ابو عمار قاسمی
ایک ایسے وقت میں جب بھارت کی ایک بڑی آبادی ’’ووٹ چوری‘‘ اور الیکشن کمیشن کے مبینہ غیر قانونی اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہے، ملک میں آزادیِ صحافت اور سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کی حکومتی کوششوں پر بحث تیز ہو گئی ہے۔ خاص طور پر انسٹاگرام، جہاں حال ہی میں وزیر اعظم مودی کی آمد ہوئی ہے، سے گزشتہ چار مہینوں میں ہزاروں پوسٹس حذف کی گئی ہیں۔
دوسری طرف، ’ڈی پی ڈی پی ایکٹ‘ (DPDP Act) کے قواعد اگلے سال نافذ ہونے کے امکانات کے بعد یہ خدشات شدید ہو گئے ہیں کہ اس قانون کے نفاذ سے ملک میں آزادیِ صحافت بری طرح متاثر ہو گی۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس ایکٹ کے بعد صحافیوں کے لیے خفیہ ذرائع (Sources) کی مدد سے رپورٹنگ کرنا انتہائی دشوار ہو جائے گا، کیونکہ انہیں اپنے ذرائع ظاہر کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
ظاہر ہے کہ اپنے ذرائع کی رازداری برقرار رکھنا صحافیوں کا بنیادی حق ہے۔ خفیہ ذرائع کی مدد سے ہی صحافی ان خبروں اور رازوں کو منظرِ عام پر لانے میں کامیاب ہوتے ہیں جو بند کمروں میں انجام پاتے ہیں اور جن سے عوامی مفادات متاثر ہوتے ہیں۔ آزادیِ صحافت ہی کا نتیجہ تھا کہ ایک انگریزی اخبار کے صحافیوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور ایس آئی آر (SIR) کی خامیوں کو اپنے ذرائع کی مدد سے سامنے لایا۔ اب یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر یہ ایکٹ اپنے موجودہ ڈھانچے کے ساتھ نافذ ہو گیا تو اس طرح کی تحقیقاتی خبریں سامنے لانا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔
اسی بنیاد پر ڈیجیٹل نیوز پبلشرز ایسوسی ایشن (DNPA)—جو ’دی نیو انڈین ایکسپریس‘، ’دی ہندو‘، ’دینک بھاسکر‘، ’ٹائمز انٹرنیٹ‘، ’انڈیا ٹوڈے‘، ’این ڈی ٹی وی‘، ’نیٹ ورک 18‘، ’زی میڈیا‘، ’اے بی پی‘ اور ’بینیٹ کولمین‘ جیسے 21 ممتاز خبری اداروں کی نمائندگی کرتی ہے—نے ڈی پی ڈی پی ایکٹ اور ’ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن رولز‘ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
اپنی درخواست میں ایسوسی ایشن نے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ قانون صحافت یا میڈیا کے لیے کوئی مخصوص چھوٹ (Exemption) فراہم نہیں کرتا، جس کی وجہ سے رپورٹنگ کے دوران صحافیوں کی ذاتی معلومات جمع کرنے اور انہیں استعمال کرنے کی صلاحیت محدود ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ، اس قانون کے باعث شہریوں کے حقِ معلومات (RTI Act) کے کمزور ہونے پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اس درخواست پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے والوں میں ان بڑے تجارتی گھرانوں کے میڈیا ادارے بھی شامل ہیں جنہیں عام طور پر حکومت کا حامی سمجھا جاتا ہے۔ اب سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ وہ میڈیا ادارے، جو اکثر حکومت کی پالیسیوں کی حمایت میں سرگرم رہتے ہیں، آخر کیوں نالاں ہیں؟ دراصل اب خود ان اداروں کو بھی یہ خوف ستانے لگا ہے کہ نئے قوانین کے نفاذ سے ان کی اپنی آزادانہ صحافتی سرگرمیاں اور بقا بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
