پہلے کہتے تھے آئے گا تو مودی ہی، اب کہتے ہیں کہیں نہیں جائے گا!
للن مشرا نے کلن سنگھ سے کہا، یار! ایسا لگتا ہے ہمارے ستارے گردش میں آگئے ہیں۔
کلن بولا، لگتا ہے تم بھی راہل گاندھی کی ریلی سے متاثر ہوگئے۔ یہ دیکھو، پورا میدان خالی پڑا تھا۔
یہ ویڈیو تم کو کہاں سے مل گئی؟
اپنے کمل چھاپ رکن پارلیمان نے بھیجی ہے۔ میں تو بھیا صبح شام انہی کی پوسٹ دیکھ کر مست رہتا ہوں۔
للن نے کہا، اسی نشے نے تمہاری آ
نکھوں پر پٹی باندھ دی ہے۔ تمہیں کنوئیں کا مینڈک بنا دیا ہے اور اسی طرح ٹر ٹر کرتے کرتے ڈوب کر مر جاؤ گے۔
کیا بکواس کر رہے ہو یار! کبھی کہتے ہو ستارے گردش میں ہیں، کبھی ڈوب مرنے کی پیش گوئی کرتے ہو۔ ہو کیا گیا ہے؟ لگتا ہے کسی تانترک کو دکھانا پڑے گا؟
دیکھو کلن، اب بھی موقع ہے، سنبھل جاؤ اور صبح پانچ بجے کی ویڈیو سے اپنا دل نہ بہلاؤ۔ یہ جو ریلی، بلکہ عوام کا ریلا تھا نا، اس میں شام پانچ بجے کی بھیڑ دیکھو۔
اچھا، تو شام کو کون سا چمتکار کردیا راہل اور اکھلیش نے؟
بھیا، میں تم کو چیلنج کرتا ہوں کہ ہماری پردھان سمیت شاہ اور یوگی چاہے کتنا ہی روپیہ خرچ کرکے کرائے کے آدمی لے آئیں، ایسی ریلی نہیں کرسکتے۔
دیکھو یار، صبح صبح موڈ خراب نہ کرو۔ ایک زمانے میں ہمارے اڈوانی جی بھی ایسی بڑی بڑی ریلیاں کیا کرتے تھے، لیکن اس سے اقتدار تھوڑی نہ ملا؟
اچھا، تو اب تم ہی بتاؤ کہ پھر یہ سرکار کیسے بنی؟
بھیا، دیکھو 2014 میں تو انا ہزارے کی مہربانی سے بن گئی۔ انہوں نے منموہن سرکار کو کمزور کیا اور اس کا فائدہ ہمیں مل گیا۔ ہماری حکومت بن گئی۔
اچھا، اگر اب کاکروچ ہماری سرکار کو کمزور کریں گے تو کس کی حکومت آئے گی؟
دیکھو، بیکار کی بات نہ کرو۔ کیا سمجھے؟
اچھا، چلو مان لیا، مگر 2019 میں تو کوئی انا یا گنا نہیں تھا، پھر ہم کیسے جیتے؟ 276 سے 303 پر کیسے پہنچے؟
وہ تو بھائی، سرجیکل اسٹرائیک اور ’گھر میں گھس کر مارا‘ کا کمال تھا، جو تیتر کے ہاتھ بٹیر لگ گئی۔
چلو، وہ بھی مان لیا، مگر 2024 میں بھی تو ہم جیتے نا؟ وہ کیسے ہوگیا؟
کیا خاک جیتے؟ 400 پار کا خواب دیکھ رہے تھے، 240 پر کانٹا اٹک گیا۔ معمولی اکثریت بھی نہیں مل سکی۔ میں تو اسے جیت نہیں، ہار مانتا ہوں۔
تم جیسے مایوس لوگوں کے ماننے یا نہ ماننے سے کیا فرق پڑتا ہے؟ ہماری سرکار تو بن گئی نا بھیا، اور کیا چاہیے؟
للن بگڑ کر بولا، ایسی بیساکھیوں والی سرکار کا کیا فائدہ؟ اس طرح ہر روز رسوا ہونے سے تو اچھا تھا کہ حزب اختلاف میں بیٹھتے۔
ارے بھیا، تم یہ تو بتاؤ کہ جہاں کانگریس کو صرف 100 نشستوں پر کامیابی ملی، ہم 240 پر کیسے کامیاب ہوگئے؟
وہی تو جھگڑا ہے۔ گیانیش کمار کی ووٹ چوری سے مرتے پڑتے 240 تک تو پہنچ گئے، لیکن اب وہی ڈکیتی ہمارے گلے کی ہڈی بن گئی ہے۔
