ہندوستان کے سیکولر دستور کے مستقبل پر سوالات
ہندوستان کا دستور کسی مذہب کی مقدس کتاب نہیں ہے بلکہ ایک ایسا عمرانی معاہدہ ہے جس کی بنیاد مساوات، انصاف، آزادی، اخوت اور مذہبی غیر جانب داری پر رکھی گئی ہے۔ چنانچہ اس دستور کے تحت قائم ہونے والی عدلیہ سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ کسی مذہب، ذات، نسل یا عقیدے سے بالاتر ہوکر قانون کی روشنی میں فیصلے کرے گی۔ عدالت میں کسی شخص کا مذہب نہیں بلکہ اس کے خلاف پیش کیے گئے شواہد، قانون کی دفعات اور دستور کے اصول اہمیت رکھتے ہیں۔ یہی وہ بنیادی تصور ہے جو ہندوستان کو ایک سیکولر جمہوری ملک بناتا ہے۔
لیکن حالیہ دنوں میں گجرات کی ایک عدالت کے فیصلے نے اس بنیادی تصور کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں گاندھی نگر کے کالول کی ایک سیشن عدالت نے گائے ذبح کرنے کے مقدمے میں تین افراد کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے اپنے 76 صفحات پر مشتمل فیصلے میں منوسمرتی، ویدوں اور دیگر ہندو مذہبی متون کے حوالے پیش کیے۔ عدالت نے گائے کی مذہبی اہمیت بیان کرتے ہوئے اسے محض ایک جانور نہیں بلکہ مذہبی اور سماجی نظام کا ایک اہم ستون قرار دیا ہے۔
یہاں سوال صرف یہ نہیں ہے کہ گائے کے ذبیحے پر پابندی عائد کرنے والے قانون کے تحت ملزموں کو سزا کیوں دی گئی؟ بلکہ سوال یہ بھی ہے کہ ایک دستوری عدالت کو کسی فوجداری مقدمے میں مذہبی کتابوں کے حوالے دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ کیا کسی مذہب کی مقدس کتاب کسی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے شہری کے لیے قانون کی تشریح اور سزا کے تعین کا معیار بن سکتی ہے؟ اور اگر ایک مذہب کے مذہبی متون عدالتی فیصلوں میں استدلال کا حصہ بننے لگیں تو دوسرے مذاہب کے شہری اپنے دستوری حقوق اور مساوی انصاف کے بارے میں کیا توقع رکھیں؟ یہ سوالات محض مسلمانوں کے نہیں بلکہ ہندوستان کے ہر اس شہری کے ہیں جو اس ملک کے دستوری نظام پر یقین رکھتا ہے۔
سب سے پہلے گجرات کے اس مقدمے کی تفصیلات کو سمجھنا ضروری ہے۔ 29 اکتوبر 2026 کو سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق، گاندھی نگر کے کالول میں ایڈیشنل سیشن جج بی آر راجپوت نے گائے کے ذبیحے کے ایک مقدمے میں تین افراد کو عمر قید کی سزا سنائی، اس مقدمے میں پولیس نے 277 کلو گوشت برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا، عدالت نے ملزمین کو گجرات اینیمل پریزرویشن ایکٹ 1954 اور اس میں 2017 میں کی گئی ترمیم کی دفعات کے تحت مجرم قرار دیا، جبکہ دو دیگر ملزمین کو ثبوتوں کی کمی کی بنیاد پر بری بھی کر دیا گیا۔ جب کسی ملزم کو سزا دینے کے لیے ملکی قانون، اس کی متعلقہ دفعات اور استغاثہ کے شواہد موجود ہیں تو عدالت کو منوسمرتی، رگ وید اور دیگر مذہبی متون کی تفصیلات بیان کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ئی؟
رپورٹ کے مطابق عدالت نے منوسمرتی کا حوالہ دیتے ہوئے گائے کو مذہبی اور سماجی نظام کا ستون قرار دیا۔ رگ وید میں گائے کے لیے مستعمل لفظ 'ادھنیہ' کا ذکر کیا جس کا مطلب ایسی چیز جسے ہلاک نہیں کیا جاسکتا، عدالت نے گائے کو دیوتاؤں کی ماں اور ہندو مذہبی عقائد میں ایک مقدس مقام رکھنے والی مخلوق کے طور پر بھی پیش کیا۔ اصولی اعتبار سے عدالت کا کام یہ طے کرنا ہے کہ ملزم نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں، اس کا کام اپنے فیصلہ میں یہ لکھنا نہیں ہے کہ کسی مذہبی عقیدے کے مطابق کون سا عمل صحیح ہے اور کون سا غیر غلط۔ اس معاملے میں ایک اور پہلو بھی قابل توجہ ہے، عدالت نے ملزمین کو سزا دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسے لوگوں کو قانون کے مطابق سزا نہ دی گئی تو وقت گزرنے کے ساتھ 'گاؤ ماتا' زمین سے ناپید ہو جائے گی، یہ جملہ مذہبی اور جذباتی نوعیت کا ہے۔ عدالت کا یہ کہنا کہ کسی جرم کی سنگینی کے پیش نظر قانون کے مطابق سزا ضروری ہے، ایک قانونی استدلال ہے لیکن کسی مذہبی تصور کے تحفظ کو سزا کے جواز کا مرکزی نکتہ بنانا ایک انتہائی خطرناک معاملہ ہے۔ اب کیا عدالتی فیصلوں کا معیار مذہبی جذبات ہوں گے یا دستور اور قانون؟
