دوا ساز کمپنیوں کے منافع خوری کے رجحان پر سپریم کورٹ کی تشویش
سستی ادویات کے ساتھ معیار اور دستیابی کی ضمانت بھی ضروری
ہمارا ملک ادویات کے شعبے میں دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے۔ اسی لیے اسے ایک اہم فارماسیوٹیکل ہب بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے باوجود بڑی تعداد میں مریضوں کے لیے ضروری ادویات بروقت خریدنا ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، امراضِ قلب اور دیگر طویل المدتی بیماریوں میں مبتلا افراد کو سالہا سال تک دوائیں استعمال کرنا پڑتا ہے۔ اگر ادویات پر ہونے والا خرچ کسی خاندان کی آمدنی کا بڑا حصہ ہڑپنے لگے تو مریض علاج درمیان ہی میں چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ اس کا براہِ راست اثر نہ صرف ان کی صحت بلکہ پورے خاندان کی معاشی حالت پر بھی پڑتا ہے۔
ادویات کی ہر مقام پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی پری یوجنا خاصی اہمیت رکھتی ہے، جس کے تحت جن اوشدھی مراکز پر معیاری جینرک ادویات کم قیمتوں پر فراہم کرائی جاتی ہیں۔ اس پہل کا فائدہ اسی وقت ممکن ہے جب ان مراکز پر ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ موجود ہو اور عوام الناس کو ان کے بارے میں ضروری معلومات بھی فراہم کی جائیں۔ دیہی علاقوں، چھوٹے قصبوں اور پسماندہ علاقوں میں ایسے مراکز کی رسائی بڑھانا اہم ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ادویات کی قیمتوں اور دستیابی کی وقتاً فوقتاً نگرانی کی جائے۔ جہاں بدعنوان تاجر مقررہ اصولوں کی خلاف ورزی کریں، وہاں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، تاکہ عام بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم ادویات مناسب قیمت پر دستیاب ہو سکیں۔
ہر ہسپتال میں ضروری ادویات کی فہرست کے مطابق کم از کم مطلوبہ مقدار میں دواؤں کا ذخیرہ موجود رہنا چاہیے۔ کمی کی صورت میں متبادل سپلائی کا انتظام ہونا چاہیے، جس کے لیے ڈیجیٹل ذخیرہ جاتی نظام نافذ کیا جا سکتا ہے تاکہ اس کی صورتِ حال سے متعلق افسران کو بروقت معلومات مل سکیں۔ اس کے ساتھ ہی عوامی ادویات کے مراکز کو حقیقی معنوں میں بہتر بنایا جائے، محض نعرے بازی تک محدود نہ رکھا جائے اور جینرک ادویات کے تعلق سے لوگوں کا اعتماد بڑھایا جائے۔ ڈاکٹروں کو بھی مریضوں کو مفید جینرک متبادل کے بارے میں معلومات فراہم کرنی چاہئیں۔ اس کے علاوہ ادویات بنانے والی کمپنیوں کے لیے معیار کے سخت ضابطے مقرر کیے جائیں تاکہ کم قیمت کا مطلب کم معیار ہرگز نہ ہو۔ ادویات کی قیمتوں اور ان کی دستیابی سے متعلق معلومات بھی عوام کے لیے قابلِ رسائی بنائی جانی چاہئیں۔
طبی نظام کی کامیابی محض ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کی تعداد سے نہیں ناپی جا سکتی۔ اصل کسوٹی یہ ہے کہ ضرورت پڑنے پر مریض کو صحیح دوا، صحیح قیمت پر اور بروقت دستیاب ہو۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو واضح اہداف، وقتاً فوقتاً جائزے اور جواب دہی کا مؤثر نظام قائم کرنا ہوگا۔ حکومت، طبی شعبے اور ادویات کی صنعت کو مل کر ایسا نظام تشکیل دینا ہوگا جس میں تمام شہریوں کو معیاری ادویات بروقت اور اپنی معاشی استطاعت کے مطابق دستیاب ہو سکیں کیونکہ صحت مند شہری ہی ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہوتے ہیں اور انہی کے ذریعے ملک کی معاشی ترقی بھی بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتی ہے۔
مودی حکومت نے بڑے پیمانے پر آیوشمان بھارت یوجنا کا آغاز کیا تاکہ سماجی اور معاشی طور پر محروم طبقات کو صحت بیمہ کی سہولت فراہم کرکے بہتر اور صحت مند زندگی گزارنے کا موقع دیا جا سکے اور وہ ساہوکاروں کے قرض کے بے رحم جال میں پھنسنے سے محفوظ رہ سکیں۔ اس یوجنا کی بدولت موذی امراض تک کا علاج بلا معاوضہ کرانے اور بہتر طبی سہولیات تک رسائی ممکن ہوئی ہے۔ اس کے نتیجے میں شہریوں کی قوتِ کار میں بہتری اور اضافہ ہوا ہے، جس سے وہ اپنی سماجی اور معاشی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دینے کے اہل ہوئے ہیں۔