یار، دیکھو تم کچھ زیادہ ہی حساس ہوگئے ہو۔ فکر نہ کرو، گیانیش ہمیں 2047 تک الیکشن ہارنے نہیں دے گا۔
اچھا، تو کیا پردھان جی کی مانند اس کو بھی امرت پلا دیا ہے، جو ریٹائر نہیں ہوگا؟ لیکن بھیا، یہ بتاؤ کہ پہلے ہم کہتے تھے ’آئے گا تو مودی ہی‘، مگر اب۔۔۔
کلن بیچ میں بول پڑا، ’’جی ہاں، اب کہتے ہیں مودی کہیں نہیں جائے گا۔‘‘ یہ دونوں ایک ہی بات ہے۔ اس میں کوئی فرق نہیں ہے۔
ان دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ پہلے ہمارے اندر ایک خود اعتمادی تھی، جس سے مخالفین ڈرتے تھے۔ اب یہ خوف اور مدافعت ہے۔
دیکھو بھائی، یہ بات پردھان جی نے گجرات میں کہی اور شاہ جی نے اس کو لکھنؤ میں دہرایا۔ یہ کوئی معمولی نعرہ نہیں ہے۔
انہیں دو کناروں کے بیچ تو دونوں کی نیا ڈول رہی ہے۔ گجرات میں اس نعرے کا مطلب تم نہیں سمجھے۔
اچھا، تو تم ہی سمجھا دو کہ اس کا کیا مطلب ہے۔
بھیا، اس کا مطلب ہے پردھان جی جو گجرات چھوڑ کر وارانسی چلے گئے تھے، اب ’کہیں نہیں جائیں گے‘۔ وہیں اپنے جائے پیدائش وڈ نگر سے لڑیں گے۔
ہاں، تو اس میں کیا غلط ہے؟ کیا وڈ نگر ہندوستان کا حصہ نہیں ہے؟
ہے کیوں نہیں، لیکن کیا تم نے سوچا کہ وہ وارانسی جانے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟
کون کہتا ہے کہ وہ ڈر رہے ہیں؟ وہ کسی سے نہیں ڈرتے۔
میں کہتا ہوں کہ وہ اقتدار کے ہاتھ سے نکل جانے سے خوف زدہ ہیں۔
کلن بولا، لیکن بھیا، وہ تو کہہ چکے ہیں کہ ’مجھے جس چوراہے پر چاہو پھانسی چڑھا دو، میں اس کے لیے تیار ہوں‘۔
دیکھو بھیا، اگر اتنے دنوں کے بعد بھی تم کتھنی اور کرنی کا فرق نہیں سمجھ سکے تو تمہارا علاج لقمان حکیم کے پاس بھی نہیں ہے۔
لیکن کلن، اگر ہم پردھان جی پر نہیں تو کس پر بھروسا کریں؟
ارے بھائی، جب ان کا لنگوٹیا یار، جسے وزیر داخلہ بنایا گیا ہے، اسے انتخابی جملہ کہہ کر اڑا دیتا ہے، یعنی اعتماد نہیں کرتا، تو ہماری تمہاری کیا بساط؟
چلو مان لیا کہ پھانسی چڑھنا غیر عقلی ہے، مگر انہوں نے تو یہ بھی کہا تھا کہ ’فقیر آدمی ہیں، جھولا اٹھا کر چل دیں گے‘۔
جی ہاں، وہ تو اس پر عمل کرسکتے ہیں، لیکن عوام اور ان کے نمائندے جھولا کھول کر دیکھنا چاہتے ہیں کہ اس میں وہ کیا کیا بھر کر لے کر جارہے ہیں؟
اچھا، تو کیا درویش کے جھولے کی تلاشی لی جائے گی؟
جی ہاں، کیوں نہیں؟ یہ نام کے فقیر ہیں، کام کے نہیں؟
یہ تم کیسے کہہ سکتے ہو؟
دیکھو، لوگوں کو ان کی سنگت (دوست و احباب) سے پہچانا جاتا ہے۔
وہ تو میں جانتا ہوں، مگر اس کا پردھان جی سے کیا تعلق ہے؟
گہرا تعلق ہے۔ ان کا چہیتا وزیر کون ہے، جانتے ہو؟
شاہ، اور کون؟ میں تو اسی کو جانتا ہوں۔
جی نہیں، ایک ہردیپ پوری بھی ہے، جس کو راہل گاندھی کی ریلی کے خلاف میدان میں اتارا گیا تھا۔