منوسمرتی ہندو مذہبی رسوم و رواج کی ایک قدیم غیر منصفانہ تقسیم پر مبنی کتاب ہے، جس میں مذہبی رسوم اور طبقاتی نظام سے متعلق غیر فطری تصورات بیان کیے گئے ہیں۔ اس کے احکامات میں سماج کو مختلف طبقوں میں تقسیم کرکے ان کے لیے الگ الگ حقوق کا تصور پیش کیا گیا ہے، اس کے برخلاف ہندوستانی دستور ہر شہری کو مساوی قانونی حیثیت فراہم کرتا ہے۔
یہاں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تاریخی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، جنہوں نے ذات پات پر مبنی امتیازی نظام اور اس کی مذہبی و سماجی بنیادوں پر سخت تنقید کی تھی۔ 1927 میں مہاڑ ستیہ گرہ کے دوران منوسمرتی کو جلانے کا واقعہ بھی اسی جدوجہد کا ایک اہم حصہ تھا۔ امبیڈکر کے نزدیک ایک ایسے سماج کی تعمیر ضروری تھی جہاں انسان کی حیثیت اس کی پیدائش، ذات یا مذہبی شناخت سے نہیں بلکہ اس کے بنیادی انسانی حقوق سے متعین ہو۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جس ملک کے دستور نے مساوات کو بنیادی اصول بنایا، اس کی عدالتیں اگر کسی مذہبی متن کو اپنے فیصلوں میں استدلال کے طور پر پیش کرنے لگیں تو اس سے کیا پیغام جائے گا؟
یقیناً کسی مذہبی متن کا حوالہ دینا اور اسے قانون کا درجہ دینا دو الگ باتیں ہیں، لیکن عدالتی ادارے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسے تمام مذہبی حوالوں سے متعلق ایک یکساں اور غیر جانب دارانہ معیار اختیار کرے، ورنہ ان کے فیصلوں سے یہ تاثر پیدا ہوگا کہ وہ ہندو مذہب کے تصورات کو عدالتی استدلال پیش کر رہے ہیں۔
گجرات کی عدالت کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے بابری مسجد اور رام جنم بھومی تنازعے کا ذکر ضروری ہوجاتا ہے۔ اس مقدمے نے ہندوستان کی سیاست، سماج اور عدلیہ پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ 9 نومبر 2019 کو سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ نے بابری مسجد اور رام جنم بھومی کے تنازعے پر فیصلہ سنایا تھا، اس بنچ میں جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ بھی شامل تھے۔ عدالت نے متنازعہ اراضی رام مندر کی تعمیر کے لیے دینے کا حکم دیا، اس فیصلے کے حوالے سے دو اہم باتیں یاد رکھنا ضروری ہیں۔ پہلی بات یہ کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ ملکیت کا فیصلہ عقیدے یا مذہبی یقین کی بنیاد پر نہیں بلکہ شواہد اور قانونی اصولوں کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے۔ عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ 6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد کا انہدام قانون کی حکم رانی کی سنگین خلاف ورزی تھا۔ دوسری بات یہ کہ فیصلے کے تقریباً پانچ سال بعد اکتوبر 2024 میں اس وقت کے چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے اپنے آبائی گاؤں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایودھیا تنازعے کی سماعت کے دوران انہوں نے بھگوان سے رہنمائی طلب کی تھی۔ ان کے الفاظ کے مطابق وہ بھگوان کے سامنے بیٹھے اور ان سے کہا کہ انہیں اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں مدد کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ کا ایمان ہے اور آپ باقاعدگی سے دعا کرتے ہیں تو بھگوان راستہ دکھاتا ہے۔
