سیلاب، ہمالیائی گلیشیئر، عالمی حدت اور تباہی کے لیے جرمانہ کا مطالبہ
پگھلتے ہمالیہ کا بڑھتا خطرہ: برفانی جھیلوں سے اچانک سیلاب تک۔خاموش وارننگ: تباہی کا راستہ کیسے روکا جائے؟
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’آدمی کے جھوٹا ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ ہر سنی ہوئی بات بیان کرتا پھرے۔‘‘
یہ حدیث آج کے سوشل میڈیا کے دور میں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوگئی ہے۔ کوئی خبر،تصویر، ویڈیو یا دعویٰ چند لمحوں میں ہزاروں، لاکھوں افراد تک پہنچ جاتا ہے، لیکن اس کی صحت جانچنے کی زحمت کم ہی لوگ کرتے ہیں۔
وائرل ویڈیوز کا پردہ فاش۔۔۔
نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب/ہمالیائی آفت کے بعد سوشل میڈیا پر دو طرح کی غیر مصدقہ باتیں پھیل رہی ہیں:
۱۔ کچھ لوگ اسے مسلمانوں پر پچھلے دنوں ہونے والے ظلم کے بدلے اور ’’اللہ کا عذاب‘‘ بتا کر پیش کررہے ہیں۔
۲۔ کچھ کہہ رہے ہیں کہ سیلاب کے بعد بڑی تعداد میں نیپالی باشندے اسلام قبول کر رہے ہیں یا مسلمان قرآن کی اجتماعی تلاوت کر رہے ہیں۔
نیپال کی قیامت خیز تباہی نے عالمی توجہ حاصل کی اور موسمیاتی تبدیلی، گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں سے متعلق کئی سوالات اٹھائے۔ نیپالی وزیر خزانہ کی جانب سے اس قیامتِ صغریٰ سے ہونے والے نقصانات کےلیےبھارت، چین اور امریکہ سمیت اقوام متحدہ سے معاوضے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔ ایسے حساس معاملات میں جذبات اپنی جگہ، لیکن ہر دعوے کو مستند مان لینا صحافتی اور اخلاقی دونوں اعتبار سے درست نہیں۔
قرآن مجید بھی خبر کی تحقیق کے بارے میں واضح ہدایت دیتا ہے،
’’اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لائے تو اچھی طرح تحقیق کرلیا کرو، ایسا نہ ہو کہ نادانی میں کسی قوم کو نقصان پہنچا بیٹھو اور پھر اپنے کیے پر پشیمان ہو۔‘‘
وائرل مواد کی حقیقت:
نیپال کے سیلاب کے بعد متعدد ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں جنہیں موجودہ فلیش فلڈ یا نیپال میں رونما ہونے والے واقعات سے منسوب کیا گیا، حالانکہ ان کا تعلق دوسرے ممالک یا پرانے واقعات سے تھا۔
مثلاً سعودی عرب کی ایک مسجد میں دو سال قبل اسلام قبول کرنے کے واقعے کی ویڈیو کو نیپال کا واقعہ قرار دے کر شیئر کیا گیا۔ اسی طرح قرآن پڑھنے والے ایک گروپ کی ویڈیو بھی نیپال سے منسوب کی گئی، جبکہ اس کا تعلق کرغیزستان سے بتایا گیا۔
یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ وائرل ہونا کسی خبر کے درست ہونے کی ضمانت نہیں۔ خاص طور پر مذہبی نوعیت کے مواد میں جذباتی وابستگی تحقیق کا متبادل نہیں بن سکتی۔ آج کسی تصویر کی ابتدائی جانچ کے لیے گوگل ریورس امیج اور گوگل لینس جیسے ذرائع دستیاب ہیں۔ ویڈیو سرچ کے ذریعے بھی یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کوئی منظر پہلے کب اور کہاں استعمال ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ انڈیا ٹوڈے فیکٹ چیک، بوم لائیو، آلٹ نیوز، نیوز منٹ فیکٹ چیک اور نیوز چیکر جیسے ادارے بھی وائرل دعوؤں کی جانچ کرتے ہیں۔ خبر شیئر کرنے سے پہلے اس کا ماخذ، تاریخ، مقام اور اصل پس منظر جانچ لینا ایک معمولی مگر اہم احتیاط ہے۔
سیلاب کے درمیان انسانی خدمت:
دوسری جانب نیپال میں سیلاب کے دوران مختلف مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے متاثرین کی مدد کی۔ مسلمان بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک بلکہ حکومت کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہے اور کئی علاقوں میں مساجد اور مقامی برادریوں کے ذریعے رقم اور ضروری سامان جمع کرکے متاثرین تک پہنچایا گیا۔
مسلمانوں کی قربانیاں
نیپال میں متعدد مقامی، قومی و بین الاقوامی اداروں نے امدادی و راحتی کام انجام دیا جن میں مسلمان بھی پیش پیش رہے۔ ہفت روزہ دعوت سے بات کرتے ہوئے کٹھمنڈو کے مجیب الرحمان نےبتایا کہ جوں ہی تباہ کن سیلاب کے بارے میں پتہ چلا تو ہر ایک نیپالی شہری نے بغیرکسی تفریق کے اپنی اپنی سَکت کے مطابق بچاو کا کام شروع کر دیا۔ زیادہ متاثرہ علاقے تریشولی، سپتری، سونساری، گورکھا بارہ اور پارسا اور نیپال گنج میں بھی مسجدوں اور محلوں سے رقم اور راحتی سامانوں کی امداد جمع کر کے تقسیم کی گئی۔ اور یہ عمل انجام دیتے وقت ان کے ذہن میں تھا ہی نہیں کہ ان کا نام چمک جائے گا، تصویریں شائع ہوں گی بلکہ انسانی بنیادوں پر بغیر تفریق کیے وہ متاثرین کی مدد کرنے میں لگ گئے تھے۔ نووا کوٹ کے تربھوون تریشولی اسکول سے وابستہ سلطان لاما کی مثال خاص طور پر قابل ذکر ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیلاب کی پیشگی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے اسکول کے عملے کےساتھ مل کر تقریباً 1,643 طلبا و طالبات کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں مدد کی اور اسی کوشش میں اپنی جان گنوا دی۔
یہ واقعہ یاد دلاتا ہے کہ قدرتی آفت کے وقت انسانی جان بچانا مذہبی اور سماجی تقسیم سے بالاتر ترجیح ہے۔
اسلامک ریلیف نیپال نے بھی نووا کوٹ اور راسوا جیسے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں بھیجیں، عارضی پناہ گاہوں اور ضروری سامان کی فراہمی کے ساتھ مقامی انتظامیہ کے تعاون سے زمینی جائزہ لیا۔ اس ادارے نے 2015 کے گورکھا زلزلے کے دوران بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔
خبر بھی ایک ذمہ داری ہے
نیپال کا سانحہ دو اہم ذمہ داریاں سامنے لاتا ہے: متاثرین کی مدد اور معلومات کی صحت