اچھا، وہ بدنامِ زمانہ ایپسٹین فائل والا کھلاڑی؟ یار، کمال ہے! کیا ہماری پارٹی کو کوئی اور شریف آدمی نہیں ملا؟
آج کل دہلی کا ہندو ہمارے ساتھ نہیں آتا۔ تم نے نہیں دیکھا، کروہ چوتھ کے پہلے دن نتن نبین کی چاندنی چوک میں ریلی کتنی بری طرح فیل ہوگئی۔
ارے یار، اس نے تو تجارت متاثر ہونے والی ہماری دلیل کا گلا گھونٹ دیا، جس کی مدد سے ہم لوگ راہل گاندھی کو ریلی ملتوی کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔
ہاں یار، کروہ چوتھ کے پہلے دن خوب شاپنگ ہوتی ہے۔ اس دن ہم ریلی لے کر چاندنی چوک بازار میں گھس گئے اور سارا دھندا چوپٹ کردیا۔
وہی تو، اب ہم لوگ کس منہ سے دیوالی کے 10 دن پہلے والی ریلی کو ملتوی کرنے کی گہار لگا سکتے ہیں، جبکہ ریلی میں خریداری نے دکانیں خالی کردیں۔
یعنی اپنی تدبیر الٹ گئی، لیکن تم ہردیپ پوری کے بارے میں کیا بتا رہے تھے؟
جی ہاں، مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کی اہلیہ، لکشمی پوری کی سالانہ آمدنی میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تقریباً 11 گنا اضافہ ہوا ہے۔
یہ تمہیں کسی کانگریسی نے بتایا ہوگا؟
جی نہیں، ہردیپ سنگھ پوری نے راجیہ سبھا کے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے وقت دائر کردہ حلف نامے میں یہ انکشاف کیا۔
اچھا! اس میں کیا لکھا ہے؟
لکھا ہے کہ ہردیپ کی اسم بالمسمیٰ زوجہ لکشمی کی آمدنی 2021-22 میں 15.40 لاکھ روپے تھی، جو بڑھ کر 2025-26 میں 1.70 کروڑ روپے ہوگئی۔
اچھا، مگر ہردیپ نے وزیر پٹرولیم بننے کے بعد اپنی آمدنی بڑھائی یا نہیں؟
ارے بھیا، ان کی اپنی سالانہ آمدنی میں تو صرف پندرہ فیصد کا اضافہ ہوا، یعنی وہ 63.37 لاکھ روپے سے بڑھ کر 75.57 لاکھ روپے ہوگئی۔
یار، یہ بھی عجیب آمدنی ہے۔ ہردیپ تو ایپسٹین کی دلالی کرکے بھی بدنامی کے سوا کچھ نہیں کما سکے۔
جی ہاں، اس معاملے میں تو وہ بہت بدنام ہوئے۔ پہلے تو کہا تھا کہ وہ ایپسٹین سے کبھی تنہا نہیں ملے اور اب اس کی تنہائی میں ملاقات کی تصویر شائع ہوگئی۔
ارے بھیا، وہ تو مارکو روبیو کی آمد پر پردھان جی پر دباؤ ڈالنے کا حربہ تھا کہ چپ چاپ تجارتی معاہدے پر دستخط کردو، ورنہ اور بھی تصاویر نکلیں گی۔
لیکن یار، میں نے تو پڑھا تھا کہ بیچارے ہردیپ کو یہ پتا ہی نہیں تھا کہ ایپسٹین کیا دھندے کرتا ہے۔
اچھا، اگر ایسا ہے تو اس نے میل میں یہ کیوں لکھا کہ امید ہے تم اپنے جزیرے سے عیش کرکے لوٹ آئے ہوگے۔ جزیرے کس کی ملکیت ہوتے ہیں؟
ارے بھیا، کسی کا جزیرہ ہے تو ہے؟ میں نے تو سنا ہے خود پوری نے بھی کوئی جزیرہ خرید رکھا ہے۔
میں نے بھی سنا، مگر تصدیق نہیں ہوسکی۔ ویسے ایک جزیرے کے مالک پوری کی بیٹی کو ہی دوسرا جزیرہ والا کتابوں کا تحفہ دستخط کرکے دے گا، ہم آپ کو نہیں۔