اگرچہ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و تکنالوجی اشونی ویشنو یقین دلا رہے ہیں کہ میڈیا کی آزادی متاثر نہیں ہو گی اور ضرورت پڑنے پر حکومت استثنا بھی دے سکتی ہے، تاہم گزشتہ 12 برسوں کے تجربات انتہائی تلخ رہے ہیں۔ حکومت جس بات کی تردید کرتی ہے، اکثر اسی کو عملی جامہ پہناتی ہے۔ گزشتہ 12 برسوں میں بھارت کی صحافت کی عالمی درجہ بندی میں گراوٹ آئی ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی قوانین کے ذریعے میٹا پر دباؤ ڈال کر حکومت مخالف رپورٹوں کو حذف کرانے کی کارروائی میں بھی تیزی آئی ہے۔ صورتِ حال اس قدر خراب ہے کہ پوسٹس حذف کرنے کا عمل کسی واضح اور معقول بنیاد پر نہیں ہوتا، بلکہ اے آئی کی مدد سے مخصوص اکاؤنٹس اور مخصوص الفاظ کوڈ کر کے اکاؤنٹس بند کیے جا رہے ہیں۔
’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق، 2026 کے ابتدائی پانچ ماہ میں تقریباً 2 لاکھ پوسٹس حذف کی گئیں۔ ان میں سے نصف سے زیادہ کے لیے انسٹاگرام کو احکامات بھیجے گئے، جو احتجاج کے اظہار کا ایک اہم پلیٹ فارم تھا۔ ’سہیوگ‘ (Sahyog) کے اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر 2024 سے 2025 کے دوران روزانہ اوسطاً چھ مواد ہٹانے کے احکامات جاری کیے گئے۔ مارچ سے جولائی 2026 کے درمیان حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو ہر منٹ میں ایک بلاکنگ آرڈر (مواد روکنے کا حکم) بھیجا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس عرصے میں دہلی کے جنتر منتر پر امتحانی پرچوں کے افشا کے خلاف طلبہ کا احتجاج بھی شامل تھا، جو جون کے اوائل میں شروع ہوا اور اس وقت کے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد 25 جولائی کو ختم ہوا۔ اس طرح اوسطاً ہر 68 سیکنڈ میں ایک بلاکنگ آرڈر، روزانہ تقریباً 1,275 احکامات اور صرف پانچ مہینوں میں تقریباً 1.95 لاکھ پوسٹس حذف کی گئیں۔
سہیوگ پورٹل سرکاری ایجنسیوں اور پولیس کی درخواستوں کو آن لائن پلیٹ فارمز تک پہنچاتا ہے۔ اس کے ناقدین سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا یہ طریقۂ کار افسران کو رسمی بلاکنگ آرڈرز کے لیے ضروری تحفظات کے بغیر مواد ہٹانے کی اجازت دیتا ہے؟ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے اس پورٹل کو کرناٹک ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسے ’’سنسرشپ پورٹل‘‘ قرار دیا تھا۔ کمپنی نے موقف اختیار کیا کہ آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 79(3)(b) بذاتِ خود حکام کو مواد بلاک کرنے کا اختیار نہیں دیتی۔ ایکس کی عدالت میں پیش کردہ دستاویزات کے مطابق، وزارتِ داخلہ، دفاع، ریلوے اور مالیات کے افسران کے ساتھ ساتھ 30 سے زائد ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی پولیس کو بھی نوٹس بھیجنے کا مجاز بنایا گیا تھا۔ مرکز نے سہیوگ پورٹل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک انتظامی ٹول ہے، جو نہ تو مواد ہٹانا لازمی بناتا ہے اور نہ ہی کوئی جرمانہ عائد کرتا ہے۔