سوشل میڈیا نے ہر شخص کو خبر آگے تک پہنچانے کی طاقت دے دی ہے، لیکن اس کے ساتھ خبر کی تصدیق کی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ خاص طور پر مذہبی جذبات سے وابستہ مواد کو بغیر تحقیق کے پھیلانا نہ صرف غلط معلومات کو فروغ دیتا ہے بلکہ معاشرے میں غلط فہمی بھی پیدا کرسکتا ہے۔ اس لیے کسی وائرل خبر، تصویر یا ویڈیو کو آگے بڑھانے سے پہلے چند لمحے رک کر یہ سوال کرنا ضروری ہے:
یہ خبر کہاں کی ہے؟ کب کی ہے؟ اصل ماخذ کیا ہے؟ اور کیا کسی معتبر ذریعے نے اس کی تصدیق کی ہے؟ اگر مکمل یقین نہ ہو تو اس کو قطعا فارورڈ نہ کیا جایے ورنہ تمام خلوص اور نیک نیتی کے باوجود، جھوٹ پھیلانے کا گناہ سر آ جایے گا۔
قرآن کی ہدایت اور رسول اللہ ﷺ کی تعلیم کا بنیادی تقاضا بھی یہی ہے کہ سنی سنائی بات کو تحقیق کے بغیر آگے نہ بڑھایا جائے۔ نیپال جیسے سانحے میں متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا انسانی فرض ہے، لیکن درست خبر پھیلانا بھی اسی ذمہ داری کا ایک اہم حصہ ہے۔
’’ اچانک سیلاب‘‘ کی حقیقت:
اچانک سیلاب فلیش فلڈ اور پگھلتے گلیشیئرکی زد پر صرف نیپال نہیں، بھارت، چین، بھوٹان اور پاکستان بھی ہیں۔ حالانکہ ہمالیہ کی برف خاموشی سےمگر لگاتار پگھل رہی ہے، بس اس کے اثرات خاموش نہیں۔ سکڑتے گلیشیئرز کے ساتھ پھیلتی برفانی جھیلیں، کمزور ہوتے قدرتی بند اور غیر مستحکم پہاڑی ڈھلوانیں ایسے خطرات کو جنم دے رہی ہیں جو ’’ اچانک سیلاب‘‘ کی صورت میں چند منٹوں میں پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ نیپال سے بھارت اور بھوٹان تک ہمالیائی خطہ اس بدلتے ہوئے برفانی نظام کے اثرات کا سامنا کر رہا ہے۔ تاہم ہر اچانک سیلاب کو ’’گلیشیئر پگھلنے‘‘ کا نتیجہ قرار دینا درست نہیں؛ کہیں برفانی جھیل کا بند ٹوٹتا ہے، کہیں برفانی تودہ یا چٹانی ڈھلوان گرتی ہے اور کہیں شدید بارش تباہی کو جنم دیتی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہمالیہ کی یہ خاموش تبدیلی اگلی بڑی آفت سے پہلے ہمیں خبردار کر رہی ہے؟
ہمالیہ کی بلند وادیوں میں برف کا پگھلنا اب صرف گلیشیئرز کے سکڑنے کی کہانی نہیں رہا۔ پگھلتی برف سے بننے والی جھیلیں، کمزور ہوتے قدرتی بند، غیر مستحکم پہاڑی ڈھلوانیں اور شدید بارشیں مل کر ایسے سیلابی خطرات پیدا کر رہی ہیں جو چند گھنٹوں، بلکہ بعض اوقات چند منٹوں میں وادیوں کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔
ہر اچانک پیش آنے والا ہمالیائی سیلاب، گلیشیئر جھیل کے پھٹنے سے نہیں آتا۔ بعض واقعات ’’گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ‘‘ یعنی جی ایل او ایف ہوتے ہیں، جبکہ بعض میں برفانی تودہ، چٹانی ڈھلوان کا انہدام، شدید بارش یا ان عوامل کا مجموعہ شامل ہوتا ہے۔
اسی لیے کسی بھی تازہ سانحے کو صرف ’’گلیشیئر پگھلنے‘‘ کا نتیجہ قرار دینا سائنسی اور دیگر اعتبار سے احتیاط کا متقاضی ہے۔
ہمالیہ میں بدلتا ہوا برفانی نظام