اچھا، یہ بتاؤ کہ میں نے سنا ہے، ایپسٹین کی کوئی خاص سہیلی ہندوستان کسی شادی میں آئی تھی اور ہردیپ نے ویزا نکلوایا تھا؟ وہ کس کی شادی تھی؟
کون جانے بھیا، ایپسٹین اور اس چٹوں بٹوں کا سارا کام تو شادی کے بغیر ہوجاتا ہے، وہ اس جھمیلے میں کیوں پڑیں؟
جی ہاں، لیکن سکھ سماج بھی ایسے لوگوں کے کہنے پر کسی کو ووٹ کیوں دے؟
ارے بھیا، مجھے تو ڈر لگتا ہے کہ اگر پردھان جی کے جھولے سے کوئی ایپسٹین والی تصویر یا ڈھانچہ نکل آئے تو کیا ہوگا؟
اسی لیے تو ہماری قیادت ڈری ہوئی ہے، کیونکہ عوام اب ہمارے جھانسے میں نہیں آرہے ہیں۔
یہ انکشاف تم پر کیسے ہوگیا؟
ارے بھائی، دیکھو ہماری گاڑی دو پہیوں پر چلتی ہے۔ ایک تو پردھان جی کی شبیہ اور دوسرے ہمارا نظریہ، ٹھیک ہے؟
جی ہاں، اس میں کیا شک ہے؟
ہاں تو دیکھو، پردھان جی کے وارانسی میں ہم لوگ اساتذہ سمیت گریجویٹ حلقہ انتخاب کا ایم ایل سی انتخاب ہار گئے۔ یہ کس قدر شرم کی بات ہے؟
ارے بھائی، وزیر اعظم تشہیر کے لیے نہیں گئے، اس لیے گڑبڑ ہوگئی۔ اگر جاتے تو یہ نہ ہوتا؟
وہ گئے تھے، لوگ نہیں آئے تو ایئر شو کروا کر کروڑوں پھونکے، مگر پھر بھی ہار گئے۔ راجناتھ سنگھ کے لکھنؤ اور آگرہ میں بھی ایک ایک نشست پر ہار ملی۔
ارے ٹھیک ہے، پھر بھی 11 میں سے 6 پر تو کامیابی ملی نا؟ یہ بتاؤ کہ یوگی کے گورکھ پور میں جیت درج کرائی کہ نہیں؟
بھیا، قانون ساز کونسل کی یہ نہ صرف گورکھپور بلکہ فیض آباد، یعنی ایودھیا کے اساتذہ کی نشست بھی تھی، اس حلقے میں بھی گڑبڑ ہوگئی۔
وہ کیسے؟ وہاں تو ہمارا امیدوار دھرو کمار ترپاٹھی جیت گیا۔
ارے بھائی، وہ بھی صرف 307 ووٹوں کے فرق سے کامیابی ملی نا؟ لیکن اگر سماجوادی ووٹ تقسیم نہ ہوتے تو ہم وہ بھی ہار جاتے۔
اچھا، وہ کیسے؟
اکھلیش نے پہلے کملیش یادو کو ٹکٹ دیا، مگر پھر ہمارے سنجین ترپاٹھی کو سائیکل تھما دی۔ اس سے ناراض ہوکر راجیو یادو میدان میں کود پڑا۔
للن نے سوال کیا، تو اس سے کیا فرق پڑگیا؟ وہ بھی تو دوسرے نمبر پر ہی رہا نا؟
ارے بھیا، سماجوادیوں کے جو 9,503 ووٹ سنجین ترپاٹھی کھا گیا، اگر راجیو یادو کے حصے میں چلے جاتے تو وہ نو ہزار سے زیادہ فرق سے جیت جاتا۔
بھائی، دیکھو جیت تو جیت ہے، اس طرح اگر مگر سے کچھ نہیں ہوتا۔
کیوں نہیں ہوتا؟ تمہیں پتا ہے سنگھ کے مرکز والے شہر ناگپور میں کیا ہوا؟
وہاں کیا ہوگا؟ اس شہر میں موہن بھاگوت کے علاوہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس اور نتن گڈکری بھی رہتے ہیں؟
وہی تو، اس کے باوجود ہمارا امیدوار ہار گیا۔
کیا بکتے ہو؟ یہ نہیں ہوسکتا، کلن۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ مہاراشٹر کی قانون ساز کونسل کے ناگپور گریجویٹس حلقے کا انتخاب ہم ہار جائیں؟