بلاشبہ ہر انسان کو اپنے مذہب پر عمل کرنے، عبادت کرنے اور خدا سے رہنمائی طلب کرنے کا حق حاصل ہے لیکن جب وہ شخص ملک کے اعلیٰ ترین عدالتی منصب پر فائز ہو اور ایک ایسے مقدمے کی سماعت میں شریک ہو جس نے کروڑوں لوگوں کے مذہبی، تاریخی اور قانونی جذبات کو متاثر کیا ہو تو اس کے ذاتی مذہبی تجربے کے عوامی اظہار سے بعض دستوری اور اخلاقی سوالات پیدا ہونا فطری ہے۔ عدلیہ کا وقار صرف اس بات سے قائم نہیں ہوتا کہ جج قانون کی درست تشریح کرے بلکہ ضروری ہے کہ عوام کو اس کی غیر جانب داری پر مکمل اعتماد ہو، بالخصوص ایسے حساس مقدمات میں جج کے ذاتی عقائد اور عدالتی فیصلے کے درمیان واضح حد فاصل برقرار رہنی چاہیے، کیوں کہ عدالتوں میں انصاف کی بنیاد الہامی اشاروں یا مذہبی عقائد پر نہیں بلکہ قابلِ جانچ قانونی دلائل پر قائم ہوتی ہے۔
ہندوستانی عدلیہ کے اس کردار کو سمجھنے کے لیے سپریم کورٹ کے ایک اہم فیصلے کا حوالہ ضروری ہے۔ 1994 میں ایس آر بومائی بنام حکومت ہند مقدمے میں سپریم کورٹ نے سیکولرازم کو ہندوستانی دستور کی بنیادی خصوصیت قرار دیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ ہندوستانی ریاست کا اپنا کوئی مذہب نہیں ہے اور تمام شہریوں کو مذہب سے قطع نظر مساوی حیثیت حاصل ہے۔ ریاست کسی ایک مذہب کو ترجیح نہیں دے سکتی اور نہ کسی شہری کے ساتھ اس کے مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کرسکتی ہے۔ اس فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ سیکولرازم محض تمام مذاہب کو برداشت کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ تمام مذاہب کے ساتھ مساوی سلوک کرنے کا دستوری اصول ہے۔
دستور کی دفعہ 14 ہر شخص کو قانون کے سامنے مساوات اور قوانین کے مساوی تحفظ کی ضمانت دیتی ہے۔ اسی طرح دفعہ 15 مذہب سمیت مخصوص بنیادوں پر امتیاز کی ممانعت کرتی ہے، جبکہ دفعہ 25 ہر شخص کو آزادی ضمیر اور مذہب پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ و اشاعت کا حق دیتی ہے۔ ان دفعات کا مجموعی مفہوم یہ ہے کہ کسی شہری کے حقوق کا تعین اس کے مذہبی عقیدے سے نہیں بلکہ دستور اور قانون سے ہوگا۔
چنانچہ اگر کسی ریاست میں گائے کے ذبیحے پر پابندی کا قانون موجود ہے تو عدالت اس قانون کو نافذ کرنے کی پابند ہے لیکن اس پابندی کی قانونی حیثیت اور کسی مذہب کے عقائد کی بنیاد پر اس کی توجیہہ دو مختلف امور ہیں، عدالت کو ان دونوں کے درمیان فرق کو برقرار رکھنا ہوگا۔
ہندوستان میں گائے کے ذبیحے پر پابندی کا معاملہ نیا نہیں ہے۔ دستور کی دفعہ 48 میں ریاستوں کو زراعت اور مویشیوں کی نسلوں کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے اور گائے، بچھڑوں اور دیگر دودھ دینے اور باربرداری کے قابل مویشیوں کے ذبیحے پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مختلف ریاستوں نے اس دفعہ کی روشنی میں اپنے اپنے قوانین بنائے ہیں اور ان قوانین کی نوعیت اور سزاؤں میں بھی فرق ہے۔ لیکن یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کسی مذہبی طبقے کے عقائد کو پورے ملک کے شہریوں پر قانونی پابندی کی شکل میں نافذ کیا جاسکتا ہے؟ کیا مذہبی عقیدے کی بنیاد پر کسی شخص کے کھانے پینے، کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کے حقوق محدود کیے جاسکتے ہیں؟
یہ سوال اس لیے بھی اہم ہے کہ ہندوستان ایک کثیر مذہبی اور کثیر تہذیبی ملک ہے، یہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے صدیوں سے آباد ہیں، ان کے کھانے پینے کے طریقے، مذہبی رسومات، ثقافتی روایات اور معاشی سرگرمیاں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ کسی بھی جمہوری معاشرے میں ان اختلافات کے باوجود شہریوں کے درمیان مساوات برقرار رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