بھارت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی پوسٹس پر کس بڑے پیمانے پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، اس کا اندازہ ان اعداد و شمار سے لگایا جا سکتا ہے۔ ایس ایف ایل سی ڈاٹ اِن (SFLC.in) کے ’فری اسپیچ ٹریکرنے 30 اکتوبر کی اپنی رپورٹ سے قبل کے 29 دنوں میں مواد اور اکاؤنٹس پر پابندیوں کے 351 واقعات ریکارڈ کیے۔ ان میں سے 23 واقعات کا تعلق سیکشن 79(3)(b) کے تحت قانونی درخواستوں سے تھا، جبکہ 11 واقعات آئی ٹی رولز کے رول 4(4) کے تحت کی گئی درخواستوں سے متعلق تھے۔ اس کی ہیلپ لائن ’رائٹس لائن‘کو بھی گزشتہ ماہ مواد پر پابندیوں سے متعلق 28 شکایات موصول ہوئیں۔ انٹرنیٹ فریڈم کی رپورٹ کے مطابق، اسے گزشتہ ماہ انسٹاگرام کے ان صارفین کی جانب سے مفت قانونی معاونت کی 67 درخواستیں موصول ہوئیں جو پابندیوں کا سامنا کر رہے تھے۔
انگریزی اخبار ’دی ہندو‘ کے ذرائع کے مطابق، دہلی پولیس نے تین ماہ کے عرصے میں مواد ہٹانے کی تقریباً 300 درخواستیں جاری کیں، جن میں سے زیادہ تر پر متعلقہ پلیٹ فارمز نے عمل درآمد کیا۔ ’اے بی سی نیوز‘نے ’دی انڈین ایکسپریسکا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ مرکزی حکومت نے مارچ اور جولائی 2026 کے درمیان انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب سے تقریباً 1,95,000 پوسٹس ہٹانے کا حکم دیا۔ یہ اعداد و شمار مختلف حکام، مختلف ادوار اور مختلف قسم کی درخواستوں پر محیط ہیں۔
یہی صورتِ حال ہے جس کے پیشِ نظر ڈی پی ڈی پی ایکٹ کو لے کر اب وہ میڈیا ادارے بھی تشویش میں مبتلا ہیں جو ماضی میں حکومت کی حمایت کرتے رہے ہیں اور پوری قوت کے ساتھ اس کے ساتھ کھڑے نظر آتے تھے۔
ڈی پی ڈی پی ایکٹ کیا ہے اور اسے کیوں نافذ کیا گیا؟
ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ جسے مختصراً ڈی پی ڈی پی ایکٹ 2023 کہا جاتا ہے، اگست 2023 میں نافذ کیا گیا تھا۔ اس قانون کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل ذرائع سے حاصل کیے جانے والے شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے استعمال، ذخیرہ کرنے اور اس کی حفاظت کے لیے ایک قانونی نظام قائم کرنا ہے۔ اس قانون کے تحت مرکزی حکومت نے نومبر 2025 میں متعلقہ قواعد و ضوابط بھی نوٹیفائی کیے۔
آسان الفاظ میں، یہ قانون اس بات کا تعین کرتا ہے کہ کوئی سرکاری یا نجی ادارہ جب کسی شخص کی ذاتی معلومات جمع کرتا ہے تو اسے ان معلومات کو کن اصولوں کے تحت استعمال کرنا، محفوظ رکھنا اور ضرورت پڑنے پر حذف کرنا ہوگا۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کسی فرد کی ذاتی معلومات اس کی مرضی اور قانون میں طے شدہ شرائط کے بغیر غیر ضروری طور پر استعمال نہ کی جائیں۔
قانون میں دو اہم اصطلاحات استعمال کی گئی ہیں۔ اول، ڈیٹا فیڈوشری اس سے مراد وہ ادارہ یا شخص ہے جو یہ طے کرتا ہے کہ کسی فرد کا ذاتی ڈیٹا کس مقصد کے لیے اور کس طریقے سے استعمال یا پروسیس کیا جائے گا۔ مثال کے طور پر، کوئی بینک، موبائل کمپنی، آن لائن خریداری کا پلیٹ فارم یا سرکاری ادارہ، جو صارفین کی ذاتی معلومات جمع کرتا اور استعمال کرتا ہے، ڈیٹا فیڈوشری کہلا سکتا ہے۔