نیپال سے متعلق تحقیقی مطالعات میں گزشتہ چند دہائیوں کے دوران درجہ حرارت میں اضافے، گلیشیئرز کے سکڑنے اور برفانی ذخیرے میں کمی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گلیشیئروں کے پیچھے ہٹنے سے برفانی جھیلوں کی تعداد، رقبہ اور حجم بھی بڑھ رہا ہے۔
تحقیق کے مطابق 1987 سے 2017 کے درمیان نیپال میں برفانی جھیلوں کے رقبے میں اوسطاً تقریباً 0.83 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جبکہ 2020 تک تقریباً 2,420 برفانی جھیلوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
خطرہ اس وقت سنگین ہوتا ہے جب ایسی جھیل کے سامنے موجود برف، مٹی، پتھر اور برفانی ملبے کا قدرتی بند کمزور پڑ جائے۔ بند ٹوٹنے پر لاکھوں مکعب میٹر پانی اچانک نیچے کی وادیوں کی طرف بہہ سکتا ہے۔ اس عمل کو جی ایل او ایف کہا جاتا ہے۔
برفانی تودے کا جھیل میں گرنا، چٹانوں کا اچانک کھسکنا، شدید بارش، زلزلہ، جھیل کے پانی کا دباؤ بڑھنا یا قدرتی برفانی بند کا کمزور ہونا اس کے محرکات میں شامل ہو سکتے ہیں۔
ایک اصطلاح، مختلف خطرے:
’’اچانک سیلاب‘‘ اور ’’جی ایل او ایف‘‘ کو ایک دوسرے کا مترادف سمجھنا درست نہیں۔
مثلاً اگر گلیشیئر سے متصل چٹانی ڈھلوان کا بڑا حصہ اچانک منہدم ہو کر پانی اور ملبے کو وادی میں دھکیل دے تو تباہ کن اچانک سیلاب آ سکتا ہے، لیکن ضروری نہیں کہ یہ جی ایل او ایف ہو۔
اسی لیے ابتدائی خبر میں ’’برفانی تودے یا گلیشیئر کے انہدام سے پیدا ہونے والا اچانک سیلاب‘‘ کہنا زیادہ محتاط رویہ ہوگا، جب تک ماہرین اس بات کی تصدیق نہ کر دیں کہ برفانی جھیل کا قدرتی بند ٹوٹا تھا۔
کیا ایورسٹ بیس کیمپ بھی ذمہ دار ہے؟
یہ سوال حالیہ برسوں میں زیادہ اہم ہوا ہے، خصوصاً جب دنیا کے بلند ترین پہاڑ پر انسانی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ لیکن یہ کہنا درست نہیں کہ ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ یا کوہ پیما ہمالیہ کے پگھلنے کی بنیادی وجہ ہیں۔ عالمی حدت کا بنیادی محرک گرین ہاؤس گیسوں کا عالمی اخراج ہے۔
البتہ مقامی سطح پر انسانی سرگرمیاں برفانی ماحول پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہیں۔ مثلا بیس کیمپوں میں انسانی فضلہ، ایندھن کا استعمال اور اس سے پیدا ہونے والا کالا کاربن برفانی ماحول کو متاثر کر سکتا ہے۔ کالا کاربن برف کی سورج کی روشنی منعکس کرنے کی صلاحیت کم کرتا ہے، جس کے نتیجے میں برف زیادہ حرارت جذب کر سکتی ہے۔
اس لیے بیس کیمپ کو ہمالیائی بحران کا بنیادی سبب قرار دینے کے بجائے اسے مقامی انسانی دباؤ کا ایک اضافی عنصر سمجھنا زیادہ درست ہے۔
مگرکیا کوہ پیما مسئلے کے بجائے حل کا حصہ بن سکتے ہیں؟
یہی پہلو اس بحث کو ایک نئے رخ پر لے جاتا ہے۔ کوہ پیما، شیرپا رہنما، ٹریکنگ ٹیمیں اور بیس کیمپ کا عملہ ان حساس علاقوں میں موجود ہوتے ہیں جہاں عام نگرانی کا نظام محدود ہو سکتا ہے۔ انہیں تربیت دے کر ’’انسانی سینسر‘‘ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