اس پورے معاملے کا ایک اہم پہلو ہندوستانی مسلمانوں کی معاشی اور سماجی زندگی سے بھی تعلق رکھتا ہے، گوشت کا کاروبار، مویشیوں کی خرید و فروخت، چمڑے کی صنعت اور اس سے وابستہ مختلف روزگار ہندوستان کے لاکھوں خاندانوں کی معاشی زندگی کا حصہ ہیں۔ ان میں مسلمانوں کے علاوہ دلت، دیگر پسماندہ طبقات اور مختلف سماجی گروہوں کے افراد بھی شامل ہیں۔ گائے کے ذبیحے سے متعلق قوانین، ان کے نفاذ کے طریقوں اور بعض مقامات پر گئو رکشا کے نام پر تشدد کے واقعات نے ان طبقات میں عدم تحفظ کے احساس کو بڑھایا ہے۔ اس پس منظر میں جب کسی عدالت کے فیصلے میں منوسمرتی اور دیگر ہندو مذہبی متون کے حوالے نمایاں ہوجاتے ہیں تو اس کا سماجی اثر بھی زیر بحث آتا ہے۔ عدالتوں کی ذمہ داری محض قانونی کارروائی مکمل کرنا نہیں بلکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا بھی ہے۔ اس کے لیے عدالتی زبان، استدلال اور فیصلوں میں غیر جانب داری کا اظہار ضروری ہے۔ اگر عدالت کسی مذہبی متن کا حوالہ دیتی ہے تو اسے یہ بھی واضح کرنا چاہیے کہ اس حوالے کا قانونی تنازعے سے کیا تعلق ہے اور وہ کس قانونی اصول کی وضاحت کے لیے پیش کیا گیا ہے، ورنہ یہ ظاہر ہوگا کہ مذہبی اکثریت کے عقائد کو عدالتی فیصلوں میں زیادہ اہمیت حاصل ہے اور اقلیتوں کے عقائد محض ان کے ذاتی معاملات تک محدود ہیں۔
عدلیہ کے اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کے بیانات اور عدالتی فیصلوں میں استعمال ہونے والی زبان عوام کے اعتماد کو متاثر کرسکتی ہے۔ گجرات کے حالیہ فیصلے اور بابری مسجد مقدمے کے تناظر میں سامنے آنے والے جسٹس چندرچوڑ کے بیان کو اسی وسیع دستوری تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ گو کہ ان دونوں واقعات کی نوعیت الگ ہے، ایک معاملے میں عدالت نے اپنے فیصلے میں مذہبی متون کا حوالہ دیا ہے جبکہ دوسرے معاملے میں ایک سابق چیف جسٹس نے اپنے ذاتی روحانی تجربے کا اظہار کیا ہے۔ لیکن دونوں سے ایک مشترک سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ آیا ہندوستانی عدلیہ کی شناخت مذہبی وابستگی سے متعین ہوگی یا دستوری غیر جانب داری سے؟
عدالت میں بیٹھنے والا جج ہندو ہوسکتا ہے، مسلمان ہوسکتا ہے، عیسائی ہوسکتا ہے یا کسی اور مذہب سے تعلق رکھ سکتا ہے اور اسے اپنے مذہب پر عمل کرنے کا مکمل حق ہے۔ لیکن جب وہ عدالتی منصب سنبھالتا ہے تو اس کی پہلی وفاداری دستور سے ہوتی ہے۔ اسے اپنے ذاتی مذہبی عقائد سے بالاتر ہوکر ہر شہری کو مساوی انصاف فراہم کرنا ہوتا ہے۔ عدلیہ کے لیے سب سے بڑی آزمائش اس وقت ہوتی ہے جب کسی مقدمے میں اکثریتی مذہب کے جذبات، سیاسی ماحول اور دستوری اصول ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہو جائیں۔ ایسے مواقع پر عدالت کا فرض ہے کہ وہ جذبات کے بجائے قانون، عقیدے کے بجائے شواہد اور اکثریتی خواہشات کے بجائے دستور کو ترجیح دے۔
آج ہندوستان ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں مذہب، سیاست، سماجی شناخت اور ریاستی اداروں کے درمیان تعلقات پر مسلسل بحث ہو رہی ہے، ایسے ماحول میں عدلیہ کی غیر جانب داری اور دستوری وفاداری پہلے سے زیادہ اہم ہوگئی ہے۔ اگر منوسمرتی کے حوالے عدالتی استدلال اور سزا کے جواز کا بنیادی ذریعہ بننے لگیں تو یہ ایک سنجیدہ دستوری سوال ہے جس کا جواب عدلیہ کو دینا ہوگا۔ عدالتوں کی عظمت اس بات میں نہیں کہ وہ کسی مذہبی عقیدے کی حفاظت کریں بلکہ اس بات میں ہے کہ وہ ہر شہری کے حق، عقیدے اور آزادی کی یکساں حفاظت کریں، کیونکہ ہندوستان کی عدلیہ اگر مذہبی شناختوں کے بجائے دستوری اصولوں کی محافظ رہے گی تو ہی ملک کے ہر شہری کو یہ یقین حاصل ہوگا کہ انصاف کے دروازے اس کے لیے بھی اسی طرح کھلے ہیں جس طرح اکثریتی مذہب کے ماننے والوں کے لیے ہیں۔