جی ہاں، مجھے بھی یہ خوش گمانی تھی کہ پچھلے سو سال کی محنت سے ہم نے سارے پڑھے لکھے لوگوں کا برین واش کردیا ہے، مگر وہ غلط فہمی دور ہوگئی۔
ارے بھیا، کیا ہوا؟ یہ تو بتاؤ۔ تم تو صرف طعنوں کے تیر برسا رہے ہو؟
ناگپور میں کانگریس کے ابھیجیت ونجاری نے مسلسل دوسری بار ہماری بھارتیہ جنتا پارٹی کے سدھاکر کوہلے کو شکستِ فاش سے دوچار کردیا۔
اچھا، وہ کیسے؟
بھیا، ابھیجیت ونجاری کو کل 67,231 ووٹ ملے، جبکہ ہمارا سدھاکر کوہلے 63,960 ووٹ پاکر ہار گیا۔
ارے بھیا، وہاں بھی ہم گورکھپور جیسی کوئی تگڑم کیوں نہیں لگا سکے؟
بھیا، ہم نے نتیش کرالے نامی ایک آئی پی امیدوار کو لڑایا تھا، مگر وہ صرف 24,249 ووٹ پاسکا۔
بہار میں بھی ہمارے دو کامیاب امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے بعد ہار مل گئی۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ یہ کیا ہورہا ہے۔
یار، مجھے تو لگتا ہے اندر ہی اندر گیانیش کمار دشمنوں سے مل گیا ہے۔ ورنہ یہ ممکن نہیں تھا۔ اب تو ہمیں میڈیا کے سوا کوئی سہارا نہیں ہے۔
تمہیں ایسا کیوں لگتا ہے؟
اس لیے کہ جو میڈیا ہماری گود میں ہے اور اس کی مدد سے ہم کسی کو بھی جھانسا دے سکتے ہیں۔
میرا بھی یہی خیال تھا، مگر اب رائے بدل گئی ہے۔
وہ کیوں؟ ایک انڈین ایکسپریس کی دو چار رپورٹوں سے کیا ہوتا ہے؟
ارے بھیا، پردھان جی کے چہیتے گیانیش کا جینا دوبھر ہوسکتا ہے۔
تو کیا اب ہمیں اس کے لیے بھی نعرہ لگانا پڑے گا کہ گیانیش کہیں نہیں جائے گا؟ میری تو رائے ہے کہ اب اس کو بلی کا بکرا بنا کر پیچھا چھڑا لینا چاہیے۔
یہ کام اتنا آسان نہیں ہے۔
کیوں نہیں؟ بھیا، میں تو کہتا ہوں اس کی جگہ جو بھی آئے گا، وہ بھی پردھان جی کے چرنوں میں بیٹھ کر وہی کرے گا جو گیانیش کررہا تھا۔
گیانیش کمار کو اگر ہم نے بلی چڑھا دیا تو کوئی ایسا نہیں کرے گا، مگر سوال یہ ہے کہ گیانیش کمار کیا کرے گا؟
میں تمہاری بات نہیں سمجھا، وہ کیا بگاڑ لے گا؟
بھیا، وہ اگر سرکاری گواہ بن گیا تو ہماری ساری قیادت جیل کی چکی پیسے گی، کیوں کہ ووٹ چوری کرنا یا کروانا کوئی معمولی جرم تھوڑی نا ہے؟
ہاں یار، رام لیلا میدان کی ریلی کو اسی مدعا نے کامیاب کردیا۔ لوگوں کو اب اپنے ووٹ کی چوری کا احساس ہوگیا ہے اور سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔
بھیا، لوگ کیوں نہ یقین کریں، جب ہمارے یوگی مہاراج خود یہ کہہ رہے ہیں کہ ایک کروڑ ستائیس لاکھ ہندوؤں کے نام کاٹے گئے۔
یار کلن، یہ بتاؤ، کہیں اپنے یوگی بابا بھی تو گیانیش کی طرح بغاوت پر نہیں اتر آئے؟ انہیں یہ بات عوام میں کہنے کی کیا ضرورت تھی؟
یار، لگتا ہے شاہ جی اور یوگی جی کی مہابھارت ہماری لٹیا ڈبو دے گی۔ اب کوئی گیانیش ہمیں بچا نہیں سکتا
ریلی سے ریلے تک ۔۔!

جب اپنے ہی ستارے گردش میں آگئے

