جیل سے رہائی کے فوراً بعد محمد اعظم خان گرفتار، کہا: ’’یونیورسٹی بنانا میرا گناہ، مسلمان ہونے کی سزا مل رہی ہے‘‘
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا یونین کی بحالی پر جشن، دستور کی تیاری کے بعد اگلے سال ہوں گے انتخابات
بہار اور پنجاب میں پاکستانی جاسوس گرفتار، ہندو نوجوانوں پر پاکستانی ایجنٹوں کے لیے کام کرنے کا الزام
شمالی ہند میں انتخابی دھاندلی اور ایس آئی آر کی بے ضابطگیوں پر سیاسی معرکہ آرائی جاری ہے۔ دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں اپوزیشن کی مشترکہ عوامی ریلی ہو یا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف عوامی مواخذے کی تحریک، ہر جگہ ووٹ چوری کے ذریعے جمہوری نظام پر قبضہ کرنے کی کوششوں کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر منعقدہ علامتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ وکلا، سماجی کارکنوں اور طلبا رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے عوامی مواخذے کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات غیر قانونی تھے کیونکہ ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے ووٹروں میں سے تقریباً پندرہ فیصد کو ایس آئی آر کے دوران انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ووٹروں کو حقِ رائے دہی سے محروم رکھا گیا، جب کہ بی جے پی کی کامیابی کا فرق محض تین فیصد تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات غیر قانونی تھے اور منتخب ارکان پارلیمنٹ کے پاس کوئی عوامی مینڈیٹ نہیں ہے۔
انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے احتجاجی مہم واپس لینے پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ سابق جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے سی جے پی کی قیادت کو ’گینگ آف فور‘ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا: ’’امن بانڈ پر دستخط کرنے والے چاروں رہنما اب کوئی احتجاج نہیں کر سکتے۔ اگر وہ ایسا کریں گے تو پولیس بانڈ کی شرائط کی خلاف ورزی کے الزام میں انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دے گی۔ ان کا کھیل ختم ہو چکا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’جیل جانے سے خوف زدہ لوگ کسی تحریک کی قیادت نہیں کر سکتے۔‘‘
تاہم، سی جے پی کی خاموشی کا یہ مطلب نہیں کہ الیکشن کمیشن کے خلاف سیاسی اور عوامی مہم ختم ہو گئی ہے۔ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا اتحاد کی شریک جماعتیں میدان میں ڈٹی ہوئی ہیں۔ اے آئی ایس اے کی صدر نیہا بورا اور دیگر سماجی کارکن بھی اپوزیشن کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف عوامی مواخذے کی تحریک ہو یا رام لیلا میدان میں اپوزیشن کی مشترکہ ریلی، ہر جگہ ایک ہی مطالبہ سنائی دے رہا ہے کہ گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ انتخابی عمل میں شفافیت اور اصلاحات کی راہ ہموار ہو سکے۔
یو پی کے وزیر اعلیٰ کا ایس آئی آر پر دعویٰ، اکھلیش کا طنز
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس آئی آر کے دوران ’’1.27 کروڑ ہندوؤں کے ووٹ حذف کیے گئے ہیں۔‘‘ بی جے پی کی دو روزہ ریاستی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ 66 لاکھ ایسے ووٹر ہیں جن کے نام پنچایت انتخابات کی فہرست میں تو موجود ہیں لیکن اسمبلی انتخابات کی ووٹر فہرست میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے وزیر اعلیٰ کے اس دعوے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ صرف بی جے پی کے ارکان کو ہی ووٹر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ اس بات کا انکشاف ہونا چاہیے کہ وزیر اعلیٰ کے پاس یہ اعداد و شمار کہاں سے آتے ہیں؟
ایم ایل سی انتخابات میں اپوزیشن کی کامیابی، حکم راں محاذ بیک فٹ پر
شمالی ہند کی دو اہم ریاستوں، اتر پردیش اور بہار میں ایم ایل سی انتخابات کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی کامیابی سے جہاں حکم راں این ڈی اے کو جھٹکا لگا ہے، وہیں اپوزیشن کے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں۔ خاص طور پر اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ ابھی ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کو ہرایا ہے، 2027 کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں بھی اسے دھول چٹا دیں گے۔
ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی نے گیارہ میں سے چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جب کہ سماجوادی پارٹی کے حصے میں پانچ نشستیں آئیں۔ تاہم مجموعی طور پر سماجوادی پارٹی کا ووٹ شیئر بی جے پی سے زیادہ رہا۔ وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقے وارانسی، یعنی کاشی میں ٹیچر اور گریجویٹ دونوں نشستوں پر بی جے پی امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ متھرا میں بھی بی جے پی امیدوار ہار گئے ہیں۔ انتخابی نتائج نے بی جے پی کے بلند بانگ دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایودھیا کے بعد کاشی کے عوام نے بھی بی جے پی کو مسترد کر دیا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ 2027 کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں سخت مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
دوسری جانب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ایک بار پھر اتر پردیش میں سرگرم ہو گئے ہیں۔ لکھنؤ میں انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ریاست میں بی جے پی مسلسل تیسری بار حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی تو یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے اس اعلان پر ایکس کے ذریعے طنز کرتے ہوئے لکھا: ’’بہت دیر کر دی مہرباں آتے آتے۔‘‘
محمد اعظم خان جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار، جوہر یونیورسٹی کی جائیدادیں ضبط
اتر پردیش کے سابق وزیر اور سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما محمد اعظم خان کو رامپور جیل سے رہا ہوتے ہی ای ڈی نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔ اس موقع پر اعظم خان کے حامی بڑی تعداد میں جیل کے باہر موجود تھے۔ گرفتاری سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا: ’’اب کہنے کو بچا ہی کیا ہے؟ مسلمان ہونے کی سزا مل رہی ہے۔ میرا گناہ صرف یہ ہے کہ میں نے یونیورسٹی بنائی اور بچوں کے لیے اسکول کھولا۔‘‘
اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بھی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے ڈبل پین کارڈ کے معاملے میں محمد اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کی سزا معطل کر دی ہے، جس کے بعد دونوں ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔ تاہم، رہائی سے قبل ہی ای ڈی نے رامپور کی ایم پی، ایم ایل اے عدالت سے اعظم خان کی تحویل حاصل کرنے کی درخواست دائر کر دی تھی۔
دوسری جانب ای ڈی نے جوہر ٹرسٹ میں مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی کی زمین اور عمارتیں بھی قرق کر لی ہیں۔ انسدادِ منی لانڈرنگ قانون کے تحت عارضی طور پر ضبط کی گئی ان جائیدادوں کی سرکاری قیمت 626 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، جب کہ ان کی موجودہ بازاری قیمت 1,170 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ جوہر یونیورسٹی کی تعمیر پر تقریباً 99.09 کروڑ روپے، یعنی لگ بھگ ایک ارب روپے خرچ کیے گئے، لیکن جوہر ٹرسٹ صرف 72.63 کروڑ روپے کے اخراجات کا حساب پیش کر سکا۔ ای ڈی کے مطابق باقی رقم کے ذرائع اور مالی لین دین کے بارے میں ٹرسٹ کے عہدیدار تسلی بخش تفصیلات فراہم نہیں کر سکے۔
ای ڈی کے افسران جیل میں بھی محمد اعظم خان سے پوچھ گچھ کر چکے ہیں اور اب ان کی گرفتاری بھی عمل میں آ گئی ہے۔ اس گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے معروف وکیل کپل سبل نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس بھی قانونی دفعات کے تحت جوہر ٹرسٹ کی رجسٹریشن پہلے ہی منسوخ کر چکا ہے۔
ایسے حالات میں قانونی پیچیدگیوں کے درمیان جوہر یونیورسٹی کا تعلیمی سلسلہ برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج دکھائی دیتا ہے۔ تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے قائم ہونے والے اس شاندار تعلیمی ادارے کو اس طرح تباہی کے دہانے پر پہنچتا ہوا دیکھنا ہر تعلیم دوست کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ ملی اور سماجی تنظیموں کو بھی اس ادارے کے تحفظ کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا یونین کی بحالی کی امید روشن
دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی گزشتہ بیس برسوں سے طلبا یونین سے محروم ہے، لیکن طلبا کی مسلسل جدوجہد اور احتجاج کے نتیجے میں اگلے سال انتخابات کا راستہ صاف ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ طلبا کی اٹھارہ روزہ بھوک ہڑتال کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ اگلے سال انتخابات کرانے پر رضامند ہو گئی ہے۔