دوم، ڈیٹا پرنسپل۔ اس اصطلاح سے مراد وہ فرد ہے جس کی ذاتی معلومات جمع کی جاتی ہیں یا استعمال کی جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی شخص کسی موبائل ایپ پر اپنا نام، فون نمبر، ای میل یا دیگر ذاتی معلومات فراہم کرتا ہے تو وہ اس ڈیٹا کا ڈیٹا پرنسپل ہوگا۔
اس قانون کے تحت ڈیٹا جمع کرنے والے اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ متعلقہ افراد کو واضح طور پر بتائیں کہ ان کا کون سا ذاتی ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے، اسے جمع کرنے کا مقصد کیا ہے اور اسے کس طرح استعمال کیا جائے گا۔
قانون کے تحت بیشتر معاملات میں ذاتی ڈیٹا کو پروسیس کرنے سے پہلے متعلقہ فرد کی رضامندی حاصل کرنا ضروری ہے۔ یہ رضامندی واضح، مخصوص اور باخبر ہونی چاہیے۔ یعنی کسی شخص سے اس کی معلومات استعمال کرنے کی اجازت لیتے وقت اسے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کس مقصد کے لیے اپنی معلومات فراہم کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ، افراد کو اپنی رضامندی واپس لینے کا حق بھی حاصل ہے۔ وہ قانون میں مقررہ شرائط کے تابع اپنے ذاتی ڈیٹا کی تصحیح، تکمیل یا اسے حذف کرنے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔ انہیں اپنے ڈیٹا کے استعمال سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور قانون کے مطابق شکایت درج کرانے کے حقوق بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، ڈیٹا فیڈوشری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذاتی معلومات کو غیر مجاز رسائی، افشا، چوری یا دیگر حفاظتی خطرات سے بچانے کے لیے مناسب انتظامات کرے۔ اگر ڈیٹا کی خلاف ورزی یا چوری کا واقعہ پیش آتا ہے تو قانون اور قواعد کے مطابق متعلقہ افراد اور مجاز اداروں کو اس کی اطلاع دینا بھی ضروری ہوگا۔
قانون کب مکمل طور پر نافذ ہوگا؟
ڈی پی ڈی پی قواعد 2025 میں قانون کے نفاذ کے لیے مرحلہ وار نظام اختیار کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ قانون کی تمام دفعات اور ذمہ داریاں ایک ہی وقت میں نافذ نہیں ہوں گی۔ کچھ انتظامی اور ادارہ جاتی دفعات فوری یا ابتدائی مرحلے میں نافذ ہوں گی، جبکہ ذاتی ڈیٹا کی پروسیسنگ سے متعلق متعدد اہم ذمہ داریاں قواعد کی نوٹیفکیشن کے 18 ماہ بعد نافذ العمل ہوں گی۔
اس طرح ڈیٹا جمع کرنے والے اداروں کو اپنے نظام، پالیسیوں اور حفاظتی انتظامات کو نئے قانونی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے وقت دیا گیا ہے۔
ڈی پی ڈی پی ایکٹ: کیا ذاتی معلومات کے تحفظ کے نام پر صحافتی آزادی محدود ہو سکتی ہے؟
ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن (DPDP) ایکٹ 2023 کے ذریعے حکومت یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس قانون کا بنیادی مقصد شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کی حفاظت اور ان معلومات کو جمع کرنے یا استعمال کرنے والے اداروں کی جواب دہی طے کرنا ہے۔ لیکن اس قانون کی بعض دفعات نے میڈیا اداروں اور صحافتی تنظیموں کے درمیان تشویش پیدا کر دی ہے۔ ان کا خدشہ ہے کہ اگر اس قانون کو صحافتی سرگرمیوں پر بھی اسی طرح نافذ کیا گیا جس طرح تجارتی اور کاروباری اداروں پر ہوتا ہے تو تحقیقاتی صحافت اور عوامی مفاد میں کی جانے والی رپورٹنگ متاثر ہو سکتی ہے۔