برف میں نئی دراڑ، پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ، جھیل کے کنارے میں تبدیلی، برفانی تودوں کی سرگرمی، چٹانی تودے گرنے یا گلیشیئر کی غیر معمولی حرکت—ایسی علامات کی فوری اطلاع بڑے حادثے سے پہلے وارننگ جاری کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
تاہم انسانی مشاہدہ جدید سائنسی نگرانی کا متبادل نہیں بن سکتا۔ سیٹلائٹ، خودکار موسمی مراکز، پانی کی سطح ناپنے والے آلات اور زلزلہ پیما نظام کے ساتھ مقامی مشاہدات کو جوڑنا زیادہ مؤثر حکمتِ عملی ہوگی۔
اصل حل: سیلاب آنے سے پہلے وارننگ:
ہمالیائی ممالک کے لیے سب سے اہم ضرورت خطرناک برفانی جھیلوں کی مسلسل نگرانی ہے۔
سیٹلائٹ کے ذریعے صرف سالانہ تبدیلیاں دیکھنا کافی نہیں۔ خطرناک جھیلوں کی سطح، رقبہ، قدرتی بند کی مضبوطی، گلیشیئر کی حرکت اور اردگرد کی پہاڑی ڈھلوانوں پر مسلسل نظر رکھنا ضروری ہے۔
اس کے بعد دوسرا مرحلہ ابتدائی انتباہی (وارننگ) نظام ہے۔
وارننگ صرف دارالحکومت یا ضلعی ہیڈکوارٹر تک نہیں پہنچنی چاہیے بلکہ چند منٹوں میں اسے متاثرہ دیہات، پن بجلی گھروں، سیاحتی راستوں، اسکولوں، پلوں، شاہراہوں اور سرحدی چوکیوں تک پہنچنا چاہیے۔ نیپال کی امجا جھیل کے علاقے میں ابتدائی انتباہی نظام اس سمت میں ایک اہم مثال پیش کرتا ہے۔
ہمالیہ کی سرحدیں الگ، پانی کا خطرہ مشترک:
ہمالیائی آبی نظام سیاسی سرحدوں کا پابند نہیں۔ ایک گلیشیئر چین میں ہو سکتا ہے، جھیل ایک سرحدی خطے میں اور اس سے آنے والا سیلاب نیپال یا بھارت کی وادیوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
اسی لیے چین، نیپال، بھارت، بھوٹان اور پاکستان کے درمیان گلیشیئر کی حرکت، پانی کی سطح، موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات کا بروقت تبادلہ انتہائی اہم ہوتا جا رہا ہے۔
مستقبل کی ہمالیائی آفات سے نمٹنے میں سرحد پار معلومات کا تبادلہ شاید اتنا ہی اہم ہوگا جتنا کہ مقامی سطح پر بند اور حفاظتی ڈھانچے بنانا۔
خطرناک جھیلوں کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے؟
جہاں سائنسی جائزہ کسی برفانی جھیل کے قدرتی بند کو انتہائی خطرناک قرار دے، وہاں حالات کے مطابق پانی کی سطح کو قابو میں رکھنے کے لیے مصنوعی نکاسی، نکاسی کی سرنگیں، اضافی پانی کے راستے اور حفاظتی ڈھانچے بنائے جا سکتے ہیں۔
لیکن ہر جھیل کے لیے ایک ہی حل ممکن نہیں۔ انجینئرنگ کے کسی بھی اقدام سے پہلے مقامی ارضیات، جھیل کی ساخت، پانی کے حجم اور ممکنہ سیلابی راستے کا تفصیلی جائزہ ضروری ہے۔
اسی طرح سڑکوں، پلوں، پن بجلی منصوبوں اور نئی آبادیوں کی منصوبہ بندی پرانے سیلابی نقشوں کے بجائے نئے خطراتی نقشوں کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
بیس کیمپ: سیاحتی مرکز سے موسمیاتی نگرانی مرکز تک