اس یوجنا کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ سماجی نا برابری اور طبی عدم مساوات کو کم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن رہی ہے۔ بھارتی سماج، خصوصاً دیہی علاقوں میں، جہاں عدم مساوات بڑے پیمانے پر دیکھنے کو ملتی ہے، اس یوجنا کے ذریعے ہسپتالوں تک رسائی، طبی امور سے متعلق بیداری اور سماجی تفریق سے بالاتر ہوکر کمزور و محروم طبقات کو بڑے پیمانے پر معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ ہمارے ملک میں غربت کی شرح آہستہ آہستہ کم ہوتی جا رہی ہے، جیسا کہ حکومت کا دعویٰ ہے لیکن اس کے باوجود 80 کروڑ غریبوں میں پانچ کلو اناج کی تقسیم کا نظام آج بھی قائم ہے۔ کل آبادی کا 12.4 فیصد حصہ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہا ہے۔ ہمارے ملک میں صحت پر ہونے والے مجموعی اخراجات کا 62.6 فیصد حصہ عوام اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں۔ صحت پر اپنی جیب سے خرچ کرنے والے ممالک میں بھارت بھی شامل ہے۔ صحت کے شعبے میں اپنی جیب سے کیے جانے والے اخراجات نے ملک میں غربت کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیشنل سیمپل سروے آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں غربت میں تقریباً 2.61 فیصد اضافہ صحت سے متعلق اخراجات کی وجہ سے ہوتا ہے۔
اگر کسی غریب خاندان کا کوئی فرد طویل عرصے تک بیمار رہ کر گھر یا ہسپتال میں رہنے پر مجبور ہو جائے تو آمدنی کا ذریعہ متاثر ہونے کے باعث پورا خاندان غربت کی کھائی میں دھنستا چلا جاتا ہے۔
آیوشمان بھارت یوجنا کے تحت سال بھر میں پانچ لاکھ روپے تک کا کیش لیس علاج سرکاری طور پر نامزد ہسپتالوں میں فراہم کیا جاتا ہے۔ اس یوجنا کے تحت اب تک 42.31 کروڑ سے زائد آیوشمان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس عوامی طبی یوجنا نے دیہات سے لے کر شہروں کی جھگی بستیوں تک اپنا دائرہ کار وسیع کیا ہے۔ تاہم، آج بھی بڑی تعداد میں ایسے لوگ موجود ہیں جو افسران کی خود غرضی اور بدعنوانی کے باعث اس یوجنا سے فائدہ اٹھانے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اکثر یہ شکایات بھی سامنے آتی ہیں کہ بعض نجی ہسپتال یوجنا کے تحت نامزد ہونے کے باوجود مستحق مریضوں کا علاج کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔
دوسری طرف، ملک نے شعبہ صحت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران ترقی کی ہے، مگر آج بھی عوام الناس کو کفایتی اور بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ بیماری کی حالت میں ہسپتال میں داخلے اور طبی جانچ کی فیس کے ساتھ ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بھی مریضوں کے لیے بھاری پڑ رہی ہیں۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ ادویات کی تیاری کی لاگت اور ان کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) کے درمیان اتنا زیادہ فرق ہوتا ہے کہ ان کی قیمتیں مریضوں کی پہنچ سے دور ہو جاتی ہیں۔ جب ادویات کی تیاری پر نسبتاً کم خرچ آتا ہے تو بازار میں ان کی خوردہ قیمتوں اور پیداواری لاگت کے درمیان اتنا فرق کیوں رکھا جاتا ہے؟ سپریم کورٹ نے گزشتہ منگل کو اسی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے استفسار کیا کہ کیا دوا ساز کمپنیوں کو اس طرح کی من مانی کی چھوٹ دی جاتی رہے گی؟ ساتھ ہی یہ سوال بھی اٹھایا کہ پورا نظام دوا ساز کمپنیوں کی مدد کرنے پر کیوں مرکوز ہے؟