تحقیقاتی صحافت کے لیے سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
صحافیوں کو کئی مرتبہ کسی معاملے کی تحقیقات کے دوران متعلقہ شخص کو پہلے سے اطلاع دیے بغیر اس کی ذاتی معلومات جمع اور استعمال کرنا پڑتی ہیں۔ خاص طور پر جب کسی سرکاری افسر، عوامی عہدے دار، کمپنی یا مشتبہ شخص کے مالی معاملات، اثاثوں یا ممکنہ بدعنوانی کی تحقیقات کی جا رہی ہوں۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی صحافی کسی سرکاری افسر کے اثاثوں یا مالی لین دین کی تحقیقات کر رہا ہے تو اسے مختلف دستاویزات، مالی ریکارڈ اور دیگر متعلقہ معلومات حاصل کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اگر ہر مرتبہ یہ معلومات جمع کرنے سے پہلے متعلقہ شخص کو اطلاع دینا یا اس کی رضامندی حاصل کرنا ضروری ہو تو تحقیقات متاثر ہو سکتی ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ متعلقہ شخص کو پہلے ہی خبر ہو سکتی ہے کہ اس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ ایسی صورت میں وہ اہم دستاویزات ضائع کر سکتا ہے، ثبوت مٹا سکتا ہے یا گواہوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ نتیجتاً صحافی کے لیے سچائی تک پہنچنا مشکل ہو سکتا ہے۔
ڈی این پی اے کا موقف ہے کہ قانون میں نوٹس اور رضامندی سے متعلق شرائط صحافیوں کے معلومات جمع کرنے اور انہیں عوام کے سامنے لانے کے عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ خاص طور پر فوری اور وقت کے لحاظ سے حساس خبروں کی رپورٹنگ مشکل ہو سکتی ہے، کیونکہ صحافی ہر خبر شائع کرنے سے پہلے متعلقہ افراد سے اجازت حاصل کرنے کے پابند ہو سکتے ہیں۔
کیا کوئی شخص اپنی معلومات حذف کروا کر خبر بھی ہٹوا سکتا ہے؟
اس قانون سے متعلق ایک اور اہم تشویش شہریوں کو حاصل ہونے والے دو حقوق سے جڑی ہے: اپنی رضامندی واپس لینے اور اپنے ذاتی ڈیٹا کو حذف کروانے کی درخواست دینے کا حق۔
درخواست گزاروں کا خدشہ ہے کہ ان حقوق کا غلط استعمال کرتے ہوئے نیوز اداروں پر دباؤ ڈالا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹس اور ڈیجیٹل ریکارڈ سے ایسی خبریں یا رپورٹس ہٹا دیں جو متعلقہ افراد کے خلاف ہوں، خواہ وہ خبریں درست اور عوامی مفاد کے لیے اہم ہی کیوں نہ ہوں۔
مثال کے طور پر، اگر کسی سیاست دان، سرکاری افسر یا کاروباری شخصیت کے خلاف بدعنوانی سے متعلق کوئی مستند تحقیقاتی رپورٹ شائع ہوئی ہے تو متعلقہ شخص اپنے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کا حوالہ دے کر اس رپورٹ میں موجود معلومات حذف کرنے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔
درخواست گزاروں کے مطابق، اس طرح قانون کا استعمال سچی خبروں کو دبانے یا صحافتی اداروں کے ڈیجیٹل ریکارڈ کو متاثر کرنے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے ان کا مطالبہ ہے کہ قانون میں تجارتی مقاصد کے لیے ذاتی ڈیٹا کے استعمال اور عوامی مفاد میں کی جانے والی صحافت کے درمیان واضح فرق قائم کیا جائے۔
