ہیں تو ملک کے دوسرے لوگ بھی خطرے میں ہیں۔ جہاں تک موجودہ صورتِ حال کا تعلق ہے، تو میں یہ نہیں کہوں گا کہ حالات بہت اچھے ہیں لیکن یہ بھی درست نہیں ہے کہ ہم انہیں سراسر مایوس کن سمجھ لیں۔ مایوسی خود ایک کمزوری ہے۔ انسان کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ امید کی ایک کرن اب بھی موجود ہے اور ہمیں اسے برقرار رکھنا چاہیے۔ البتہ یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ امید ہمیں کہاں تک لے جائے گی، ہم کن مشکلات سے محفوظ رہ سکیں گے، مستقبل میں کیا حالات پیدا ہوں گے اور آنے والی نسلوں کو ان حالات سے کیا فائدہ یا نقصان پہنچے گا۔ لیکن ایک بات ضرور ہے کہ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے۔ اس لیے ہمیں امید، حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
mushtaqamiretv@gmail.com
9935177861
’’حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے، مایوسی خود ایک کمزوری ہے۔‘‘

بنیادی حقوق کی پامالی، پولیس کی زیادتیاں اور عدلیہ کے کردار پر ایڈووکیٹ فرمان نقوی کی رائے