ظاہر ہے کہ کسی دوا کی تیاری کی لاگت میں خام مال، تحقیق، تجربات، پیداوار، معیار کی جانچ، پیکجنگ اور تقسیم پر ہونے والے اخراجات کے علاوہ منافع بھی شامل ہوتا ہے۔ اس لیے حقیقی پیداواری لاگت اور آخری فروخت کی قیمت میں فرق ہونا فطری ہے لیکن جب یہ فرق غیر معمولی حد تک بڑھ جائے تو دوا کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر سوال اٹھنا بھی فطری ہے۔ یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے کہ بعض ادویات کے معاملے میں ایک ہی ترکیب (کمپوزیشن) والی دوا مختلف دوا ساز کمپنیاں الگ الگ قیمتوں پر فروخت کرتی ہیں۔ زیادہ قیمت والی ادویات فروخت کرانے کے لیے کمپنیاں اپنے نمائندوں کے ذریعے ڈاکٹروں کو بھاری بھرکم رشوت دے کر وہ دوائیں تجویز کرواتی ہیں۔ ایسے میں یہ سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے کہ مہنگی ادویات حقیقتاً کس حد تک بہتر ہیں اور پورا نظام دوا ساز کمپنیوں کے مفادات کے لیے کیوں کام کر رہا ہے۔
ایسے حالات میں مریضوں اور تیمارداروں کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے کہ مہنگی ادویات واقعی کس حد تک مؤثر اور معیاری ہیں۔ خصوصاً کینسر جیسے موذی امراض کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت اور پیداواری لاگت کے درمیان بڑے فرق کے باعث ان کی قیمتیں بہت زیادہ ہو جاتی ہیں، حالاں کہ ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے قومی ادویہ قیمت اتھارٹی (این پی پی اے) جیسا ادارہ موجود ہے۔ مگر دوا ساز کمپنیوں کی من مانی اور بدعنوانی کے پیش نظر سپریم کورٹ نے اس ادارے کے طرزِ عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل طور پر بے جان ادارہ بن گیا ہے۔ دراصل اس معاملے پر حکومت کو بھرپور توجہ دینی چاہیے تھی لیکن اب سپریم کورٹ کو مداخلت کرتے ہوئے احکامات صادر کرنے پڑ رہے ہیں۔ عدالت نے تفتیش کے بعد پایا ہے کہ بعض ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت اور پیداواری لاگت کے درمیان چار سو فیصد سے زائد کا فرق ہے۔ اس فرق سے حاصل ہونے والی ایک بڑی رقم مبینہ طور پر دلالوں، ٹھیکے داروں اور کمپنی مالکین کے ذریعے متعلقہ ذمہ داروں اور اعلیٰ افسران تک پہنچتی ہے۔ کئی بار مہنگی ادویات خریدنے کی استطاعت نہ ہونے کے باعث مریضوں کی جان بھی چلی جاتی ہے اور وہ علاج کی امید میں ایڑیاں رگڑتے ہوئے موت کو گلے لگا لیتے ہیں۔
یاد رہے کہ مرض کسی کی معاشی حیثیت دیکھ کر نہیں آتا مگر علاج کا خرچ اکثر مریض کی معاشی حیثیت دیکھ کر اس کا مستقبل طے کرنے لگتا ہے۔ کسی خاندان میں اگر کوئی موذی اور جان لیوا مرض دستک دیتا ہے تو اس کی فکر محض مریض کی صحت تک محدود نہیں رہتی، بلکہ ادویات کے اخراجات، طبی جانچ اور ہسپتال کے بلوں کی ادائیگی بھی ایک بڑا مسئلہ بن جاتی ہے۔ ادویات بنیادی ضرورت ہیں، اس لیے ان کی دستیابی اور مناسب قیمتوں کا تعین حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ملک کے سماجی و معاشی تناظر کو دیکھتے ہوئے ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول انتہائی ضروری ہے۔ بھارت اپنی پیٹنٹ پالیسی کی وجہ سے جینرک ادویات کو فروغ دینے میں کامیاب رہا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹنٹ کی مدت ختم ہونے کے بعد ان ادویات کی مناسب قیمتوں پر دستیابی ممکن ہوتی ہے اور مریضوں و ان کے تیمارداروں کے لیے علاج کا خرچ کسی حد تک قابلِ برداشت ہو جاتا ہے۔
سب سے اہم بات ادویات کا معیاری ہونا ہے۔ محض تجارتی منافع کی شرح کم کرنے سے ادویات کا معیار متاثر نہیں ہونا چاہیے لیکن قیمتوں پر غیر ضروری دباؤ کے باعث بعض کمپنیاں پیداوار کم کر سکتی ہیں یا بازار سے نکل سکتی ہیں۔ نقلی اور کم معیار کی ادویات کا مسئلہ پہلے ہی بازار میں موجود ہے۔ کینسر کے علاج میں یہ صورتِ حال خصوصاً خطرناک ہو سکتی ہے کیونکہ دوا کے مؤثر نہ ہونے کو بیماری کے بڑھنے کا نتیجہ سمجھ لیا جاتا ہے۔ اس لیے ملک میں ادویات کے معیار کی جانچ اور ان کی سپلائی کی نگرانی بھی ضروری ہے۔ دراصل، مریض کو محض سستی دوا نہیں بلکہ صحیح، معیاری اور قابلِ اعتماد علاج بھی درکار ہے
علاج و معالجہ سب کی دسترس میں ہو

ادویات کی قیمتوں میں من مانی، مریضوں کے لیے علاج دشوار