آر ٹی آئی قانون میں ترمیم: عوام کو سرکاری معلومات ملنا مشکل ہوگا؟
ڈی این پی اے نے ڈی پی ڈی پی ایکٹ کی دفعہ 44(3) کے ذریعے حقِ اطلاعات (RTI) ایکٹ 2005 میں کی گئی ترمیم کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
آر ٹی آئی قانون شہریوں کو سرکاری محکموں اور اداروں سے معلومات حاصل کرنے کا حق دیتا ہے۔ اس کے ذریعے صحافی اور عام شہری حکومتی فیصلوں، سرکاری اخراجات، انتظامی کارروائیوں اور عوامی عہدے داروں کی کارکردگی سے متعلق معلومات حاصل کرتے ہیں۔ تاہم، اس قانون میں کچھ معلومات، خصوصاً ذاتی نوعیت کی معلومات، کو عام کرنے سے استثنا حاصل تھا۔
ڈی پی ڈی پی ایکٹ میں ترمیم سے پہلے آر ٹی آئی قانون کی دفعہ 8(1)(j) کے تحت ذاتی معلومات ظاہر کرنے کی اجازت اس صورت میں دی جا سکتی تھی جب افشا کرنے کا عوامی مفاد، متعلقہ فرد کی رازداری کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے زیادہ ہو۔ یعنی اگر کسی شخص کی ذاتی معلومات سامنے لانے سے کسی بڑے عوامی مفاد کا تحفظ ہوتا تھا تو ان کے افشا کرنے کی گنجائش موجود تھی۔
لیکن نئی ترمیم کے بعد اس دفعہ کی عبارت تبدیل کر دی گئی ہے اور اس میں عوامی مفاد کی بنیاد پر معلومات ظاہر کرنے کی سابقہ صریح گنجائش ختم ہو گئی ہے۔
ڈی این پی اے کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے شہریوں اور صحافیوں کے لیے سرکاری اداروں سے ایسی معلومات حاصل کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے جو بظاہر ذاتی نوعیت کی ہوں، لیکن درحقیقت عوامی اہمیت رکھتی ہوں۔
مثال کے طور پر، کسی سرکاری افسر کے مفادات کے ٹکراؤ، سرکاری عہدے کے ممکنہ غلط استعمال یا عوامی وسائل کے استعمال سے متعلق معلومات کو محض ذاتی معلومات قرار دے کر چھپایا جا سکتا ہے۔ اس طرح حکومت اور عوامی عہدے داروں کی جواب دہی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
کیا حکومت صحافیوں کے ذرائع کی شناخت معلوم کر سکتی ہے؟
ڈی این پی اے نے ڈی پی ڈی پی ایکٹ کی دفعہ 36 کے تحت مرکزی حکومت کو حاصل اختیارات پر بھی اعتراض کیا ہے۔ اس دفعہ کے تحت حکومت مخصوص مقاصد کے لیے کسی ڈیٹا فیڈوشری یا ثالثی خدمات فراہم کرنے والے ادارے (Intermediary) سے معلومات طلب کر سکتی ہے۔
درخواست گزاروں کو خدشہ ہے کہ اگر ان اختیارات کے استعمال پر مناسب قانونی پابندیاں اور تحفظات موجود نہ ہوں تو حکومت نیوز اداروں سے ایسی معلومات بھی طلب کر سکتی ہے جن سے ان کے صحافتی ذرائع کی شناخت ظاہر ہو جائے۔
تحقیقاتی صحافت میں صحافی اکثر ایسے افراد پر انحصار کرتے ہیں جو بدعنوانی، سرکاری بے ضابطگیوں یا کمپنیوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں اندرونی معلومات فراہم کرتے ہیں۔ انہیں عام طور پر مخبر (Whistleblowers) کہا جاتا ہے۔
اگر ان افراد کی شناخت ظاہر ہونے کا خطرہ پیدا ہو جائے تو وہ صحافیوں کو معلومات فراہم کرنے سے گریز کر سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف تحقیقاتی صحافت متاثر ہوگی بلکہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کو سامنے لانے کا عمل بھی کمزور پڑ سکتا ہے۔