انتظامیہ نے تحریری ضمانت دی ہے کہ 15 مئی 2027 تک طلبا یونین کا دستور تیار کرکے نافذ کر دیا جائے گا، جب کہ جولائی میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کے چھ ہفتے بعد انتخابات کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ یونین کے دستور کی تیاری میں ہر فیکلٹی سے ایک طالب علم کو نمائندگی دی جائے گی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے اس فیصلے کے بعد طلبا میں جشن کا ماحول ہے۔ طلبا کو امید ہے کہ جلد ہی باقاعدہ تدریسی سرگرمیاں بھی شروع ہو جائیں گی اور تعلیمی ماحول معمول پر آجائے گا۔ اس فیصلے کے بعد اگلے سال جامعہ کے طلبا کو بھی جے این یو اور دہلی یونیورسٹی کی طرح اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع مل سکے گا۔
وہاٹس ایپ کے ذریعے جاسوسی، بہار سے دو نوجوان گرفتار
پاکستان کے نام پر اکثر مسلمانوں کو بدنام کیا جاتا ہے اور ان پر غداری کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں جب جاسوسی کے معاملات میں ملزم کسی بھی مذہب سے تعلق رکھ سکتے ہیں۔ اس کی ایک مثال بہار کے ضلع مشرقی چمپارن کے رکسول علاقے سے سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے دو نوجوانوں آدتیہ پانڈے اور راجہ کمار کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ایک پاکستانی ایجنٹ کے رابطے میں تھے اور اسے واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے کے لیے او ٹی پی فراہم کرتے تھے۔
پولیس نے ملزمین کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ ان کی جانچ میں پاکستانی ایجنٹ کو او ٹی پی فراہم کرنے اور اس کے عوض رقم کی ادائیگی کے شواہد ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش پولیس کی اطلاع پر بہار پولیس نے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پاکستانی ایجنٹ نے ان او ٹی پیز کا استعمال بھارتی موبائل نمبروں پر واٹس ایپ اکاؤنٹس بنانے کے لیے کیا تھا۔ شبہ ہے کہ ان اکاؤنٹس کو ہندوستان مخالف جاسوسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس معاملے کی مزید تحقیقات وجے واڑہ پولیس کر رہی ہے۔ تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ جاسوسی نیٹ ورک کے بارے میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
یو پی اے ٹی ایس کے ہاتھوں پنجاب کے چار نوجوان گرفتار، پاکستان کے لیے جاسوسی کا الزام
اتر پردیش اے ٹی ایس نے پنجاب کے چار نوجوانوں کو پاکستان کے لیے کام کرنے اور خفیہ معلومات فراہم کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں امرتسر کے گگن دیپ سنگھ اور رجت کمار، گرداس پور کا کرش اور ایک نابالغ لڑکا شامل ہے۔ ان پر پاکستان کو خفیہ معلومات فراہم کرنے اور لکھنؤ میں ایک بڑی واردات انجام دینے کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
تحقیقاتی ایجنسیوں کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسیوں سے مبینہ طور پر وابستہ شہزاد بھٹی اور اس کا ہینڈلر رانا سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستان میں نوجوانوں کو اپنے جال میں پھنسا رہے تھے۔ انسٹاگرام اور وہاٹس ایپ کے ذریعے پنجاب کے ان چار نوجوانوں سے رابطہ قائم کیا گیا اور انہیں لکھنؤ میں ایک بڑا حملہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس واردات کے لیے چھ لاکھ روپے طے کیے گئے تھے، جن میں سے تین لاکھ روپے پیشگی ادا کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس خبر پر سوشل میڈیا میں بھی بحث چھڑ گئی ہے۔ نرگس بانو نامی ایکس اکاؤنٹ سے خبر شیئر کرتے ہوئے میڈیا کے ایک طبقے کے دوہرے رویے پر سوال اٹھایا گیا۔ پوسٹ میں لکھا گیا: ’’گودی میڈیا سب سے دوغلا میڈیا ہے۔ جب ملزم مسلمان ہوتا ہے تو صبح سے شام تک ڈھنڈورا پیٹتا ہے، لیکن جب ملزم کسی دوسرے مذہب سے تعلق رکھتا ہے تو خاموشی اختیار کر لیتا ہے اور ایسی خبروں کو دبا دیا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملزم کسی بھی مذہب کا ہو، وہ ملزم ہے۔ اسے مذہب سے جوڑنا سراسر غلط ہے، لیکن میڈیا کا ایک طبقہ صحیح اور غلط کی تمیز کھو چکا ہے۔‘‘
بات بھی یہی ہے کہ جرم کا تعلق کسی مذہب سے نہیں، مجرم کے عمل سے ہوتا ہے۔ جاسوسی ہو یا دہشت گردی، قانون کی گرفت سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔ کسی ایک طبقے کو اجتماعی طور پر موردِ الزام ٹھیرانا بھی غلط ہے اور کسی دوسرے طبقے کے ملزمین کے جرائم پر پردہ ڈالنا بھی غلط ہے۔
تو صاحبو! یہ تھا شمال کا حال۔ آئندہ ہفتے پھر ملیں گے تازہ اور دلچسپ احوال کے ساتھ۔ تب تک کے لیے اللہ اللہ خیر سلا۔