ایک نئی پالیسی سوچ یہ ہو سکتی ہے کہ بڑے کوہ پیمائی کیمپوں کو صرف سیاحتی مراکز نہ سمجھا جائے بلکہ انہیں موسمیاتی نگرانی کے مراکز کے طور پر بھی استعمال میں لایا جائے۔
ایسے کیمپوں میں موسمیاتی اسٹیشن، گلیشیئر کیمرے، پانی کی سطح ناپنے والے آلات، جی پی ایس، زلزلہ پیما آلات اور سیٹلائٹ مواصلاتی نظام نصب کیے جا سکتے ہیں۔
کوہ پیمائی مہمات چلانے والے اداروں کو بھی فضلہ واپس لانے، ایندھن کے استعمال اور کالے کاربن کے اخراج کو کم کرنے، گلیشیئر پر غیر ضروری تعمیر سے گریز اور ہنگامی انخلا کی مشقوں میں حصہ لینے کا پابند کیا جا سکتا ہے۔
یوں دنیا کے بلند ترین مقامات پر موجود انسانی سرگرمی ایک ماحولیاتی بوجھ کے بجائے موسمیاتی نگرانی کے نیٹ ورک کا حصہ بن سکتی ہے۔
خطرے کی پوری زنجیر:
ہمالیہ میں بڑھتا ہوا خطرہ ایک دوسرے سے جڑے کئی عوامل کا نتیجہ ہے جیسے کہ
عالمی حدت
گلیشیئرز کا سکڑنا
برفانی جھیلوں کا پھیلنا
قدرتی برفانی و چٹانی بندوں کا عدم استحکام
جی ایل او ایف، برفانی تودے یا لینڈ سلائیڈنگ
اچانک سیلاب اور ملبے کا بہاؤ
سڑکوں، پلوں، پن بجلی منصوبوں اور آبادیوں کو نقصان۔
اس زنجیر میں عالمی حدت ایک اہم محرک ہے، لیکن ہر سیلاب کو براہِ راست موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ قرار دینا بھی درست نہیں۔ مقامی ارضیات، شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی عوامل بھی فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔
آخری سوال:
ہمالیہ کو صرف ’’دنیا کا پانی کا ٹاور‘‘ سمجھنے کا دور شاید بدل رہا ہے۔ یہ خطہ اب ایک تیزی سے تبدیل ہوتا ہوا برفانی نظام بھی ہے، جہاں گلیشیئرز کا سکڑنا، برفانی جھیلوں کا پھیلنا اور پہاڑی ڈھلوانوں کا عدم استحکام مستقبل کے سیلابی خطرات کو بڑھا رہے ہیں۔
اس چیلنج کا جواب صرف عالمی حدت کم کرنے تک محدود نہیں ہو سکتا۔ سیٹلائٹ نگرانی، ابتدائی انتباہ، سرحد پار معلومات کا تبادلہ، خطرناک جھیلوں کی سائنسی انجینئرنگ، محفوظ زمینی منصوبہ بندی اور کوہ پیمائی کیمپوں کو موسمیاتی نگرانی کے مراکز میں تبدیل کرنا بھی اسی حکمتِ عملی کا حصہ ہونا چاہیے۔اور سب سے اہم احتیاط یہ ہے کہ بیس کیمپ یا کوہ پیماؤں کو ہمالیہ کے پگھلنے کا بنیادی مجرم نہ بنایا جائے۔ اصل بڑے پیمانے کا محرک عالمی حدت ہے؛ انسانی سرگرمیاں بعض مقامات پر اس خطرے میں مقامی اضافہ کر سکتی ہیں، جبکہ وہی انسانی موجودگی بروقت نگرانی اور ابتدائی انتباہ کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ یہ سب اسی وقت ممکن العمل ہے جب انسان دنیا کو اپنا حق سمجھنے کی بجائے آئندہ نسلوں کی امانت خیال کر کے اس میں تصرف کرے اور اپنے خالق و مالک کے سامنے ہر نعمت کی جواب دہی کے احساس کے ساتھ زندگی گزارے۔
نیپال میں قیامتِ صغریٰ:خبر کی تصدیق اور انسانی خدمت کا امتحان

مصیبت کی گھڑی میں امداد کے ساتھ درست معلومات کی فراہمی بھی ضروری