دفعہ 37: کیا حکومت معلومات کی اشاعت روک سکتی ہے؟
ڈی پی ڈی پی ایکٹ کی دفعہ 37 بھی متنازع ہے۔ اس کے تحت مرکزی حکومت کو مخصوص حالات میں ڈیٹا فیڈوشری کے خلاف کارروائی اور عوام کی مخصوص معلومات یا مواد تک رسائی محدود کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ ڈی این پی اے کو خدشہ ہے کہ ان اختیارات کے ذریعے نیوز ویب سائٹس اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر موجود مواد کی رسائی روکی جا سکتی ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق، واضح حدود، شفاف طریقۂ کار اور مؤثر عدالتی نگرانی نہ ہونے سے خبروں کی اشاعت، معلومات کی آزادانہ ترسیل اور صحافتی آزادی متاثر ہو سکتی ہے۔
ڈی این پی اے کی درخواست پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں بنچ نے شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ اور میڈیا کی تحقیقاتی و رپورٹنگ کی آزادی کے درمیان توازن کی ضرورت پر زور دیا۔ عدالت نے نیوز پبلشرز سے مناسب تحفظات اور تجاویز پیش کرنے کو کہا، تاکہ صحافتی سرگرمیاں غیر ضروری قانونی رکاوٹوں سے محفوظ رہیں اور شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کا حق بھی برقرار رہے۔ اگلی سماعت 17 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔ عدالت نے فی الحال نہ چیلنج شدہ دفعات کو غیر آئینی قرار دیا ہے اور نہ ہی ان کے نفاذ پر عبوری پابندی لگائی ہے۔
ڈی این پی اے نے ڈی پی ڈی پی ایکٹ کی دفعات 7، 17(2)، 18، 19، 27، 29، 36، 37 اور 44(3)، ڈی پی ڈی پی قواعد 2025 کے قواعد 16، 17 اور 23، نیز آر ٹی آئی ایکٹ کی ترمیم شدہ دفعہ 8(1)(j) کو چیلنج کیا ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق، ان سے آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق، بالخصوص اظہارِ رائے، پیشہ اختیار کرنے کی آزادی اور مساوات کے حق کی خلاف ورزی کا خدشہ ہے۔
اس تنازع کا بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے لیے ایسا قانون بنایا جا سکتا ہے جو عوامی مفاد میں معلومات جمع کرنے اور سامنے لانے والے صحافیوں کے کام میں رکاوٹ بنے؟ بلاشبہ ہر شہری کو اپنی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کا حق حاصل ہے اور صحافت کے نام پر ان میں غیر ضروری مداخلت درست نہیں۔ تاہم صحافیوں کو بھی عوامی اہمیت کے معاملات کی تحقیقات، حکومتی و انتظامی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کرنے اور طاقت ور افراد کو جواب دہ بنانے کی آزادی ملنی چاہیے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ذاتی معلومات کے تحفظ اور عوام کے جاننے کے حق میں منصفانہ توازن قائم ہو۔ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت یہ معاملہ محض میڈیا اداروں کے مفادات کا نہیں، بلکہ عام شہریوں کے حقِ اطلاعات، جمہوری جواب دہی اور آزاد صحافت کے مستقبل سے بھی جڑا ہے۔
ڈیٹا کے تحفظ کی آڑ میں آزادیِ صحافت پر قدغن؟

’ڈی پی ڈی پی ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج، صحافتی آزادی اور عوام کا حقِ اطلاعات موضوع بحث

